شوبز

امریکہ کے معروف اداکار و کامیڈین باب سیگیٹ انتقال کر گئ

Written by Omair Alavi

کراچی — 

امریکی سِٹ کام ‘فل ہاؤس’ میں ڈینی ٹینر کا کردار ادا کرنے والے مزاحیہ اداکار باب سیگیٹ اپنے مداحوں کو ہمیشہ کے لیے اداس چھوڑ گئے ہیں۔

باب سیگیٹ کی عمر 65 برس تھی۔ وہ اتوار کو امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک ہوٹل کے کمرے میں مردہ پائے گئے۔ ابتدائی تفتیش کے بعد ان کی موت کو طبعی قرار دیا گیا ہے۔

باب سیگیٹ فلوریڈا میں ایک گروپ کے ساتھ کامیڈی ٹوور پر تھے۔ ہفتے کو انہوں نے ایک پرفارمنس بھی دی تھی جو ان کی زندگی کی آخری پرفارمنس ثابت ہوئی۔

باب سیگیٹ کا شمار امریکہ کے نمایاں مزاحیہ اداکاروں میں ہوتا تھا۔ وہ نہ صرف ‘فل ہاؤس’ میں اپنی اداکاری کی وجہ سے مشہور تھے بلکہ مختلف پروگراموں کی میزبانی کے لیے بھی انہیں یاد کیا جاتا تھا۔

باب سیگٹ سے ڈینی ٹینر تک

17 مئی 1956 کو امریکی ریاست پینسلوینیا کے شہر فلاڈیلفیا میں پیدا ہونے والے باب سیگیٹ نے اپنے کریئر کا آغاز بطورِ اسٹینڈ اپ کامیڈین کیا تھا۔ اداکاری کو انہوں نے تجرباتی طور پر اپنایا تھا لیکن ان کا تجربہ کامیاب ثابت ہوا۔

امریکی سِٹ کام ‘فل ہاؤس’ میں انہیں بن ماں کی تین بیٹیوں کے باپ ڈینی ٹینر کا کردار ملا تھا جو اپنی بیٹیوں کو ماں کی کمی کا احساس نہیں ہونے دیتا۔

اس سِٹ کام میں باب سیگیٹ کی اداکاری کو سب نے سراہا اور ‘فل ہاؤس’ 1987 سے 1995 تک صرف امریکہ میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں دیکھا گیا اور پسند بھی کیا گیا۔

اس کامیابی کے بعد باب سیگیٹ کو امریکہ کے "بہترین باپ” کے خطاب سے بھی نوازا گیا۔

باب سیگیٹ نے ‘امریکاز فنیسٹ ہوم ویڈیوز’ نامی ایک شو کی بھی نو سال تک میزبانی کی۔ اس شو میں وہ امریکہ بھر سے بھیجی گئی ویڈیوز پر تبصرہ کرنے کے ساتھ ساتھ شو کی میزبانی کرتے تھے جس میں ان کی اسٹینڈ اپ کامیڈی کی بھی جھلک نظر آتی تھی۔

باب سیگٹ کی نیٹ فلکس پر بطورِ ڈینی ٹینر واپسی

‘فل ہاؤس’ 1995 میں ختم ہو گیا تھا لیکن اس مداحوں نے آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارمز اور ڈی وی ڈیز کے ذریعے اسے زندہ رکھا۔ اسی لیے جب 2016 میں نیٹ فِلکس نے ‘فلر ہاؤس’ کے نام سے اس کا سیکوئل بنانے کا اعلان کیا تو مداحوں کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ تھا۔

گو کہ اس نئی سیریز میں مرکزی کردار کینڈس کیمرون ادا کر رہی تھیں جو ‘فل ہاؤس’ میں ڈینی ٹینر کی سب سے بڑی بیٹی ڈی جے بنی تھیں۔ لیکن اس سیکویل میں باب سیگیٹ کی بھی واپسی ہوئی تھی۔

فل ہاؤس اور فلر ہاؤس کے درمیان باب سیگیٹ نے ‘ہاؤ آئی میٹ یور مدر’ جیسے ہٹ سِٹ کام میں بھی کہانی سنانے والے (نریٹر) کا کردار ادا کیا تھا۔ 2014 تک جاری رہنے والے اس سٹ کام میں اگرچہ باب سیگیٹ اسکرین پر نظر نہیں آئے لیکن ان کے چاہنے والوں کے لیے ان کی آواز بھی کافی تھی۔

اپنے ایک انٹرویو میں باب سیگیٹ کا کہنا تھا کہ ‘فل ہاؤس’ حادثاتی طور پر انہیں ضرور ملا لیکن اس نے ان کی زندگی بدل دی۔ اس سیریز کے بعد باب سیگیٹ نے فلموں اور ٹی وی پر کام کرنے کے ساتھ اپنے اسٹینڈ اپ کامیڈی ایکٹس کو بھی جاری رکھا۔ اور جس وقت ان کی موت ہوئی وہ ایک ایسے ہی شو میں شرکت کے لیے فلوریڈا میں موجود تھے۔

باب سیگٹ ساتھی اداکاروں کی یاد میں

فل ہاؤس میں باب سیگیٹ کے سالے کا کردار ادا کرنے والے معروف اداکار جان اسٹیموس نے ٹوئٹر کے ذریعے اپنے دوست کی موت پر افسوس کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ باب کی موت نے انہیں رنجیدہ کر دیا ہے۔ ان جیسا انسان اور دوست وہ کبھی نہیں پا سکیں گے۔

اداکارہ کینڈس کیمرون، جو ‘فل ہاؤس’ اور ‘فلر ہاؤس’ میں باب سیگیٹ کی بڑی بیٹی ڈی جے ٹینر بنی تھیں، نے بھی انہیں بہترین انسان قرار دیا۔

معروف ہالی وڈ اداکار و کامیڈین جم کیری نے بھی باب سیگیٹ کے بارے میں ٹوئٹ کرتے ہوئے انہیں کشادہ دل انسان قرار دیا جس نے اپنی زندگی بھرپور انداز میں جی۔

اسٹار ٹریک سیریز سے شہرت پانے والے اداکار جارج ٹیکے نے باب سیگیٹ کو کروڑوں امریکیوں کے باپ کا لقب دیتے ہوئے کہا کہ ان کی اچانک موت سے انہیں دکھ پہنچا ہے۔ امریکیوں کی زندگی میں ان کی موجودگی اس بات کا ثبوت تھی کہ سب ہنستے مسکراتے رہیں گے۔

Omair Alavi – BOL News

About the author

Omair Alavi

عمیر علوی ایک بہت معزز صحافی، تنقید کار اور تبصرہ نگار ہیں جو خبروں، کھیلوں، شوبز، فلم، بلاگ، مضامین، ڈرامہ، جائزوں اور پی ٹی وی ڈرامہ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وسیع تجربے اور داستان سوزی کی خصوصیت کے ساتھ، وہ اپنے دلچسپ تجزیوں اور دلکش تقریروں کے ذریعے حاضرین کو مسحور کرتے ہیں۔ ان کی ماہری اور تعاون نے انہیں میڈیا اور تفریحی صنعت کا اہم شخصیت بنا دیا ہے۔