کراچی — سربیا کے نوواک جوکووچ نے سخت مقابلے کے بعد ناروے کے کیسپر روڈ کو شکست دے کر تیسری بار فرینچ اوپن ٹینس کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔وہ اس فتح کے ساتھ دنیائے ٹینس میں سب سے زیادہgrand slam جیتنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
اتوار کو فائنل سے پہلے نوواک جوکووچ اور اسپین کے رافیل نڈال دونوں نے کریئر میں 22، 22 گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتے تھے۔ فائنل میں کامیابی کے بعد نوواک جوکووچ نے نڈال کو پیچھے چھوڑ دیا جو اس سال کے آغاز میں انجری کی وجہ سے ٹینس کورٹ سے باہر ہیں۔
تیسری بار فرینچ اوپن جیت کر جوکووچ دنیا کے واحد کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے ٹینس کی دنیا کے تمام گرینڈ سلیم کم از کم تین تین بار جیتے ہیں۔
انہوں نے سب سے زیادہ 10 مرتبہ آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیتا ہے جب کہ ان کی فہرست میں دوسرا نمبر ویمبلڈن کا ہے جس میں انہوں نے سات بار ٹرافی اپنے نام کی ہے۔
جوکووچ تین مرتبہ یو ایس اوپن اور تین ہی مرتبہ فرینچ اوپن جیت کر پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے مردوں کے ٹینس میں یہ ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔
رافیل نڈال نے آسٹریلین اوپن اور ویمبلڈن دو دو مرتبہ جیتے ہیں جب کہ 20 گرینڈ سلیم جیتنے والے راجر فیڈرر, فرینچ اوپن کے فائنل میں صرف ایک مرتبہ ہی کامیاب ہوئے ہیں۔
امریکہ کے پیٹ سمپراس جن کے پاس ایک زمانے میں سب سے زیادہ 14 گرینڈ سلیم کا ریکارڈ تھا انہوں نے کریئر کے دوران کبھی فرینچ اوپن نہیں جیتا جب کہ ٹینس کی دنیا کے نامور کھلاڑی آسٹریلیا کے روڈ لیور بھی تمام گرینڈ سلیم تین تین مرتبہ نہیں جیت سکے تھے۔
پیرس میں کھیلے گئے فائنل میں نمبر تین سیڈ, نوواک جوکووچ کا مقابلہ نمبر چار سیڈ ,ناروے کے کیسپر روڈ سے تھا۔ یہ 24 سالہ کیسپر روڈ کا مسلسل دوسرا فرینچ اوپن فائنل تھا جب کہ 36 سالہ سرب کھلاڑی اس سے قبل چھ مرتبہ فرینچ اوپن کا فائنل کھیل چکے تھے۔
کیسپر روڈ نے میچ کا آغاز بہترین انداز میں کیا اور پہلے تین گیمز اپنے نام کرکے نوواک جوکووچ کو مشکل ڈال دیا لیکن سربین کھلاڑی نے نہ صرف پہلے سیٹ میں کم بیک کیا بلکہ اسے ٹائی بریک تک لے گئے۔
Novak Djokovic defeated Casper Ruud in the men's singles final to capture Grand Slam title No. 23.
