اسپورٹس

‘پہلے کچھ دن تمام پی ایس ایل ترانے برے لیکن بعد میں اچھے لگتے ہیں’

Written by ceditor

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کا آفیشل ترانہ ریلیز ہوتے ہی وائرل ہو گیا ہے۔ نہ صرف اس گانے کے ذریعے گلوکار علی ظفر کی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں واپسی ہوئی بلکہ سوشل میڈیا صارفین نے اسے اچھے ترانوں میں سے ایک قرار دیا ہے۔ – کراچی

کھل کے کھیل ‘نامی اس ترانے کی ویڈیو میں علی ظفر کے ساتھ گلوکارہ آئمہ بیگ بھی موجود ہیں۔ مجموعی طور پر یہ علی ظفرکا چوتھا آفیشل پی ایس ایل ترانہ ہے۔ تاہم 2018 کے بعد یہ ان کا پہلا پی ایس ایل ترانہ ہے۔

علی ظفر نے پہلے تین پی ایس ایل ایڈیشن کے ترانے گائے تھے جنہیں شائقین نے کافی پسند کیا تھا۔ ان کا پہلا ترانہ ’اب کھیل کے دکھا’ سن 2016 میں ریلیز ہوا تھا جب کہ انہوں نے دوسرا ترانہ 2017 میں’اب کھیل جمے گا‘ پیش کیا تھا۔

ایک سال بعد ریلیز ہونے والا ان کا ترانہ ‘دل سے جان لگا دے’ بھی کافی مقبول ہوا تھا جس کے بعد جنسی ہراسانی کے کیس میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کی وجہ سے پی ایس ایل انتظامیہ نے ان سے قطع تعلق کر لیا تھا۔ لیکن اب پانچ سال کے بعد ان کی واپسی ‘کھل کے کھیل’ کے ذریعے ہوئی ہے۔

سن 2019 سے 2023 کے درمیان پی ایس ایل انتظامیہ نے فواد خان، عاطف اسلم، عارف لوہار، علی عظمت، ہارون اور نصیبو لعل سمیت کئی گلوکاروں کو آزمایا۔ لیکن مبصرین کی رائے میں علی ظفر کے ترانے ‘کھیل جمے گا’ سے بہتر کوئی ترانہ پیش نہیں ہوا۔

ان تمام گانوں پر شائقین کا ملا جلا ردِعمل دیکھنے میں آیا تھا، البتہ علی ظفر کے پی ایس ایل 9 کے آفیشل ترانے پر زیادہ تر مثبت ردِعمل ہی سامنے آرہا ہے۔

اسپورٹس صحافی رضوان علی نے گانا ریلیز ہوتے ہی پوسٹ بھی کیا اور ساتھ ہی ساتھ اس کی شاعری، موسیقی اور علی ظفر کی گائیگی کی تعریف کی۔

اسپورٹس براڈ کاسٹر احمر نجیب ستی نے بھی اس ترانے کو انرجی سے بھرپور ہونے کی وجہ سے خوب سراہا۔

ایک اور صحافی مزمل آصف کے خیال میں علی ظفر نے اس گانے کےذریعے پی ایس ایل میں شان دار کم بیک کیا ہے۔

صحافی مہوش اعجاز اور فلمی نقاد طلحہ جنید نے بھی ‘کھل کے کھیل’ کی تعریف کرتے ہوئے اسے سوشل میڈیا پر شئیر کیا۔

سوشل میڈیا صارف ہارون نے ترانے کو سراہتے ہوئے پیش گوئی کی کہ اسٹیڈیم میں جب یہ بجے گا تو اس سے ماحول مزید اچھا ہو جائے گا۔

جہاں سوشل میڈیا پر اس ترانے کی تعریف ہورہی ہے وہیں کئی افراد کو یہ پسند نہیں آرہا ہے۔ علیشا عمران نامی صارف نے اسے دس میں سے چھ نمبر دے کر کہا کہ انہیں علی ظفر سے بہتر ترانے کی امید تھی۔

بابر اعظم آرمی نامی اکاؤنٹ نے اس ترانے کے ریلیز ہوتے ہی اعلان کردیا کہ علی ظفر کا ‘کھیل جمے گا ‘ اب بھی پی ایس ایل کا بہترین ترانہ ہے۔

ذیشان نامی صارف کے خیال میں علی ظفر ترانہ گانے کے بجائے نظم سنا رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ یہ ترانہ اوسط درجے سے بھی نیچے ہے، لیکن عوام اس کی تعریف میں آسمان و زمین ایک کر دے گی۔

عالیان نامی صارف کے خیال میں پہلے کچھ دن تمام ہی پی ایس ایل ترانے برے لگتے ہیں لیکن بعد میں بہت اچھے لگنے لگتے ہیں۔

شجاع اعظمی نے مبینہ طور پر ہراسانی میں ملوث ہونے والے گلوکار کی پی ایس ایل میں واپسی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ترانے سے خواتین کے حقوق کے لیے لڑنے والوں کی کوششوں کو دھچکا لگے گا۔

عمیر علوی – امریکا کی آواز

About the author

ceditor