اسپورٹس

انگلینڈ کو ون ڈے ورلڈ کپ کا فاتح بنوانے والے کپتان اوئن مورگن انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر

Written by Omair Alavi

انگلینڈ نے اوئن مورگن کی قیادت میں ہی پہلے مرتبہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

کراچی — 

انگلینڈ کو ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کا پہلی بار فاتح بنانے والے کپتان اوئن مورگن نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔35 سالہ کھلاڑی نے مسلسل انجریز اور ناقص فارم سے تنگ آکر یہ فیصلہ کیا ہے۔

منگل کو جاری کردہ ایک بیان میں اوئن مورگن نے کہا کہ انہوں نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کافی سوچ بچار کے بعد کیا ہے۔

اوئن مورگن بطور کپتان اپنے سات سالہ دور قیادت میں انگلش ٹیم کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کو آئی سی سی ورلڈ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن تک لے گئے تھے۔

انگلینڈ نے انہی کی قیادت میں 2019 کا ورلڈ کپ جیتا تھاجب کہ بطور کھلاڑی وہ 2010 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنےوالی انگلش ٹیم کے رکن بھی تھے۔

اوئن مورگن کی قیادت میں انگلینڈ نے 126 میں سے 76 ون ڈے انٹرنیشنل میچز جیتے جب کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں انہوں نے انگلینڈ کی 72میچز میں نمائندگی کی جس میں 42 میں انہیں کامیابی حاصل ہوئی۔

آئرلینڈ کی نمائندگی سے انگلینڈ کے کپتان تک کا سفر

اوئن مورگن نے اپنے انٹرنیشنل کریئرکا آغاز سن 2006 میں آئرلینڈ کی جانب سے کیا تھا۔ ورلڈ کپ 2007 کے اس میچ میں بھی وہ اس آئرش ٹیم کا حصہ تھے جس میں پاکستان کوشکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تاہم 24 ون ڈے انٹرنیشنل میں آئرلینڈ کی نمائندگی کرنے کے بعد مورگن اپنی برطانوی والدہ کی وجہ سے انگلینڈ کے لیے کھیلنے کے اہل ہوئے اور 2009 میں انہوں نے پہلی مرتبہ انگلینڈ کی نمائندگی کی۔

سال 2010 سے 2012 کے درمیان وہ انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کا بھی حصہ رہے، تاہم 2012 کے بعد سے انہوں نے صرف انگلینڈ کی وائٹ بال کرکٹ میں نمائندگی کی۔

انگلینڈ نے 2019 کے کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں اوئن مورگن کی قیادت میں نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی۔

انگلینڈ نے 2019 کے کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں اوئن مورگن کی قیادت میں نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی۔

انہیں 2015 کے کرکٹ ورلڈ کپ سے دو ماہ قبل انگلش وائٹ بال ٹیم کی قیادت ملی تھی ۔ اپنے پہلے ہی امتحان میں وہ زیادہ متاثر نہیں کرسکے تھے لیکن صرف چار سال کے دوران انہوں نے انگلش کرکٹ ٹیم کو ان بلندیوں پر پہنچا دیا جہاں ان سے قبل کوئی بھی انگلش کپتان نہیں پہنچ سکا تھا۔

سال 2019 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں انہوں نے انگلینڈ کو نہ صرف فائنل تک پہنچایا بلکہ ٹائٹل میچ میں ہوم کراؤڈ کے سامنے نیوزی لینڈ کو شکست دینے میں کامیاب بھی ہوئے۔

انہیں ان کی جارح مزاجی اور دانش مند فیصلوں کی وجہ سے وائٹ بال کرکٹ میں انگلینڈ کا کامیاب ترین کرکٹر مانا جاتا ہے۔

سب سے زیادہ میچز جیتے، سب سے زیادہ چھکے مارے

اوئن مورگن نے انگلینڈ کے لیے 13 برس کے دوران 225 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز میں 6957 رنز بنائے جو انگلینڈ کا ون ڈے ریکارڈ ہے۔

انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں انگلینڈ کے لیے 13 سینچریاں اسکور کیں، جو سابق کپتان جو روٹ کی 16 سینچریوں کے بعد کسی بھی انگلش بلے باز کی سب سے زیادہ سینچریاں ہیں۔

اسی طرح ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی ان کے 115 میچز میں 2458 رنز سے زیادہ کسی اور انگلش بلے باز نے رنز نہیں کیے۔

وہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں انگلینڈ کے لیے سب سے زیادہ چھکے مارنے والے کھلاڑی تو ہیں ہی (ون ڈے انٹرنیشنل میں 202چھکے، ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 120 چھکے)، ون ڈے کرکٹ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ 17 چھکوں کا ورلڈ ریکارڈ بھی انہی کے پاس ہے۔