— Roland-Garros (@rolandgarros) June 11, 2023
Highlights of the day by @emirates #FlyBetter #RolandGarros pic.twitter.com/AGoZvp4mI4
نوے منٹ جاری رہنے والے اس سیٹ میں جوکووچ نے سات چھ سے کامیابی حاصل کی جب کہ دوسرا سیٹ انہوں نے چھ تین اور تیسرا سات پانچ سے اپنے نام کیا۔
تین گھنٹے اور 13 منٹ جاری رہنے والے اس میچ کا نتیجہ دیکھ کر تو لگتا ہے جیسے جوکووچ نے باآسانی میچ جیتا ہوگا لیکن کیسپر روڈ نے انہیں کئی مرتبہ پریشان کیا۔
آخری سیٹ میں بھی دونوں کھلاڑیوں کے پوائنٹس پانچ پانچ تک برابر تھے اور اگر نوواک جوکووچ مسلسل دو گیمز نہ جیتتے تو شاید اس سیٹ کا فیصلہ بھی ٹائی بریک پر ہوتا۔
میچ میں مجموعی طور پر نوواک جوکووچ نے 11 جب کہ ان کے حریف نے چار ایسز پھینکیں جب کہ کامیاب فرسٹ سروس کا تناسب بھی جوکووچ کا بہتر رہا۔ یہی نہیں پہلی سروس پر انہوں نے 80 فی صد کامیابی حاصل کی جب کہ روڈ کی جیت کا تناسب 57 فی صد رہا۔
نوواک جوکووچ نے فرینچ اوپن کو کرئیر کا سب سے مشکل گرینڈ سلیم قرار دیا
فائنل جیتنے کے بعد نوواک جوکووچ خوش گوار موڈ میں نظر آئے۔ سن 1983 میں فرینچ اوپن چیمپئن بننے والے فرانس کے یانیک نواح نے انہیں ٹرافی دی جس کے بعد جوکووچ نے اپنے کوچ ، اہلِ خانہ اور شائقین کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اپنی وننگ تقریر میں کہا کہ فرینچ اوپن ان کے کریئر کا سب سے مشکل گرینڈ سلیم تھا اور یہاں اپنا ریکارڈ 23واں گرینڈ سلیم جیت کر انہیں بہت خوشی ہوئی۔
نوواک جوکووچ کی اس ریکارڈ ساز کارکردگی کو دیکھنے کے لیے نہ صرف ہالی وڈ کے مشہور اداکار ہیو گرینٹ اور امریکی باکسر مائیک ٹائی سن شائقین میں نمایاں تھے بلکہ اسٹار فٹ بالرز کیلین ایم باپے، اولیویر ژیرو اور زلاتان ابراہیمووچ کے ساتھ ساتھ امریکی فٹ بال اسٹار ٹام بریڈی بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔
بائیس گرینڈ سلیم جیتنے والے رافیل نڈال نے نوواک جوکووچ کی تاریخی کامیابی پر کہا کہ کچھ عرصہ پہلے تک 23 گرینڈ سلیم جیتنے کا سوچنا بھی مشکل تھا لیکن جوکووچ نے ایسا کردکھایا۔
Many congrats on this amazing achievement @DjokerNole
— Rafa Nadal (@RafaelNadal) June 11, 2023
23 is a number that just a few years back was imposible to think about, and you made it!
Enjoy it with your family and team! 👏🏻
جیک نامی صارف نے نوواک جوکووچ کے لڑکپن کی ایک تصویر شئیر کی جس میں ایک طرف وہ کہتے ہیں کہ وہ ایک دن ورلڈ نمبر ون بنیں گے اور دوسری جانب وہ فرینچ اوپن جیتنے کے بعد خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔
A dream come true 🙆♂️
— JAKE 🇦🇺 (@IncrediblyBozza) June 11, 2023
You're the best in the history of tennis #RolandGarros #RolandGarros2023 #Idemooo #Djokovic #NoleFam pic.twitter.com/G9ezUrKmTT
یاد رہے کہ 23 گرینڈ سلیم جیت کر نوواک جوکووچ مردوں کے سب سے کامیاب کھلاڑی بن کر سامنے آئے ہیں۔ خواتین ٹینس میں سب سے زیادہ گرینڈ سلیم جیتنے کا ریکارڈ آج بھی آسٹریلیا کی مارگریٹ کورٹ کے پاس ہے جنہوں نے اپنے کریئر کے دوران 24 گرینڈ سلیم جیتے۔
دوسرے نمبر پر امریکہ کی سرینا ولیمز آتی ہیں جن کے گرینڈ سلیم کی تعداد 23 ہے جب کہ جرمنی کی اسٹیفی گراف اس فہرست میں 22 گرینڈ سلیم کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