اسپورٹس

رافیل نڈال نے 14ویں مرتبہ فرینچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا

Written by Omair Alavi

رافیل نڈال نے اپنے کریئر میں پہلی مرتبہ سال کے پہلے دو گرینڈ سلیم اپنے نام کیے ہیں جب کہ وہ 36 برس کی عمر میں یہ ٹائٹل اپنے نام کرنے والے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔

کراچی — 

اسپین کے ٹینس کھلاڑی رافیل نڈال کی کامیابیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ رواں برس کے آغاز میں آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل جیت کر 21 گرینڈ سلیم کا ریکارڈ بنانے والے کھلاڑی نے دوسرا گرینڈ سلیم فرینچ اوپن بھی اپنے نام کرلیا ہے۔

رافیل نڈال نے اپنے کریئر میں پہلی مرتبہ سال کے پہلے دو گرینڈ سلیم اپنے نام کیے ہیں جب کہ وہ 36 برس کی عمر میں یہ ٹائٹل اپنے نام کرنے والے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ نڈال کے ہم وطن اینڈریس جمینو کے پاس تھا جنہوں نے 50 برس قبل 34 سال کی عمر میں فرینچ اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

رافیل نڈال نے چودہویں بار فرینچ اوپن کا ٹائٹل جیت کر مجموعی طور پر 22 گرینڈ سلیم حاصل کرنے کا ریکارڈ بنا لیا ہے۔اب وہ گرینڈ سلیم کی دوڑ میں اپنے حریفوں سے مزید آگے چلے گئے ہیں۔ 20مرتبہ گرینڈ سلیم جیتنے والے راجر فیڈر اور نواک جوکووچ اب ان سے دو قدم پیچھے ہیں۔

پیرس میں پانچ جون کو کھیلے گئے فائنل میں عالمی نمبر پانچ رافیل نڈال کا مقابلہ آٹھویں نمبر پر موجود ناروے کے کیسپررُڈ سے تھا جس میں انہوں نے اسٹریٹ سیٹس میں کامیابی حاصل کی۔ ان کی جیت کا اسکور چھ تین، چھ تین اور چھ صفر رہا تھا۔

میچ کے دوران نڈال اور رُڈکوسپورٹ کرنے کے لیے جہاں اسپین اور ناروے کے شاہی خاندان کے افراد موجود تھے وہیں لیجنڈری ٹینس اسٹار بلی جین کنگ نے اسٹیڈیم کی رونق بڑھائی۔

ان کے ساتھ ساتھ تماشائیوں میں سابق عالمی نمبرٹینس کھلاڑی اسٹیفن ایڈبرگ اور سابق فرینچ اوپن چیمپئن گوسٹاوو کیورٹن اورکارلوس مویا بھی موجود تھے۔معروف ہالی وڈ اداکار مائیکل ڈگلس اور ہیو گرینٹ کو بھی میچ کے دوران محظوظ ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔

دو گھنٹے اور 18 منٹ تک جاری رہنے والے فائنل میں نڈال کا پلڑا بھاری رہا۔ یک طرفہ مقابلے کے بعد پہلا سیٹ جیتنے والے سابق چیمپئن کو دوسرے سیٹ میں 23 سالہ حریف نے کافی پریشان کیا۔ ایک موقع پر تو کیسپر رُڈ کو نڈال کے خلاف ایک کے مقابلے میں تین گیمز کی برتری بھی حاصل تھی لیکن نڈال نے مقابلہ کر کے کم بیک کیا۔

پہلے تو کیسپر رُڈ نے دوسرے سیٹ میں مسلسل تین گیمز جیت کر چار تین کی برتری حاصل کی جس کے بعد انہوں نے سیٹ اپنے نام کیا۔ آخری سیٹ میں رافیل نڈال بھرپور فارم میں نظر آئے او ر بغیر کوئی گیم ہارے چھ صفر سے گیم، سیٹ اور چیمپئن شپ اپنے نام کی۔

فرینچ اوپن سے قبل کئی ٹینس مبصرین نے رافیل نڈال کو فیورٹ قرار دینے سے گریز کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک تو ان سے کم عمر کھلاڑی میدان میں آگئے ہیں اور دوسرا وہ آسٹریلین اوپن کے بعد سے اَن فٹ رہے ہیں۔

یاد رہے کہ چھتیس برس کی عمر میں کسی بھی کھلاڑی نے آج تک فرینچ اوپن ٹینس کا ‘مینز سنگلز ٹائٹل’ نہیں جیتا تھا۔ 34 سال کی عمر میں اسپین ہی کے اینڈریس جمینو نے 1972 میں یہ ٹائٹل جیتا تھا۔ اب یہ ریکارڈ رافیل نڈال نے توڑا ہے۔

فائنل کے بعد رافیل نڈال کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے لیکن ان کی کوشش ہوگی کہ وہ خود کو فٹ رکھیں تاکہ اچھی ٹینس کھیلتے رہیں۔

Omair Alavi – BOL News

About the author

Omair Alavi

عمیر علوی ایک بہت معزز صحافی، تنقید کار اور تبصرہ نگار ہیں جو خبروں، کھیلوں، شوبز، فلم، بلاگ، مضامین، ڈرامہ، جائزوں اور پی ٹی وی ڈرامہ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وسیع تجربے اور داستان سوزی کی خصوصیت کے ساتھ، وہ اپنے دلچسپ تجزیوں اور دلکش تقریروں کے ذریعے حاضرین کو مسحور کرتے ہیں۔ ان کی ماہری اور تعاون نے انہیں میڈیا اور تفریحی صنعت کا اہم شخصیت بنا دیا ہے۔