فلمیں

کرسمس پر رومانس، ایکشن اور کامیڈی سے بھرپور 10 مزیدار ہالی وڈ فلمیں

Written by Omair Alavi

کراچی — 

دنیا بھر میں اس وقت مسیحی برادری کے مذہبی تہوار کرسمس کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ کوئی اپنے گھروں کی سجاوٹ میں مشغول ہے تو کچھ اپنے پیاروں کو خوش کرنے کے لیے تحفے تحائف خرید رہے ہیں۔

کرسمس اور نئے سال کے استقبال کے لیے دنیا بھر میں لوگ اپنے کام سے چھٹیاں لے کر ان تہواروں کو انجوائے کرتے ہیں۔

کرسمس پر کچھ افراد اپنے دوستوں اور رشتے داروں کو گھروں پر دعوت دیتے ہیں اور مل جل کر تہوار مناتے ہیں۔ لیکن کچھ لوگ لوگ ایسے بھی ہیں جو اپنے گھروں میں رہ کر مزیدار فلمیں دیکھ کر چھٹی مناتے ہیں۔

ہالی وڈ کی دنیا بھی کرسمس کی چکاچوند سے بھری پڑی ہے اور ایسی کئی فلمیں ہیں جن کی کہانی کرسمس کے گرد گھومتی ہے۔

ان فلموں میں زیادہ تر یا تو رومانس سے بھرپور ہوتی ہیں یا پھر ان میں کوئی ڈرامائی عنصر ہوتا ہے جس کا کوئی سرا کرسمس سے ملتا ہے۔

رواں برس کرسمس کے موقع پر ہم ایکشن، ڈرامہ، رومانس اور کامیڈی سے بھرپور 10 ایسی ہی ہالی وڈ فلموں کی بات کریں گے جو آپ کے کرسمس کا مزہ دوبالا کر سکتی ہیں۔

1۔ دی کرسمس کرونیکلز

آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس کی آمد کے بعد کرسمس سے متعلق کئی فلمیں اور ٹی وی شوز اس پلیٹ فارم کی زینت بن چکے ہیں۔ البتہ 2008 میں اداکار کرٹ رسل کی کامیڈی اور فیملی فلم ‘دی کرسمس کرونیکلز’ کو خوب پذیرائی ملی۔

فلم کی کہانی ایک سینٹا کلاز کے گرد گھومتی ہے جو سواری خراب ہو جانے کی وجہ سے پریشانی کا شکار ہوتا ہے۔

اداکار کرٹ رسل کو سینٹاکلاز کے روپ میں دیکھنا ان کے چاہنے والوں کے لیے کافی حیران کن تھا کیوں کہ وہ زیادہ تر ایک ایکشن ہیرو کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

دو برس بعد اس فلم کا سیکویل بھی نیٹ فلکس پر ریلیز ہوا لیکن وہ زیادہ کامیاب نہ ہو سکا۔

2۔ ڈیڈیز ہوم ٹو

‘ڈیڈیز ہوم’ فرنچائر کی پہلی فلم کا کرسمس سے کوئی تعلق نہیں تھا لیکن ان کی دوسری فلم ‘ڈیڈیز ہوم 2’ کرسمس کے گرد گھومتی ہے۔

سن 2017 میں ریلیز ہونے والی فلم میں ول فیرل اور مارک والبرگ نے ایک ہی خاتون کے دو شوہروں کا کردار نبھایا یعنی ایک سابق اور ایک موجودہ شوہر۔

اس فلم میں ان دونوں ‘ڈیڈیز’ کے لیے اس وقت مشکل پیدا ہوتی ہے جب ان دونوں کے اپنے والد کرسمس منانے ان کے گھر آتے ہیں۔

فلم میں اداکارہ لنڈا کارڈینیلی کی موجودگی نے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔

3۔ دی ہالی ڈے

کرسمس پر دنیا بھر میں لوگ اپنے گھر والوں کے ساتھ چھٹیاں گزارنے کا پلان بناتے ہیں۔ لیکن 2006 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘دی ہالی ڈے’ میں دکھایا گیا ہے کہ لندن میں رہنے والی آئرس اور لاس اینجلس میں مقیم امینڈا اپنی زندگیوں سے تنگ آ کر ایک دوسرے کے گھروں میں دو ہفتے گزارنے کا منصوبہ بناتی ہیں۔