انہوں نے اپنے کریئر کے آغاز میں 16 ٹیسٹ میچز میں بھی انگلینڈ کی نمائندگی کی جس میں 2 سینچریوں کی مدد سے 700 رنز اسکور کیے۔

دنیائے کرکٹ کا دلیر کپتا ن

مورگن کاشمار ان کپتانوں میں ہوتا ہے جو ٹیم کی خاطر ہر طرح کا فیصلہ لینے کو تیار ہوجاتے تھے، چاہے وہ اپنے آپ کو ہی کسی میچ میں باہر بٹھانے کا فیصلہ کیوں نہ ہو۔

ان کی قیادت میں انگلینڈ کی ٹیم نے ایک نہیں، دو نہیں بلکہ تین مرتبہ ایک ہی ون ڈے اننگز میں 440 سے زائد رنز اسکور کیے، اس وقت دنیائے کرکٹ کی تینوں بڑی ون ڈے اننگز کا ریکارڈ انگلینڈ کے پاس ہی ہے۔

حال ہی میں نیدرلینڈ کے خلاف ون ڈے میچ میں جب انگلینڈ نے چاروکٹ پر 498 رنز بنائے، تو اس وقت بھی مورگن ہی انگلینڈ کے کپتان تھے۔

انگلینڈ کی جانب سے بطور کپتان ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ نو سینچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی ان کے پاس ہے۔ 2018 سے 2022 کے دورا ن ون ڈے کرکٹ میں انگلینڈ کی جانب سے تیزترین نصف سینچری کے ریکارڈ کے مالک بھی وہی تھے۔

لیکن ان کی وہ اننگز جس کی وجہ سے انہیں لمبے عرصے تک یاد رکھا جائے گا وہ انہوں نے 2019 میں افغانستان کے خلاف ورلڈ کپ کے دوران کھیلی۔اس اننگز میں انہوں نے 17 چھکوں کی مدد سے صرف 71 گیندوں پر 148 رنز بنائے تھے جو آج بھی ایک ریکارڈ ہے۔

انہی کی قیادت میں انگلینڈ کی ٹیم نے سب سے زیادہ آٹھ مرتبہ ون ڈے میچز میں 300 سے زائد رنز کے ہدف کا کامیابی سے تعاقب کیا۔ان کا شمار کرکٹ کے بہترین فیلڈرز میں بھی ہوتا تھا اور وہ وائٹ بال کرکٹ میں 130 سے زائد کیچز کے ساتھ نمایاں رہے۔

مورگن کی ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر ‘تھینک یو مورگز ‘ اور ‘ہیپی ریٹائرمنٹ’ کا ہیش ٹیگ وائرل ہوگیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ، انگلش کرکٹ بورڈ اور مبصرین کے ساتھ ساتھ موجودہ اور سابق کرکٹرز نے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔

آئی سی سی نے ایک کامیاب کریئر کے بعد ریٹائرمنٹ پر مورگن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔کرکٹ کا بائبل سمجھے جانے والے وزڈن نے بھی ان کی تینوں فارمیٹس میں کارکردگی کو نمایاں کرکے پیش کیا۔

انگلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم کے مینجنگ ڈائریکٹر اور سابق ٹیسٹ کرکٹ روب کی نے مورگن کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف انگلینڈ کو ورلڈ کپ جتوانے والے کپتان ہی نہیں تھے بلکہ انگلینڈ کو دنیا کی بہترین ٹیم بنانے کا سہرا بھی انہی کے سر جاتا ہے۔

وائٹ بال کرکٹ میں انگلینڈ کے وکٹ کیپر اور اوئن مورگن کے نائب رہنے والے جوس بٹلر نے بھی اپنے سابق قائد کو شاندار اندازمیں خراج تحسین پیش کیا۔

سابق بھارتی کپتان اور جارح مزاج بلے باز سچن ٹنڈولکر نے بھی ایک کامیاب کریئر پر مورگن کو مبارک باد دی۔جب کہ سابق انگلش کپتان اور مبصر مائیکل ایتھرٹن نے انگلینڈ کی ون ڈے ٹیم کی کامیابی کا ذمہ دار مورگن کو قرار دیا۔

Omair Alavi – BOL News

About the author

Omair Alavi

عمیر علوی ایک بہت معزز صحافی، تنقید کار اور تبصرہ نگار ہیں جو خبروں، کھیلوں، شوبز، فلم، بلاگ، مضامین، ڈرامہ، جائزوں اور پی ٹی وی ڈرامہ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وسیع تجربے اور داستان سوزی کی خصوصیت کے ساتھ، وہ اپنے دلچسپ تجزیوں اور دلکش تقریروں کے ذریعے حاضرین کو مسحور کرتے ہیں۔ ان کی ماہری اور تعاون نے انہیں میڈیا اور تفریحی صنعت کا اہم شخصیت بنا دیا ہے۔