کراچی —
ہالی وڈ فلم ‘ٹاپ گن: میورک’، جراسک ورلڈ: ڈومینین’ اور ‘ایلوس’ جیسی فلموں نے عالمی وبا کرونا وائرس کے بعد دنیا بھر کے سنیما گھروں کو آباد کیا لیکن اینی میٹڈ فلم ‘منینز : دی رائز آف گرو’ نے ریلیز ہوتے ہی ان تمام فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
‘منینز: دی رائز آف گرو’ نہ صرف دنیا بھر میں بلکہ پاکستان میں بھی باکس آفس پر کامیابیاں سمیٹ رہی ہے۔ امریکہ میں یومِ آزادی کے ویک اینڈ پر ریلیز ہونے والی اینی میٹڈ فلم نے چار دنوں میں مجموعی طور پر 10 کروڑ 25 لاکھ ڈالرز کا بزنس کر لیا ہے جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔
آخری بار سن 2011 میں فلم ‘ٹرانسفارمرز : ڈارک آف دی مون’ نے انڈی پینڈنس ڈے ویک اینڈ پر 10 کروڑ 16 لاکھ ڈالرز کا بزنس کرکے یہ ریکارڈ بنایا تھا جسے اب منینز کے سیکوئل نے توڑ دیا۔
یکم سے تین جولائی والے ویک اینڈ پر ‘منینز : دی رائز آف گرو’ نے امریکہ میں 10 کروڑ 7 لاکھ ڈالرز کا بزنس کیا جو ویب سائٹ ‘باکس آفس موجو’ کے مطابق ‘ٹاپ گن: میورک’، ‘ایلویس’ اور ‘جراسک ورلڈ: ڈومینین’ کے اس ہفتے کے مشترکہ بزنس سے بھی زیادہ ہے۔
البتہ ‘منینز : دی رائز آف گرو’ نے اس سیریز کی پہلی فلم ‘منینز ‘ کا ریکارڈ تو نہیں توڑا لیکن اس نے 2015 میں پہلے تین دنوں میں 10 کروڑ 15 لاکھ ڈالرز کمانے والی فلم کے لگ بھگ ہی بزنس کیا۔
پاکستان کے سنیما گھروں میں بھی ‘منینز’ دیکھنے آنے والوں کا رش ہے۔ جس نے ریلیز کے پہلے پانچ دنوں میں ہی ایک کروڑ روپے کا بزنس کیا۔
پاکستان میں باکس آفس کے حوالے سے مستند سمجھی جانے والی ویب سائٹ ‘باکس آفس ڈیٹیل’ کے مطابق فلم نے پہلے چار دن میں 92 لاکھ روپے بٹورے جو کسی بھی اینی میٹڈ فلم کے لیے ایک اچھا مارجن ہے۔
یہی نہیں تجزیہ کاروں اور مبصرین نے بھی ‘منینز: دہ رائز آف گرو’ کی کامیابی کی وجہ سے اسے ‘نمبر ون مووی ان دی ورلڈ’ کا خطاب دیا۔
The reviews are in and the planet agrees. #Minions #TheRiseOfGru only in theaters NOW! Get tickets at https://t.co/k9Wt7Qz5V9. pic.twitter.com/dsmrnCcSL1
— #Minions (@Minions) July 5, 2022