کراچی — نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پانچویں اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں 6 وکٹ سے شکست دے کر پانچ میچز پر مشتمل سیریز دو دو سے برابر کر لی۔ مہمان ٹیم کی جانب سے مارک چیپمین نے ناقابل شکست 104 رنز کی اننگز کھیلی اور پلیئر آف دی میچ کے ساتھ ساتھ پلیئر آف دی سیریز بھی رہے۔
نیوزی لینڈ کو سیریز کے پہلے دو میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد انہوں نے سیریز میں کم بیک کرتے ہوئے پہلے تیسرے میچ میں چار رنز سے گرین شرٹس کو ہرایا، اور اس کے بعد آخری میچ میں پاکستانی بالرز کو بے بس کرتے ہوئے چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹ پر 193 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں کیویز نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی دوسری گیند پر چار وکٹ کے نقصان پر ہی حاصل کرلیا۔ سیریز کا چوتھا میچ موسم کی خرابی کی وجہ سے مکمل نہ ہونے کی وجہ سے کوئی بھی ٹیم سیریز جیت نہیں سکی۔
پانچ میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز ڈرا ہونے کے بعد اب دونوں ٹیموں کی توجہ ون ڈے انٹرنیشنل سیریز پر مرکوز ہوں گی جس کا آغاز 27 اپریل سے ہو رہا ہے۔ پہلے دو میچ 27 اور 29 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جس کے بعد کراچی میں 3، 5 اور 7 مئی کو باقی تین میچز کھیلے جائیں گے۔
یہ مسلسل دوسری ٹی ٹوئنٹی سیریز ہے جس میں پاکستان ٹیم فتح یاب نہ ہوسکی۔ گزشتہ ماہ افغانستان کے خلاف شاداب خان کی قیادت میں قومی ٹیم کو پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز میں شکست ہوئی تھی، جب کہ بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کی واپسی کے باوجود کیویز یہ سیریز دو دو سے برابر کرنے میں کامیاب ہوئے۔
Series tied! An unbeaten century (104*) for Mark Chapman leading the team to a memorable victory in Rawalpindi! @JimmyNeesh (45*) playing the supporting act in a 121-run match-winning partnership. Catch up on all scores | https://t.co/LQYprxuVsa #PAKvNZ pic.twitter.com/uGxzxFxb1Y
— BLACKCAPS (@BLACKCAPS) April 24, 2023