اسپورٹس

خواتین کے عالمی دن پر نمائشی کرکٹ میچ ‘سپر ویمن’ کے نام

Written by Omair Alavi

کراچی

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) سیزن آٹھ میں ہونے والے پہلے ویمن نمائشی میچ میں ندا ڈار کی قیادت میں سپر ویمن نے بسمہ معروف کی ایمیزونز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے تین میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں حال ہی میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی قیادت سے دستبردار ہونے والی بسمہ معروف کی ٹیم ایمیزونزنے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نو وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے۔ حریف ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے تین وکٹیں حاصل کی۔

ایمیزونز کی جانب سے عالیہ ریاض نے سب سے زیادہ 38رنز اسکور کیے۔

133 رنز ہدف کے تعاقب میں سپر ویمن کی ٹیم کی پلیئر منیبہ علی اور چماری اٹھاپھٹو نے جارحانہ آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں39 رنز جوڑے۔منیبہ علی نے 27 گیندوں پر 33 جب کہ چماری اٹھاپھٹو نے13 گیندوں پر 23 رنز اسکور کیے۔

ان کے بعد جنوبی افریقی بلے باز لاؤراوولوارڈٹ کی36 گیندوں پر 53 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت ندا ڈار کی ٹیم نے ہدف 16ویں اوورز میں پورا کرلیا۔

سپر ویمن کی کپتان ندا ڈار نے 21 گیندوں پر 23 رنز اسکور کیے اور وہ ناٹ آؤٹ رہیں۔

تین میچز پر مشتمل نمائشی سیریز میں دنیا بھر کی بہترین ویمن کرکٹرز شریک ہیں۔ پی سی بی نے 18، 18 کھلاڑیوں پر مشتمل ایمیزونز اور سپرویمن نامی دو ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ 10 غیرملکی کھلاڑی ان ٹیمز کا حصہ ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ بدھ کو ویمن ڈے کی مناسبت سے رکھا گیا تھا۔ دیگر دو میچز 10 اور 11 مارچ کو راولپنڈی میں ہی کھیلے جائیں گے۔

پہلے نمائشی میچ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد کو مقامی کرکٹرز کے لیےخوش آئند قرار دیا ۔ان کے خیال میں انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئرکرنے سے پاکستان کی ویمن کرکٹرز کو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔

اسی نمائشی سیریز کے حوالے سے اسپورٹس پریزینٹر ایرن ہالینڈ کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں انہوں نے ان میچز کے انعقاد کو سراہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اس تاریخی میچ کو ویمن ڈے پر اسی لیے رکھاگیا تاکہ ستمبر میں ہونے والی ویمن کرکٹ لیگ سے قبل ان کرکٹرز کو پاکستان لاکر بتایا جائے کہ کرکٹ کے لیے ساز گارملک ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر اس میچ کے حوالے سے مختلف رائے دیکھنے میں آرہی ہے۔

صحافی ذیشان قیوم نے میچ کے دن ہونے والے جشن کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں میچ میں کمنٹری کرنے والی عروج ممتاز، ایرن ہالینڈ اور سیریز میں شریک کھلاڑیوں کو کیک کاٹتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

سابق کپتان عروج ممتاز خان نے بھی اس میچ میں کمنٹری کرنے والی تمام خواتین کا ایک گروپ فوٹو لگایا جس میں مرینہ اقبال اور ثنا میر کے ساتھ ساتھ زینب عباس کو بھی کھڑے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ٹوئٹر صارف سدرش خان نے اس سیریز کے انعقاد پر دنیا بھر کی خواتین کو ویمن ڈے کی مبارکباد دیتے ہوئے دونوں کپتانوں کے ساتھ ایک یادگار تصویر شیئر کی۔

ادھر صحافی شاکر عباسی نے میچ میں تماشائیوں کی کمی پر پی سی بی پر تنقید کی۔ ان کے خیال میں اگر بہتر انداز میں اس میچ کو پلان کیا جاتا تو زیادہ لوگ اسے دیکھنے آتے۔


سپر ویمن کی کپتان ندا ڈار کو اس میچ میں آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ سیریز کے باقی دونوں میچوں میںلاؤراوولوارڈٹ کی جگہ جنوبی افریقی کپتان سونے لوس لیں گی۔

About the author

Omair Alavi

عمیر علوی ایک بہت معزز صحافی، تنقید کار اور تبصرہ نگار ہیں جو خبروں، کھیلوں، شوبز، فلم، بلاگ، مضامین، ڈرامہ، جائزوں اور پی ٹی وی ڈرامہ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وسیع تجربے اور داستان سوزی کی خصوصیت کے ساتھ، وہ اپنے دلچسپ تجزیوں اور دلکش تقریروں کے ذریعے حاضرین کو مسحور کرتے ہیں۔ ان کی ماہری اور تعاون نے انہیں میڈیا اور تفریحی صنعت کا اہم شخصیت بنا دیا ہے۔