فلمی جائزے فلمیں

مشن امپاسبل کو پاسبل بنانے والے اسٹنٹ؛ جب ٹام کروز جان پر کھیل گئے

Written by ceditor

کراچی — سنسنی خیز کہانی، خطرناک اسٹنٹس اور ایکشن سے بھرپور اداکاری نے ’مشن امپاسبل‘ کو ممکن بنایا اور اپنی اسی انفرادیت کی وجہ سے پروڈیوسر ٹام کروز کی اس فرنچائز کو مقبولیت حاصل ہوئی۔

فلم کا ساتواں حصہ ‘مشن امپاسبل، ڈیڈ ریکننگ پارٹ ون ‘ گزشتہ جمعے دنیا بھر میں ریلیز ہوچکا ہے، اور اس کے ساتھ ٹام کروز کی بطور سیکرٹ ایجنٹ ایتھن ہنٹ پانچ سال بعد واپسی ہورہی ہے۔

مشن امپاسبل فرانچائز ماضی میں نشر ہونے والی ٹی وی سیریز پر مبنی ہے۔ اس کی کہانی ‘امپاسبل مشن فورس’ نامی آرگنائزیشن کے گرد گھومتی ہے جس کا مقصد ہر قیمت پر دنیا میں امن قائم رکھنا ہے۔

دنیا میں امن قائم رکھنے کے مشن کو پورا کرنے کے لیے فورس کو غیر معمولی خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان خطرات اور ان سے مقابلے کو اسکرین پر دکھانے کے لیے کئی حیرت انگیز اسٹنٹ مشن امپاسبل کے ہر حصے کی شناخت رہے ہیں۔ یہاں ایسے ہی چند یادگار اسٹنٹس کا ذکر کیا جارہا ہے۔

سیریز کا آغازسی آئی اے کے ہیڈکوارٹر میں ’چوری‘ سے ہوا!

مشن امپاسبل سیریز کی کی پہلی فلم جو 1996 میں ریلیز ہوئی، اس کا ایک اسٹنٹ جو بے حد مقبول ہوا اس میں ٹام کروز کے کردار ایتھن ہنٹ کو زمین پر قدم رکھے بغیرسی آئی اے کے ایک کمپیوٹر سے خفیہ فائل چرانے کا ٹاسک ملا تھا۔

اسپیشل افیکٹس کے بغیر اس سین میں ٹام کروز ایک رسی کی مدد سے لٹک کر اس والٹ میں جاتے ہیں جس کی نگرانی کے لیے اتنا حساس نظام نصب کیا گیا تھا جو انسانی جسم کے درجۂ حرارت کو بھی مانیٹر کرتا ہے۔

ایجنٹ ہتھن ہنٹ اتنے حساس سسٹم کی آںکھوں میں دھول جھونک کر جس طرح کمپیوٹر سے فائل نکالنے میں کامیاب ہوتا ہے، وہ ایک یادگار اسٹنٹ تھا۔

ٹربو ٹرین کی چھت پر فائٹ اور ہیلی کاپٹر

مشن امپاسبل کی پہلی فلم کا کلائمیکس فرانس اور انگلینڈ کے درمیان چلنے والی ٹربو ٹرین کی چھت پر ہوا جس میں ٹام کروز کے ساتھ جون رینو اور جون وویٹ بھی شامل تھے۔

اس اسٹنٹ میں پہلے ٹام کروز کا کردار ہیلی کاپٹر کی رسی کو ٹرین سے باندھتا ہے اور اس کے بعد ولن کو قابو میں کرکے ٹرین کو چینل ٹنل میں لے جاتا ہے۔سین کو فلمانے کے لیے گرین اسکرین کا استعمال کیا گیا تھا لیکن اسے بڑی مہارت کے ساتھ اسکرین پر ایک حقیقی منظر کی طرح پیش کیا گیا جس نے فلم بینوں سے داد سمیٹی۔

برجِ خلیفہ مشن امپاسبل میں

مشن امپاسبل سیریز کی جو شکل شائقین اس وقت دیکھ رہے ہیں، اس میں سب سے بڑا ہاتھ چوتھی فلم ‘گوسٹ پروٹوکول’ کا ہے جس میں ٹام کروز نے برج خلیفہ کو سر کیا تھا۔

سال 2011 میں ریلیز ہونے والی فلم میں ایتھن ہنٹ کو کھڑکی کے راستے اس وقت دنیا کی سب سے اونچی عمارت کے سرور روم میں جانا تھا اور ان کے پاس صرف دو مقناطیسی گلوز تھے، جس میں سے ایک دورانِ مشن خراب ہوجاتا ہے۔

لیکن خلاف توقع ریت کا طوفان آ جاتا ہے اور واپسی پر رسی چھوٹی پڑ جاتی ہے۔ان مشکلات کے باوجود ایتھن ہنٹ مشن کو پورا کرتے ہیں۔

زمین سے فضا تک

سال 2015 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘روگ نیشن’ کے آغاز ہی میں ٹام کروز نے ایک کارگو جہاز کے دروازے سے لٹک کر سنسنی خیز اسٹنٹ کیا۔

ٹام کروز نظر نہ آنے والے اسٹنٹ گئیر کی مدد سے ٹیک آف سے لے کر ہوا میں اڑتے وقت تک جہاز کے ساتھ لٹکے رہے کیوں کہ کہانی کے مطابق اس طیارے میں جو سامان رکھا تھا وہ اگر دشمن کے ہاتھ لگ جاتا تو بڑی تباہی پھیل سکتی تھی۔

