خبریں فلمی جائزے

ہالی ووڈ اداکار کرسچن اولیور بیٹیوں سمیت طیارہ حادثے میں ہلاک

Written by ceditor

کراچی —’اسپیڈ ریسر’، ‘دی گڈ جرمن’ اور ‘ریڈی اور ناٹ’ جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے ہالی وڈ اداکار  کرسچن اولیور ایک طیارہ حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں

جمعے کو کیربیئن جزیرے سینٹ لوشیا کے قریب سمندر میں گر کر تباہ ہونے والے جہاز میں 51 سالہ اداکار کے ساتھ ان کی دو بیٹیاں اور پائلٹ بھی موجود تھے۔

کرسچن اولیور ایک فور سیٹر طیارے میں بیٹیوں 10 سالہ مدیٹا اور 12 سالہ اینِک کے ہمراہ سینٹ ونسنٹ سے سینٹ لوشیا جا رہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق کریش کی وجہ جہاز میں فنی خرابی ہو سکتی ہے کیوں کہ کنٹرول ٹاور سے آخری گفتگو میں پائلٹ نے ٹیک آف کے بعد واپس مڑنے کا عندیہ دیا تھا۔

سینٹ ونسنٹ اور گرینا ڈینز کی پولیس کے مطابق سینٹ لوشیا کی جانب جاتے ہوئے جہاز بیکویا نامی جزیرے کے قریب گر کر تباہ ہوا، البتہ جہاز گرنے کی وجوہات کا ابھی تک حتمی تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔

مقامی کوسٹ گارڈز کا کہنا تھا کہ رابرٹ نامی پائلٹ بھی اس حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ ہلاک شدگان کی لاشیں طیارہ تباہ ہونے کے کچھ دیر بعد ہی مقامی غوطہ خوروں اور ماہی گیروں کی مدد سے نکال لی گئی تھیں۔

کرسچن اولیور جن کا اصل نام کرسچن کلیپسر تھا، تین مارچ 1972 کو مغربی جرمنی کی ریاست لوئر سیکسنی میں پیدا ہوئے تھے، نوے کی دہائی میں وہ ماڈلنگ کے شعبے سے شوبز میں داخل ہوئے اور بعد میں اداکاری سے بھی وابستہ ہو گئے۔

انہوں نے جارج کلونی، ایل پچینو اور ٹام کروز جیسے اداکاروں کے ساتھ فلموں اور ٹی وی شوز میں کام کیا، 2008 میں ان کی دو فلمیں ‘اسپیڈ ریسر’ اور ‘دی گڈ جرمن’ ریلیز ہوئی تھیں جس میں ان کی اداکاری کو کافی سراہا گیا تھا۔

نوے کی دہائی میں وہ سیوڈ بائی دی بیل، دی نیو کلاس نامی ٹی وی سیریز کا حصہ تھے جب کہ حال ہی میں انہوں نے ایمیزون پرائم کی سیریز ‘دی ہنٹرز’ میں ایل پچینو کے کردار کم عمری کا کردار ادا کیا تھا۔

سن 2002 سے 2004 تک نشر ہونے والی جرمن سیریز ‘الارم فور کوبرا الیون’ میں انہوں نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ انہیں جرمنی سے تعلق رکھنے کی وجہ سے فلموں اور ٹی وی شوز میں زیادہ تر جرمن کرداروں میں ہی کاسٹ کیا جاتا تھا۔

دی میٹریکس سیریز کے خالق واچوسکیز کے ساتھ انہوں نے اسپیڈ ریسر کے ساتھ ساتھ ٹی وی شو ‘سینس ایٹ’ میں بھی کام کیا جب کہ کئی فلموں میں بھی انہوں نے اہم کردار ادا کیے۔

گزشتہ سال ریلیز ہونے والی انڈیانا جونز سیریز کی پانچویں فلم ان کی آخری بڑی ریلیز تھی، انہوں نے سوگواروں میں سابق اہلیہ جسیکا مزور چھوڑی ہیں جن کو انہوں نے 2021 میں طلاق دے دی تھی۔

عمیر علوی – امریکا کی آواز

About the author

ceditor