کراچی —
سن 2021 ختم ہونے کو ہے لیکن یہ سال اپنے ساتھ کئی ایسی یادیں لے جا رہا ہے جو اسپورٹس فینز کو آنے والے کئی برسوں تک یاد رہیں گی۔
رواں سال کرکٹ میں تو قومی ٹیم کی کارکردگی شان دار رہی ہی لیکن اولمپکس مقابلوں میں بھی تمغہ نہ جیتنے کے باوجود کئی پاکستانی ایتھلیٹس نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سینچری کی بات ہو، کپتان بابر اعظم کی عمدہ کپتانی، طلحہٰ طالب کی اولمپک گیمز میں کارکردگی ہو یا پھر اسنوکر کے سب سے بڑے ایونٹ کے فائنل تک بابر مسیح کی رسائی، گزشتہ 12 ماہ میں کھیلوں کی دنیا میں پاکستانیوں نے خوب نام کمایا۔
آئیے ان ٹاپ 10 کھلاڑیوں پر نظر ڈالتے ہیں جنہوں نے 2021 کو اپنے اور اپنے ہم وطنوں کے لیے یادگار بنایا۔
سال 2021 محمد رضوان کے نام
بابر اعظم کی انجری کے سبب ٹیسٹ کپتانی سے سال کا آغاز کرنے والے پاکستانی وکٹ کیپر محمد رضوان کے لیے 2021 یادگار رہا۔ اس سال کو محمد رضوان کا سال کہا جائے تو غلط نہیں ہو گا کیوں کہ انہوں نے رواں سال کھیل سے جڑا تقریباً ہر ریکارڈ اپنے نام کیا۔
رضوان نے نہ صرف اس سال ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ کرکٹ میں سینچری بنائی بلکہ وہ تینوں فارمیٹس میں ایسا کرنے والے پاکستان کے پہلے اور دنیا کے صرف دوسرے وکٹ کیپر بن گئے۔
ان سے قبل دنیائے کرکٹ میں صرف ایک وکٹ کیپر، نیوزی لینڈ کے برینڈن میکولم ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سینچری بنانے میں کامیاب ہوئے تھے۔
اور صرف یہی نہیں، محمد رضوان نے سال کا اختتام سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی رنز (2036 رنز) بنا کر کیا جس میں انٹرنیشنل مقابلوں کے ساتھ ساتھ فرنچائز اور ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے رنز بھی شامل ہیں جب کہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کے کلینڈر ایئر میں بھی وہ سب سے زیادہ رنز (1326) بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔
اس سال انہوں نے اپنے کپتان بابر اعظم کے ساتھ پاکستان ٹیم کی اننگ کا آغاز کرتے ہوئے چھ مرتبہ 100 رنز سے زائد کی شراکت قائم کی جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارت کے روہت شرما اور کے ایل راہول کے پاس تھا جنہوں نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے پانچ مرتبہ سینچری سے زائد کی شراکت قائم کی تھی۔
ایک سال میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بھی محمد رضوان نے اپنے نام کیا۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں انہوں نے 42 چھکے مار کر مارٹن گپٹل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا جنہوں نے اسی سال 41 بار گیند کو سیدھا باؤنڈری سے باہر پھینکا تھا۔
سال بھر میں رضوان کے مجموعی چوکوں کی تعداد بھی 100 سے زائد رہی جو ایک اور ریکارڈ ہے۔ اسی کارکردگی کی وجہ سے وہ سال کا اختتام آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں تیسری پوزیشن پر کر رہے ہیں۔
Pakistan fans will remember 2021 as the "Mohammad Rizwan year”
— ESPNcricinfo (@ESPNcricinfo) December 18, 2021![]()
What a player! pic.twitter.com/QvHlJbPQwY