اس فلم میں دکھایا گیا ہے کہ کیسے ان دونوں خواتین کی قسمت بدلتی ہے اور ایک دوسرے کے گھروں میں رہنے کی وجہ سے انہیں وہ جیون ساتھی بھی مل جاتا ہے جس کی انہیں تلاش تھی۔

نینسی مایئرز کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں ‘ٹائی ٹینک’ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ کیٹ ونسلیٹ اور معروف اداکارہ کیمرون ڈیاز کے ساتھ جیک بلیک، جیوڈ لا اور ایلائی والک بھی شامل تھے۔

اس فلم نے شائقین کے دل تو جیتے ہی لیکن ساتھ ہی باکس آفس پر راج کیا۔

4۔ ایلف

امریکی اداکار ول فیرل نے جہاں فلموں میں ایسے کردار ادا کیے جو لوگوں کو ہنساتے تھے وہیں انہوں نے 2003 میں جان فیورو کی اس فلم میں ایک ایسے شخص کا کردار ادا کیا جو پیدا تو انسانوں کی دنیا میں ہوتا ہے لیکن اس کی پرورش نارتھ پول میں موجود ایلوز (غیر مرئی قوتوں) نے کی ہوتی ہے۔

جب سینٹاکلاز ول فیرل کے کردار ‘بڈی دی ایلف’ کو بتاتے ہیں کہ اس کے حقیقی والد زندہ ہیں اور مشکل میں ہیں تو بڈی انہیں تلاش کرتا ہوا نیو یارک پہنچ جاتا ہے۔ لیکن نہ تو اس کے والد اسے پہچانتے ہیں اور نہ ہی اسے کوئی نارمل انسان سمجھتا ہے۔

اس فلم کی کہانی میں بھی کرسمس کا ذکر ہے۔ جب سینٹاکلاز کی سواری نیویارک کے مشہور سینٹرل پارک میں پھنس جاتی ہے تو بڈی اور اس کے دوست ہی اسے وہاں سے بھگانے میں کامیاب ہوتے ہیں اور ان کی ‘کرسمس اسپرٹ’ سینٹاکلاز کے کام آتی ہے۔

5۔ دی فیملی مین

ہدایت کار بریٹ ریٹنر کی فلم میں اداکار نکولس کیج نے ایک ایسے وال اسٹریٹ ایگزیکٹو کا کردار ادا کیا ہے جس کے پاس پیسہ، شہرت اور عزت تو ہے لیکن وہ اپنا جیون ساتھی کہیں پیچھے چھوڑ آیا ہے۔

سن 2000 میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں دکھایا گیا ہے کہ اس شخص کی زندگی میں اس وقت ایک بھونچال آتا ہے جب کرسمس پر اس کی ایک اجنبی سے ملاقات ہوتی ہے۔

بعد ازاں اسے اندازہ ہوتا ہے کہ اگر وہ اپنی زندگی کے فیصلے دماغ کے بجائے دل سے کرتا تو بہت اچھا ہوتا۔

6۔ جِنگل آل دی وے

ایکشن ہیرو آرنلڈ شورٹ سنیگر کو جہاں فلم بین ان کی مار دھاڑ سے بھرپور فلموں کی وجہ سے جانتے ہیں، وہیں ان کی کامیڈی فلموں کا بھی چرچا ہوتا ہے۔ سن 1996 میں ریلیز ہونے والی یہ فلم آرنلڈ شورٹ سنیگر کی پہلی کامیڈی فلم نہیں تھی۔

اس فلم میں انہوں نے ایک ایسے سیلزمین کا کردار ادا کیا تھا جو اپنے مصروف شیڈول کی وجہ سے اپنے بیٹے کو ہر بار مایوس کرتا ہے۔ اور وہ اپنے ناراض بیٹے سے وعدہ کرتا ہے کہ وہ اسے کرسمس پر اس کا پسندیدہ کھلونا ‘ٹربومین’ لا کر دے گا۔

فلم ‘جِنگل آل دی وے’ کی ریلیز کے وقت تو آرنلڈ شورٹ سنیگر کی مزاحیہ اداکاری پر سب ہی حیران تھے لیکن آج 25 برس گزر جانے کے باوجود یہ فلم لوگوں کو یاد ہے۔

7۔ وائل یو ور سلیپنگ

سن 1995 میں ریلیز ہونے والی رومانوی کامیڈی فلم میں سارا ایکشن ہی کرسمس کے دن ہوا جب لوسی، پیٹر نامی ایک ایسے اجنبی کی جان بچاتی ہے جس سے وہ چھپ کر پیار کرتی ہے۔

