اسپورٹس

سال 2024 میں اسپورٹس کے بڑے ایونٹس کب اور کہاں منعقد ہوں گے؟

Written by ceditor

کراچی —سال 2023 میں جہاں کرکٹ ورلڈ کپ، ہاکی ورلڈ کپ اور ایشین گیمز کا انعقاد ہوا وہیں نئے سال یعنی 2024 میں بھی ایسے ہی کئی ایونٹس منعقد ہوں گے جس میں دنیا بھر کے ایتھلیٹس اپنے اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔

رواں برس امریکہ میں پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ کا انعقاد ہو گا جب کہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ریکارڈ تیسری بار اولمپک گیمز کا میلہ سجے گا جس میں دنیا کے ایتھلیٹس شرکت کریں گے۔

فٹ بال کے شائقین کے لیے بھی ایک اچھی خبر یہ ہے کہ سال کے پہلے سات مہینوں میں تین مختلف فٹ بال ایونٹس متعدد برِاعظموں میں کھیلے جائیں گے۔

سن 2023 میں 37 سالہ ٹینس لیجنڈ رافیل نڈال اس سیزن ریٹائرمنٹ کا عندیہ دے چکے ہیں جب کہ انٹرنیشنل سرکٹ 2024 پرتگال کے 38 سالہ کرسٹیانو رونالڈو کا آخری سال ہوسکتا ہے۔

چلیں جانتے ہیں کہ آئندہ 12 مہینوں کے دوران ہونے والے اسپورٹس ایونٹس کب اور کہاں کھیلے جائیں گے اور اس میں ممکنہ طور پر کون کون سے ریکارڈ بننے کا امکان ہے۔

پیرس کی میزبانی میں اولمپک اور پیرالمپک گیمز کا انعقاد

سال 2024 میں 26 جولائی سے 11 اگست کے درمیان فرانس کے شہر پیرس میں اولمپک گیمز کا انعقاد ہو گا جس میں دنیا بھر سے ایتھلیٹس شرکت کریں گے۔

اس ایونٹ کی میزبانی کے بعد پیرس اولمپک کی تیسری بار میزبانی کرنے والے ملکوں میں شامل ہو جائے گا۔ پیرس کے علاوہ برطانیہ کے شہر لندن کو بھی تین مرتبہ اولمپک کی میزبانی ملی ہے۔

گزشتہ اولمپک گیمز کرونا کی وجہ سے ایک سال تاخیر سے 2021 میں جاپان کے شہر ٹوکیو میں ہوئے تھے جب کہ اس بار ایونٹ وقت پر ہونے کا امکان ہے۔پیرس اس سے قبل 1900 اور 1924 میں اولمپکس کی میزبانی کر چکا ہے۔

اولمپکس کے بعد پیرس میں ہی 28 اگست سے آٹھ ستمبر کے دوران پیرالمپکس کا میلہ بھی سجے گا

امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا میلہ سجے گا

سال 2024 فٹ بال کے مداحوں کے لیے مصروف ترین ہوگا۔ 13 جنوری سے 11 فروری تک افریقہ کی بہترین ٹیمیں ‘افریکن کپ آف نیشنز’ میں آئیوری کوسٹ کے میدانوں میں مدِمقابل ہوں گی۔

بیس جون سے 14 جولائی تک فٹ بال چیمپئن شپ ‘کوپا امریکہ’ میں امریکی ٹیمیں ایک دوسرے کا سامنا کریں گے۔

لیکن شائقینِ فٹ بال کو سب سے زیادہ جس ایونٹ کا انتظار ہے وہ ‘یورو 2024’ ہے جس میں یورپ کے بہترین کھلاڑی اپنے اپنے ممالک کی نمائندگی کریں گے۔
چودہ جون سے 14 جولائی کے درمیان ہونے والے اس ایونٹ کی میزبانی جرمنی کرے گا جس میں ایم باپے، کرسٹیانو رونالڈو، کریم بنزیما، ہیری کین اور مارکس رشفرڈ جیسے کھلاڑی شرکت کریں گے۔

امکان ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو اس ایونٹ کے بعد انٹرنیشنل فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیں گے اور لیگ فٹ بال میں بطور کھلاڑی اپنے آخری ایام گزاریں گے۔

نواک جوکووچ ٹینس گرینڈ سلیم ریکارڈ بنانے سے ایک ٹائٹل دور

گزشتہ سال چار میں سے تین گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیت کر سربیا کے نواک جوکووچ نے سب سے زیادہ گرینڈ سلیم جیتنے کا ریکارڈ تو اپنے نام کیا تھا ہی اس کے علاوہ انہوں نے 24 گرینڈ سلیم جیت کر آسٹریلیا کی خاتون کھلاڑی مارگریٹ کورٹ کا ریکارڈ بھی برابر کای تھا۔

دوسری پوزیشن پر موجود رافیل نڈال سے مینز گرینڈ سلیم میں دو ٹائٹل آگے ہیں۔ مزید ایک ٹائٹل کے بعد سربین اسٹار دنیائے ٹینس میں سب سے زیادہ گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے والے کھلاڑی بن جائیں گے۔

اس سے قبل کوئی بھی مرد یا عورت ٹینس کھلاڑی 25 سنگلز گرینڈ سلیم ٹائٹل نہیں جیت سکا ہے۔ مارگریٹ کورٹ نے 24 گرینڈ سلیم کا ریکارڈ 1960 سے 1973 کے درمیان قائم کیا تھا۔

حال ہی میں انجری سے کم بیک کرنے والے اسپین کے رافیل نڈال نے یہ ریکارڈ 23 گرینڈ سلیم جیت کر 2022 میں بنایا تھا۔

سال کا پہلا گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن 14 جنوری، دوسرا گرینڈ سلیم فرینچ اوپن 26 مئی، تیسرا ومبلڈن یکم جولائی اور چوتھا اور آخری یو ایس اوپن 26 اگست سے کھیلا جائے گا۔

گزشتہ برس ومبلڈن کے علاوہ باقی تمام گرینڈ سلیم جوکووچ نے جیتے تھے۔ ومبلڈن کے فائنل میں انہیں اسپین کے کارلوس ایلکراز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

رواں برس جہاں اسپورٹس شائقین کو ‘فارمولا ون’ کے مقابلے بھی دیکھنے کو ملیں گے وہیں ‘موٹو جی پی’ اور ‘ٹور ڈی فرانس’ جیسے ایونٹس بھی منعقد ہوں گے۔

مداح پُرامید ہیں کہ ان کے پسندیدہ کھلاڑی سال کے دوران وہ ریکارڈ بنائیں جو وہ 2023 میں نہیں بنا سکے۔

عمیر علوی – امریکا کی آواز

About the author

ceditor