شوبز

‘دی ایگزورسسٹ ‘سے ‘دی بیٹ مین’ تک آٹھ ہالووین فلمیں

'دی ایگزورسسٹ 'سے 'دی بیٹ مین' تک آٹھ ہالووین فلمیں
Written by Omair Alavi

امریکہ سمیت دنیا بھر کے کئی ممالک میں ہر سال 31 اکتوبر کو ہالووین کا تہوار منایا جاتا ہے۔ اس تہوار کی مناسبت سے لوگ گھروں اور گلیوں کو ڈراؤنی چیزوں سے سجانے کے ساتھ ساتھ خود بھی بھوت پریت کا روپ دھارتے ہیں۔

ہالی وڈ میں کئی ڈراؤنی اور خطرناک فلمیں بنی لیکن گزشتہ 50 برسوں کے دوران صرف ہالووین کے گرد گھومنے والی بھی بے شمار فلمیں بنائی جا چکی ہیں۔ عام طور پر ان فلموں کو ‘ہالووین فلمیں’ کہا جاتا ہے۔

مشہور فلم ‘دی ایگزورسسٹ’ سے لے کر رواں برس کے آغاز میں ریلیز ہونے والی ‘دی بیٹ مین’ دونوں کا ہی شمار ہالووین فلموں میں کیا جا سکتا ہے۔ ان فلموں میں مرکزی کردار زیادہ تر وقت کوسٹیوم پہن کر سڑکوں پر گشت کرتا نظر آیا۔

آئیے ایسی ہی آٹھ فلموں پر نظر ڈالتے ہیں جن کی کہانی ہالووین کے گرد گھومتی ہے۔

1۔ دی ایگزورسسٹ

یہ فلم ان دنوں میں ریلیزہوئی جب ہالی وڈ میں ہالووین کے تہوار کو وہ اہمیت حاصل نہیں تھی جو اب ہے۔ سن 1973 میں ریلیز ہونے والی فلم کی کہانی ایک ایسی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جس پر شیطان قبضہ حاوی ہوجاتا ہے اور اس وجہ سے اس کی والدہ اور دیگر افراد پریشان رہتے ہیں۔

ایسے میں ایک پادری ان کی مدد کرنے کو تیار ہوجاتا ہے۔ یہ پادری ہالووین سے مشابہت رکھنے والے دن متاثرہ لڑکی کے گھر جاکر ‘ایکزورسم’ یعنی شیطان کو شکست دینے کی کوشش کرتا ہے۔

فلم کو آج تقریباً 50 برس بعد بھی بہترین ہارر فلم قرار دیا جاتا ہے۔ فلم کی کہانی کی شروعات عراق سے ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کا آغاز اذان سے ہوا۔

2۔ ہالووین

ہدایت کار جان کارپینٹر نے ہالی وڈ میں ہالووین کو متعارف کرایا۔ انہوں نے 1978 میں پہلی ہالووین فلم پیش کرکے ایک ایسی فرانچائز کی بنیاد رکھی جو آج بھی اتنی ہی مشہور ہے۔

فلم ‘ہالووین’ کی کہانی مائیکل مائرز نامی ایک قاتل کے گرد گھومتی ہے جو ہالووین کے دن اپنی بہن کا قتل کردیتا ہے، اور اس الزام میں اسے پاگل خانے میں قید کردیا جاتا ہے۔

پندرہ سال بعد ہالووین کے دن ہی وہ اس پاگل خانے سے بھاگ کر واپس اپنے گھر پہنچتا ہے اور پھر آس پاس رہنے والوں کی پریشانی کا سبب بنتا ہے۔

جس وقت یہ فلم ریلیز ہوئی تو خیال کیاجارہا تھا کہ اس کے کسی سیکوئل کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ لیکن گزشتہ 44 سالوں میں اس فرانچائز میں اب تک 13 فلمیں یعنی 12 سیکوئل آچکے ہیں جس میں سے آخری گزشتہ ماہ ریلیز ہوا ہے۔

3۔ ای ٹی: دی ایکسٹرا ٹیریسٹریل

ویسےتو ہدایت کار اسٹیون اسپیل برگ کی یہ فلم سائنس فکشن کے زمرے میں آتی ہے لیکن اس میں رونما ہونے والے واقعات ہالووین کے گرد گھومتے ہیں۔

فلم میں دکھایا گیا ہے کہ دوسرے سیارے سے آئی ہوئی خلائی مخلوق ‘ای ٹی ‘کو اس کے زمینی ساتھی ہالووین کوسٹیوم کی آڑ میں گھر سے باہر لے کر نکل جاتے ہیں۔

آج 40 برس گزر جانے کے باوجود ‘ای ٹی’ کو دنیا کی کامیاب ترین فلموں کی فہرست میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس فلم کی کامیابی نے ہالی وڈ میں نہ صرف سائنس فکشن اسٹائل کی مقبولت میں اہم کردار ادا کیا بلکہ اس سے متاثر ہوکر پاکستان میں ‘شانی’ اور بھارت میں ‘کوئی مل گیا’ جیسی فلمیں بنائی گئیں۔

4۔ نائٹ آف دی ڈیمنز

سن 1988 میں ریلیز ہونے والی ‘نائٹ آف دی ڈیمنز ‘کا شمار ان ہالی وڈ فلموں میں ہوتا ہے جنہوں نے سلیشر فلموں (یعنی کرائم پر مبنی فلمز) اور ہالووین فلموں کو ایک کردیا۔