کہانی میں اس وقت ایک نیا موڑ آتا ہے جب پیٹر کوما میں چلا جاتا ہے اور اس کے گھر والے یہ سمجھ بیٹھتے ہیں کہ لوسی ان کے بیٹے کی منگیتر ہے اور وہ اسے اپنے گھر اور دل میں جگہ دے دیتے ہیں۔

ایسے میں لوسی کو پیٹر کے بھائی جیک سے محبت ہو جاتی ہے اور وہ اس شش و پنج میں مبتلا ہو جاتی ہے کہ کس سے محبت کرے۔

8۔ دی سینٹاکلاز

ہالی وڈ میں کرسمس فلم میں جہاں ہر سینٹاکلاز کو زندگی سے بھرپور کردار کے طور پر پیش کیا جاتا ہے وہیں ایک کرسمس فلم ایسی بھی ہے جس میں سینٹا ایک حادثے کا شکار ہو کر مر جاتا ہے اور جو شخص ان کا چھوڑا ہوا لباس پہنتا ہے اسے سینٹاکلاز کی ذمہ داریاں نبھانا پڑتی ہیں۔

سن 1994 میں ریلیز ہونے والی فلم میں اداکار ٹم ایلن نے ایک ایسے شخص کا کردار ادا کیا ہے جس کی چھت سے گر کر سینٹا کی موت واقع ہو جاتی ہے اور جب وہ اپنے بیٹے کو بہلانے کے لیے سینٹا کا سوٹ پہنتا ہے تو وہ خود ہی سینٹاکلاز بن جاتا ہے۔

لیکن اس کی سابقہ اہلیہ اور ان کے شوہر اسے سینٹا نہیں مانتے لیکن علاقے کے بچے انہیں سینٹاکلاز ہی سمجھتے ہیں۔

اس فلم کی کامیابی کے بعد اس کے دو سیکویل بھی آئے لیکن جو پذیرائی پہلی فلم کو ملی وہ دیگر دونوں حصوں کو نہیں مل سکی۔

9۔ ہوم الون

ہدایت کار کرس کولمبس اور مصنف جان ہیوز کی اس فلم کو تو بچہ بچہ جانتا ہے۔

سن 1990 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘ہوم الون’ کی کہانی ایک ایسے آٹھ سالہ بچے کے گرد گھومتی ہے جسے اس کے والدین بے خیالی میں گھر پر اکیلا چھوڑ کر فرانس چھٹی منانے چلے جاتے ہیں۔

اس آٹھ سالہ بچے کا کردار میکیولائے کلکن نے ادا کیا تھا جو اپنے گھر والوں کی غیر موجودگی میں چوروں کو بھگا کر اپنے گھر کو بچاتا ہے۔

10۔ ڈائی ہارڈ

نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ (این وائے پی ڈی) کے جان مکلین اور ان کے کارناموں سے تو سب ہی واقف ہیں لیکن یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ سن 1988 میں ریلیز ہونے والی یہ فلم ایک کرسمس فلم ہے۔

‘ڈائی ہارڈ’ میں دکھایا گیا ہے کہ این وائے پی ڈی سے تعلق رکھنے والے جان مکلین کرسمس سے ایک رات قبل اپنی ناراض بیوی کو منانے کے لیے لاس اینجلس آتے ہیں تاکہ دونوں اپنے درمیان اختلافات بھلا کر ایک نئی زندگی کا آغاز کر سکیں۔

ہالی وڈ میں گزشتہ کئی برسوں سے یہ بحث چل رہی ہے کہ آیا ‘ڈائی ہارڈ’ کرسمس فلم ہے یا ایکشن۔ مداح بھی دو گروپوں میں بٹے ہوئے ہیں لیکن زیادہ تر اسے کرسمس فلم ہی کہتے ہیں۔

Omair Alavi – BOL News

About the author

Omair Alavi

عمیر علوی ایک بہت معزز صحافی، تنقید کار اور تبصرہ نگار ہیں جو خبروں، کھیلوں، شوبز، فلم، بلاگ، مضامین، ڈرامہ، جائزوں اور پی ٹی وی ڈرامہ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وسیع تجربے اور داستان سوزی کی خصوصیت کے ساتھ، وہ اپنے دلچسپ تجزیوں اور دلکش تقریروں کے ذریعے حاضرین کو مسحور کرتے ہیں۔ ان کی ماہری اور تعاون نے انہیں میڈیا اور تفریحی صنعت کا اہم شخصیت بنا دیا ہے۔