اس اسٹنٹ نے کے ذریعے ہدایت کار کرسٹوفر مک کوئری نے سیریز میں دھماکے دار انٹری ماری جس کے بعد سے وہ اب تک مشن امپاسبل سے جڑے ہیں۔

پانی کے اندر رہنے کا ریکارڈ

مشن امپاسبل کے پانچویں حصے ‘روگ نیشن ‘کے آغاز ہی سنسنی خیز نہیں تھا بلکہ اس میں متعدد سینز پر بہت محنت کی گئی۔ انہی میں سے ایک سین وہ تھا جس کے لیے ٹام کروز کو ایک دو نہیں، بلکہ چھ منٹ تک پانی میں رہنا تھا، اور انہوں نے ایسا ہی کیا۔

نہ صرف اداکار و پروڈیوسر نے اس اسٹنٹ سے قبل پروفیشنل ڈائیورز کے ساتھ ٹریننگ کی بلکہ ایسا کرنے کے بعد ایک ریکارڈ بھی قائم کیا جسے گزشتہ سال ایواٹار ٹو کی شوٹنگ کے دوران اداکارہ کیٹ ونسلٹ نے توڑا۔

کہانی کے مطابق ایتھن ہنٹ کو ایک ایسے والٹ سے جاکر خفیہ ڈیٹا چوری کرنا ہوتا ہے جو پانی سے گھرا ہوتا ہے۔اسٹنٹ کو پریکٹکل طور پر فلمایا گیا جس نے اس میں مزید جان ڈالی۔

جب ٹام کروز نے زخمی ہونے کے باجود سین مکمل کروایا

اداکار ٹام کروز نے سب سے زیادہ خطرناک اسٹنٹ سیریز کی چھٹی فلم میں کیے جو 2018 میں ’فال آؤٹ‘ کے نام سے ریلیز ہوئی۔ اسی میں سے ایک اسٹنٹ کرتے ہوئے ٹام کروززخمی بھی ہوئے لیکن انہوں نے سین مکمل فلم بند کرانے کے بعد ہی اپنی تکلیف کا اظہار کیا تھا۔

کہانی کے مطابق ایتھن ہنٹ کو لندن میں ایک ایسے مخالف ایجنٹ کا پیچھا کرنا تھا جو ان کی ٹیم کو دھوکہ دے کرفرار ہورہا تھا۔ ٹام کروز نے سڑکوں کے بجائے عمارتوں کی چھتوں پر بھاگ کر اپنے دشمن کا پیچھا کیا اور اسی کوشش میں اپنا ٹخنہ زخمی کربیٹھے۔

فلم میں ان کے زخمی ہونے کے شاٹ کو نہ صرف استعمال کیا گیا بلکہ اس میں صاف نظر آرہا ہے کہ اداکار کو اندازہ ہے کہ ان کی چوٹ کس نوعیت کی ہے، اس حادثے کے بعد فلم کی شوٹنگ دو ماہ تک معطل رہی، لیکن واپس آکر انہوں نے اس شوٹ کو مکمل کیا اور مزید اسٹنٹ بھی کیے۔

سنگل ٹیک میں جہاز سے زمین تک کا سفر

مشن امپاسبل کے اسٹنٹ کی بات ہو تو ‘فال آؤٹ’ میں ملٹری اسٹائل ‘ہیلو جمپ’ کا ذکر تو لازمی ہے۔ ہیلو یعنی ہائی ایلٹیٹیوڈ لو اوپننگ جمپ میں 25 ہزار فٹ کی بلندی سے کود نے کے بعد پیراشوٹ کو زمین کے بہت قریب پہنچنے پر کھولا جاتا ہے۔

ہدایت کار نے پیرس میں یہ سین ون ٹیک میں شوٹ کیا اور اس میں اداکار ٹام کروز اور سپر مین کے کردار سے مقبول ہونے والے ہنری کیول نے اپنی اداکاری سے جان ڈالی۔

اس اسٹنٹ کو مزید ڈرامائی بنانے کے لیے اس میں طوفان کا اضافہ کیا گیا ، آسمانی بجلی لگنے کی وجہ سے ہنری کیول کے کردار کا بے ہوش ہونا اور ایتھن ہنٹ کا انہیں ہوا سے زمین کی طرف آتے ہوئے بچانا ایک سنسنی خیز منظر تھا۔

ٹام کروز کا وہ اسٹنٹ جس میں انہیں ہیلی کاپٹر اڑانا پڑا!

اور آخر میں بات گزشتہ مشن امپاسبل فلم کے آخر میں آنے والے اسٹنٹ کی جس میں ہنری کیول کے پاس موجود نیوکلیر بم کا ریموٹ حاصل کرنے کے لیے ٹام کروز نے زمین سے ہوا کا سفر کیا۔

ہوا میں اڑتے ہیلی کاپٹر تک پہنچنے کے لیے ایتھن ہنٹ پہلے زمین سے رسی سے لٹک کر ہیلی کاپٹر کے کاک پٹ تک پہنچے اور پھر ہیلی کاپٹر کے مسافروں کو باہر پھینک کر خود پائلٹ بنے، اور آخر میں دوسرے ہیلی کاپٹر کا تعاقب کرکے اسےتباہ کردیا۔

ایک موقع پر ٹام کروز اسٹنٹ کرتے ہوئے پھسلے لیکن ہیلی کاپٹر سے لٹکے کارگو نے انہیں بچالیا، اس سین میں کہیں کہیں گرین اسکرین کا استعمال بھی ہو ا ہے لیکن اسکرین پر اس کے مناظر حقیقت سے قریب ترین محسوس ہوتے تھے۔

عمیر علوی – وائس آف امریکہ

About the author

ceditor