اسپورٹس

بھارت کے خلاف ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں 10 وکٹیں لینے والے اعجاز پٹیل کون ہیں؟

Written by Omair Alavi

ممبئی ٹیسٹ کے دوران وکٹ نے اعجاز پٹیل کی مدد کی اور انہوں نے بھارت کے کپتان ویرات کوہلی سمیت تمام کھلاڑیوں کو اپنی جادوئی بالنگ سے پریشان رکھا۔

کراچی — 

بھارت میں ویسے تو ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم کو مقامی کرکٹرز کا پسندیدہ گراؤنڈ کہا جاتا ہے البتہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں موجود بھارتی نژاد اسپنر نے اس گراؤنڈ میں سب کو حیران کر دیا ہے۔

لیفٹ آرم اسپنر اعجاز پٹیل نے کیویز کی جانب سے ٹیسٹ میں بالنگ کرتے ہوئے بھارت کی ٹیم کے 10 کے 10 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج کر ریکارڈ بک میں جگہ بنا لی ہے۔

وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے تیسرے اور نیوزی لینڈ کے پہلے بالر بن گئے ہیں۔

اس سے قبل انگلینڈ کے جم لیکر نے 1956 میں کھیلی جانے والی ایشز سیریز کے دوران ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں آسٹریلیا کے 10 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے ریکارڈ بنایا تھا۔

بھارت کے انیل کمبلے 1999 میں پاکستان کے 10 بلے بازوں کو ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں آؤٹ کر کے یہ اعزاز حاصل کرنے والے دوسرے بالر بن گئے تھے۔

ایک میچ میں سب سے زیادہ 19 وکٹیں لینے کا ریکارڈ اب بھی جم لیکر کے پاس ہے۔

انگلش آف اسپنر نے ایک اننگز میں 10 وکٹوں والے کارنامے سے قبل پہلی اننگز میں نو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا اور یوں مانچسٹر میں 19 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کا ایک ایسا ریکارڈ بنایا جو آج بھی قائم ہے۔

انیل کمبلے نے جم لیکر کا ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ وکٹوں کا کارنامہ دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں 1999 میں برابر کیا تھا۔

اس ٹیسٹ سریز میں اس میچ سے قبل پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل تھی البتہ انیل کمبلے کی بالنگ کی وجہ سے پاکستان کو میچ میں شکست ہوئی اور میزبان ٹیم ایک عرصے کے بعد ہونے والی سیریز برابر کرنے میں کامیاب رہی۔

اعجاز پٹیل کون ہیں؟

نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ ممبئی میں جاری ہے۔

اسی شہر میں پیدا ہونے والے اعجاز پٹیل اپنے کیرئیر کا 11واں ٹیسٹ میچ کھیل رہے تھے۔ اس میچ سے قبل انہوں نے 10 میچز میں 29 وکٹیں حاصل کی تھیں جس میں انہوں نے ایک اننگز میں پانچ وکٹوں کا کارنامہ دو مرتبہ انجام دیا۔

ممبئی ٹیسٹ کے دوران وکٹ نے اعجاز پٹیل کی مدد کی اور انہوں نے بھارت کے کپتان ویرات کوہلی سمیت تمام کھلاڑیوں کو اپنی جادوئی بالنگ سے پریشان رکھا۔ 150 رنز کی اننگز کھیلنے والے مایانک اگروال سے لے کر صفر پر آؤٹ ہونے والے آر ایشون، کسی کے پاس بھی اعجاز پٹیل کی بالنگ کا توڑ نہیں تھا۔

اعجاز پٹیل نے میچ کے پہلے دن چار اور میچ کے دوسرے دن چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے سب کو حیران کردیا۔

آٹھ سال کی عمر تک اعجاز پٹیل اپنے والدین کے ساتھ ممبئی ہی میں پلے بڑھے اور اس لیے اس گراؤنڈ پر ان کی کارکردگی خاص نظر آئی۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ اعجاز پٹیل نے نیوزی لینڈ نقل مکانی کر جانے کے بعد باقاعدہ کرکٹ کھیلنی شروع کی۔

آغاز میں وہ ایک لیفٹ آرم فاسٹ بالر تھے جنہوں نے بعد میں اسپن بالنگ کے شعبے میں طبع آزمائی کی جو ان کے کام آئی۔

اعجاز پٹیل سے قبل ایک اننگز میں دس وکٹیں حاصل کرنے والے انیل کمبلے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے ذریعے انہیں مبارک باد دیتے ہوئے ‘پرفیکٹ ٹین کلب’ میں خوش آمدید کہا۔

معروف کرکٹ کمنٹیٹر اور سابق ویسٹ انڈین کرکٹر این بشپ نے بھی اعجاز پٹیل کی اس پرفارمنس پر سوشل میڈیا پر بیان میں ان کی تعریف کی۔

سابق پاکستانی کرکٹر بازید خان سمیت کئی لوگوں نے اس ریکارڈ ساز کارکردگی پر اعجاز پٹیل کو خوب سرایا۔

Omair Alavi – BOL News

About the author

Omair Alavi

عمیر علوی ایک بہت معزز صحافی، تنقید کار اور تبصرہ نگار ہیں جو خبروں، کھیلوں، شوبز، فلم، بلاگ، مضامین، ڈرامہ، جائزوں اور پی ٹی وی ڈرامہ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وسیع تجربے اور داستان سوزی کی خصوصیت کے ساتھ، وہ اپنے دلچسپ تجزیوں اور دلکش تقریروں کے ذریعے حاضرین کو مسحور کرتے ہیں۔ ان کی ماہری اور تعاون نے انہیں میڈیا اور تفریحی صنعت کا اہم شخصیت بنا دیا ہے۔