فلم کی کہانی ایسےہائی اسکول دوستوں کے گرد گھومتی ہے جو ہالووین نائٹ پر غلطی سے ایک شیطانی قوت کو قید سے آزاد کرادیتے ہیں۔ شیطانی قوت بعد میں ایک ایک کرکے ان کی جان لے لیتی ہے۔

ریلیز کے وقت اس فلم کو زیادہ پذیرائی نہیں ملی تھی لیکن بعد میں یہ فلم نوجوانوں میں کافی مقبول ہوئی۔

5۔ ہوکس پوکس

ہالووین کے موقع پر بچے بڑے سب ہی چڑیلوں کا روپ دھار کر خوش ہوتے ہیں۔ لیکن یہ فلم تین چڑیلوں کے گرد گھومتی ہے جنہیں خود کو جوان رکھنے کے لیے بچوں کی ‘لائف فورس’ کی ضرورت ہوتی ہے۔سن 1993 میں ریلیزہونے والی فلم ‘ہوکس پوکس’ کو بہترین ہالووین فلم سمجھا جاتا ہے جسے گھر کے تمام افراد دیکھ سکتے ہیں۔

فلم کی کہانی سننے میں تو خطرناک معلوم ہوتی ہے لیکن دراصل یہ اتنی خطرناک نہیں ہے۔ پچیس برس بعد اس فلم کا سیکوئل بھی ریلیز ہوا ہے۔

پہلی فلم میں مرکزی کردار کے لیے اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو کو بھی آفر کی گئی تھی جسے انہوں نے ایک اور فلم کے لیے منع کردیا تھا۔

6۔ کیسپر

کیسپر دی فرینڈلی گوسٹ کا کردار آرچی کومیکس کی وجہ سے تو مقبول تھا ہی لیکن 1995 کی اس فلم نے اسے بڑی اسکرین پر پیش کرکے کردار کو مزید مشہور کردیا۔

فلم ‘کیسپر’ کی کہانی ایک ایسی لڑکی (کرسٹینا رچی) کے گرد گھومتی ہے جو اپنے والد (بل پُل مین) کے ساتھ ایک ایسے گھر میں منتقل ہوتی ہے جہاں بھوت کا سایہ ہوتا ہے۔

فلم کے آغاز میں نئے مکینوں کو کیسپر کے ساتھیوں کی وجہ سے گھر میں ایڈجسٹ ہونے میں مشکل ہوتی ہے۔ لیکن جلد ہی اس بھوت کی مدد سے وہ اپنے اندرونی اختلافات کو بھلانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔

’کیسپر‘ کا اختتام ایک بڑی ہالووین پارٹی پر ہوتا ہے۔

7۔ ہالووین ٹاؤن

‘ہالووین ٹاؤن’ میں یہ بتایا گیا ہے کہ ہالووین کی رات سڑکوں پر نظر آنے والے بھوت باقی سال کہاں ، کیسے اور کس حال میں رہتے ہیں۔

فلم کی کہانی ایک ایسی لڑکی کےگرد گھومتی ہے جسے اس کی 13ہویں سالگرہ پر پتا چلتا ہے کہ اس کا تعلق چڑیلوں کے خاندان سے ہے۔

‘ہالووین ٹاؤن’ میں دکھا گیا ہے کہ کیسے اس ٹاؤن کے مکین اپنا گھربچانے میں کامیاب ہوتے ہیں۔

8۔ دی بیٹ مین

سپر ہیرو فلم ‘دی بیٹ مین’ نے رواں سال کے آغاز میں باکس آفس پر دھوم مچائی۔ ‘بیٹ مین’ کے مداح تو یہ نہیں مانیں گے کہ یہ فلم ایک ہالووین فلم ہے۔ لیکن دراصل اس فلم میں ہالووین کو بھی ایک کردار کے طور پر دکھایا گیا ہے۔

فلم کا آغاز ہی ہالووین کی رات ایک قتل کی واردات سے ہوتا ہےجس کی تحقیقات میں بیٹ مین (رابرٹ پیٹنسن) پولیس کی مدد کرتا ہے۔یکے بعد دیگرے دو سے تین اہم شخصیات کا قتل بیٹ مین پر واضح کردیتا ہے کہ اس کےپیچھے ایک ماسٹر مائنڈ ہے جو بیٹ مین کی توجہ حاصل کرنا چاہ رہا ہے۔

فلم میں بیٹ مین اصل قاتل تک تو پہنچ جاتا ہے۔ البتہ اسے یہ سفر طے کرنے میں کئی مشکلات پیش آتی ہیں، جس میں سرفہرست ہالووین کے روز لوگوں کا کاسٹیوم پہن کر سڑکوں پر نکلنا اور اصل قاتل کا ہالووین سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کی آڑ میں قتل کرنا ہے۔

About the author

Omair Alavi

عمیر علوی ایک بہت معزز صحافی، تنقید کار اور تبصرہ نگار ہیں جو خبروں، کھیلوں، شوبز، فلم، بلاگ، مضامین، ڈرامہ، جائزوں اور پی ٹی وی ڈرامہ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وسیع تجربے اور داستان سوزی کی خصوصیت کے ساتھ، وہ اپنے دلچسپ تجزیوں اور دلکش تقریروں کے ذریعے حاضرین کو مسحور کرتے ہیں۔ ان کی ماہری اور تعاون نے انہیں میڈیا اور تفریحی صنعت کا اہم شخصیت بنا دیا ہے۔