کراچی —
کرونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران سنیما دیکھنے والوں نے فلم بینی کی پیاس کو ‘نیٹ فلکس’ اور دیگر آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے بجھایا ہے۔ لیکن اس دوران نشر ہونے والے بعض پروگراموں نے تنازعات کو بھی جنم دیا۔
نیٹ فلکس کی سیریز ‘دی کراؤن’ کے حال ہی میں پیش کیے جانے والے چوتھے سیزن نے برطانیہ میں تنازع کھڑا کر دیا ہے۔ بعض افراد کے بقول سیریز میں برطانوی تاریخ کو مسخ کر کے پیش کیا گیا جو کئی لوگوں کے لیے قابلِ قبول نہیں۔
اسی وجہ سے برطانوی حکومت نے نیٹ فلکس حکام سے درخواست کی کہ وہ ‘دی کراؤن’ کے آغاز میں ایک ایسا ڈسکلیمر یا انتباہ شامل کریں جس سے شائقین کو معلوم ہو کہ جو کچھ اسکرین پر دکھایا جا رہا ہے وہ فکشن (افسانہ) ہے اور اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
امریکی اسٹریمنگ ویب سائٹ نے فکشن قرار دینے کا برطانوی حکومت کا مطالبہ مسترد کر دیا جس سے دنیا بھر کے شائقین میں اس خبر کے بعد مزید تجسس پیدا ہو گیا ہے کہ آخر ‘دی کراؤن’ میں ایسا کیا ہے جس پر برطانوی حکومت کو اعتراض ہے۔
‘دی کراؤن’ سیریز میں متنازع کیا ہے؟
‘دی کراؤن’ سیریز موجودہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی زندگی کے گرد گھومتی ہے۔ اس سیریز کے اب تک دس دس اقساط ہر مبنی چار سیزن آ چکے ہیں۔ پہلا سیزن 2016 میں ریلیز کیا گیا تھا جو اُن کی جوانی، شادی اور تخت سنبھالنے تک کے عرصے کی عکاسی کر رہا تھا جب کہ دوسرا سیزن 2017 اور تیسرا 2019 میں ریلیز کیا گیا جن میں کہانی کو مزید آگے بڑھایا گیا۔
سیریز کا دوسرا سیزن 1956 سے 1963 تک اور تیسرا سیزن 1964 سے 1977 تک کے عرصے کے واقعات کے گرد گھومتا ہے۔
چوتھے سیزن میں 1977 سے لے کر 1990 تک کا وہ دور دکھایا گیا جس میں نہ صرف لارڈ ماؤنٹ بیٹن کی موت واقع ہوئی بلکہ برطانیہ کے ولی عہد کی شادی خوابوں کی شہزادی سے ہوئی۔
ویب سیریز کا چوتھا سیزن 15 نومبر کو ریلیز ہوا جو اس وقت تک کا سب سے متنازع سیزن ہے۔ یہ سیزن متنازع کیوں نہ ہو؟ شہزادی ڈیانا اور شہزادہ چارلس کے گرد گھومنے والی ہر کہانی، ہر کتاب اور ہر ڈاکومینٹری تنازعات سے ہی تو بھری ہوتی ہے۔
اسی سیزن میں برطانیہ کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم مارگریٹ تھیچر کا بھی کردار شامل کیا گیا ہے جو ناقدین کے بقول اپنے بعض سخت گیر فیصلوں کی وجہ سے کافی متنازع رہی تھیں۔
کیا ‘دی کراؤن’ سے پہلے کبھی کچھ ایسا نہیں دکھایا گیا؟
یہ پہلا موقع نہیں جب برطانوی شاہی خاندان کو عوام کے سامنے متنازع انداز میں پیش کیا گیا ہو۔ سال 2006 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘دی کوئین’ میں بھی ملکہ الزبتھ دوئم کو ایک سخت ماں اور ساس کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔
معروف اداکارہ ہیلن میرن نے اس فلم میں ملکہ برطانیہ کا کردار نبھایا تھا اور اس فلم میں انہیں شاندار کارکردگی پر بہترین اداکارہ کا اکیڈمی ایوارڈ ملا۔ اس فلم کو پیٹر مورگن نے لکھا تھا جو ‘دی کراؤن’ کے خالق بھی ہیں۔
Diana, Princess of Wales and Prince Charles stand in front of Uluru, formerly known as Ayers Rock, during their tour of Australia in March 1983. pic.twitter.com/3Gq4QU55ra
— The Crown (@TheCrownNetflix) November 27, 2020