پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور اداکارہ ثنا جاوید رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر دونوں شخصیات کی تصاویر سامنے آتے ہی وائرل ہوگئی ہیں۔ — کراچی
بعض مداحوں کی جانب سے شعیب اور ثنا کی شادی پر خوشی اور بعض کی جانب سے حیرت کا اظہار کیا گیا ہے۔
اس سے قبل شعیب ملک اور بھارت کی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا جب کہ اداکارہ ثنا جاوید اور گلوکار عمیر جسوال کی شادی ہوئی تھی۔
گزشتہ کچھ عرصے سے شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی علیحدگی کی خبریں سامنے آ رہی تھیں۔ لیکن دونوں نے اس بات کی باضابطہ طور پر تصدیق نہیں کی تھی۔
تاہم بھارت کے خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے ثانیہ مرزا کے والد عمران مرزا کا کہنا تھا کہ شعیب ملک نے ثانیہ مرزا کو طلاق نہیں دی بلکہ ان کی بیٹی نے سابق کرکٹر سے خلع لی ہے۔
ہفتے کی صبح شعیب ملک اور ثنا جاوید نے عروسی لباس کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں اور اس پر قرآن کی آیت بھی تحریر کی جس کا مفہوم ہے ہم نے تمہیں جوڑوں میں بنایا۔
اداکارہ ثنا جاوید نے بھی انسٹاگرام پر اپنا نام ثنا شعیب ملک لکھ کر اس رشتے کی تصدیق کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی کچھ روز قبل کراچی میں ہوئی جس کا اعلان ہفتے کے روز کیا گیا۔ دونوں نے اپنے سابقہ پارٹنرز سے علیحدگی کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔
واضح رہے کہ سال 2022 کے اختتام پر شعیب اور ثانیہ کی علیحدگی کی خبریں اس وقت سامنے آئی تھیں جب دونوں نے ایک دوسرے کو سوشل میڈیا پر ان فالو کردیا تھا جب کہ گزشتہ ہفتے ثانیہ مرزا نے سوشل میڈیا سے شعیب ملک کی تمام تصاویر بھی ہٹا دی تھیں۔
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی سال 2010 میں ہوئی تھی اور دونوں کے ہاں 2018 میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔ شعیب ملک اپنے سوشل میڈیا پر اکثر اپنے بیٹے کے ساتھ تصاویر سامنے شیئر کرتے رہتے ہیں۔
خانی اور ڈنگ جیسے ڈراموں سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ ثنا جاوید کی 2020 میں گلوکار عمیر جسوال سے شادی ہوئی تھی۔ 2022 کے آخر میں یہ افواہیں تھیں کہ ان دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی ہے۔
اکتالیس سالہ شعیب ملک کا شمار پاکستان کے نامور کرکٹرز میں ہوتا ہے۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ سے تو ریٹائر ہوچکے ہیں لیکن وائٹ بال کرکٹ میں آج بھی مختلف لیگز میں ایکشن میں نظر آتے ہیں۔
شعیب اور ثنا کی شادی پر صحافی مہوش اعجاز نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ شاید وہ کچھ مس کر رہی ہیں۔