فلم کے ٹریلر میں بچوں اور بڑوں میں مقبول سپر ہیرو اسپائیڈر مین کو ایک نہیں بلکہ کئی سپر ولن سے لڑتا دکھایا گیا ہے۔
کراچی —
امریکی فلم اور ٹیلی ویژن پروڈکشن کمپنی ‘مارویل اسٹوڈیوز’ کی سپر ہیرو فلم ‘اسپائیڈرمین: نو وے ہوم’ کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے۔ منگل کو فلم کا دوسرا ٹریلر جاری کیا گیا ہے جس نے دھوم مچا دی ہے۔
فلم کے ٹریلر میں بچوں اور بڑوں میں مقبول سپر ہیرو اسپائیڈرمین کو ایک نہیں بلکہ کئی سپر ولن سے لڑتا دکھایا گیا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ٹریلر ریلیز ہوتے ہی مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ‘اسپائیڈرمین نو وے ہوم’ کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگا اور چند ہی گھنٹوں میں ٹریلر کو ایک کروڑ سے زائد افراد نے دیکھا۔
ٹریلر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاں ٹام ہالینڈ کے اسپائیڈر مین سے لڑنے کے لیے ڈاکٹر اکٹوپس، گرین گوبلن اور سینڈ مین جیسے سپر ولن اپنی اپنی دنیا سے آئے ہیں، وہیں ناظرین کو یہ بات بھی پتہ چلی ہے کہ اسپائیڈر مین کی ایک لڑائی ڈاکٹر اسٹرینج سے بھی جاری ہے جس کا کردار بینیڈکٹ کمبر بیچ نے بخوبی ادا کیا ہے۔
We started getting visitors… from every universe. Watch the official trailer for #SpiderManNoWayHome, exclusively in movie theaters December 17.
— Spider-Man: No Way Home (@SpiderManMovie) November 17, 2021
Tickets on sale C̶y̶b̶e̶r̶ Spider-Monday, November 29. pic.twitter.com/poLaE677On
یوں تو اسپائیڈر مین کا کردار 1960 کی دہائی سے ٹی وی، کارٹون اور کامکس کی شکل میں موجود ہے۔ لیکن اسپائیڈر مین سیریز کی پہلی فلم سن 2002 میں ریلیز ہوئی تھی جس کے ہدایت کار سیم ریمی تھے اور اس فلم میں اداکار ٹوبی میگوائر نے پیٹر پارکر اور اسپائیڈر مین کا کردار ادا کیا تھا۔
اسپائیڈر مین کی پہلی فلم کی کامیابی کے بعد 2004 اور 2007 میں اس سیریز کے دو اور سیکوئیل ریلیز کیے گئے تھے جنہیں شائقین نے بے حد پسند کیا تھا۔
پھر پانچ برس کے بعد ہدایت کار مارک ویب نے اس سیریز کو جب دوبارہ زندہ کیا تو انہوں نے اسپائیڈر مین کے کردار کے لیے اداکار اینڈریو گارفیلڈ کو چنا۔
سن 2012 اور 2014 میں ریلیز ہونے والی ‘دی امیزنگ اسپائیڈر مین’ نامی اس سیریز کو صرف دو فلموں بعد ہی ختم کر دیا گیا تھا۔
بعدازاں 2017 میں جب ‘اسپائیڈر مین ہوم کمنگ’ ریلیز کی گئی تو یہ پہلا موقع تھا کہ اسپائیڈر مین کو ایونجرز فرانچائز کا حصہ بنا کر پیش کیا گیا تھا۔
ہدایت کار جان واٹس کی زیرِ نگرانی بننے والی اس فلم کا سیکویل ‘اسپائیڈر مین فار فرام ہوم’ بھی اتنا ہی مقبول ہوا جتنا اس کا پہلا حصہ ہوا تھا اور اب اس فلم کا تیسرا حصہ 17 دسمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گا۔
اسپائیڈر مین: نو وے ہوم؛ تمام ولنز ایک ساتھ
‘اسپائیڈر مین: نو وے ہوم’ میں نہ صرف اسپائیڈر مین کی تینوں فرنچائز کو یکجا کیا گیا ہے بلکہ اس میں ٹام ہالینڈ کے اسپائیڈر مین کا مقابلہ تمام فلموں کے سپر ولن سے ہوتا ہے۔
معروف اداکار ولیم ڈیفو کے گرین گوبلن، ایلفرڈ مولینا کے ڈاکٹر اکٹوپس اور جیمی فوکس کے الیکٹرو سمیت اس فلم کے ٹریلر میں پانچ سپر ولن نظر آئے ہیں جو ایک کالج اسٹوڈنٹ پیٹر پارکر سے بھِڑ جاتے ہیں۔
فلم میں اسپائیڈر مین ان پانچوں کرداروں سے کیسے نمٹے گا یہ جاننے کے لیے آپ کو فلم کا انتظار کرنا ہو گا۔
ٹریلر کے مطابق فلم کی کہانی اسپائیڈر مین کی گزشتہ فلم کے اختتام سے شروع ہوتی ہے جس میں جے جوناہ جیمسن پیٹر پارکر کی اصلیت دنیا کو بتا دیتا ہے۔ جس کے بعد تمام لوگ اسپائیڈر مین کے تعاقب میں لگ جاتے ہیں۔
breaking the multiverse one trailer at a time@regalmovies @cinepolis pic.twitter.com/twJUFcYyUq
— Spider-Man: No Way Home (@SpiderManMovie) November 17, 2021
پیٹر پارکر اپنے دوست ڈاکٹر اسٹرینج سے درخواست کرتا ہے کہ وہ سب کے ذہن سے یہ راز غائب کر دیں تا کہ وہ اپنا کام بغیر کسی مداخلت کے جاری رکھ سکے۔
اپنے ساتھیوں کے منع کرنے کے باوجود ڈاکٹر اسٹرینج پیٹر پارکر کی بات پر عمل کرتا ہے۔ جس کے بعد اسپائیڈر مین کے تمام یونی ورس ایک ہو جاتے ہیں۔
لوگوں کو اسپائیڈر مین کی اصلیت تو پتہ ہوتی ہی ہے البتہ دوسری دنیا کے سپر ولن بھی اِس اسپائیڈر مین کو اپنی دنیا کا اسپائیڈر مین سمجھ کر اس سے لڑ پڑتے ہیں۔
ٹریلر میں یہ بات واضح ہے کہ جہاں ڈاکٹر اکٹوپس کو اندازہ ہو جاتا ہے کہ یہ اسپائیڈر مین وہ اسپائیڈر مین نہیں ہے جس کی اسے تلاش ہے۔ وہیں لیکنسینڈ مین، لزرڈ، الیکٹرو اور گرین گوبلن کو یہ بات واضح نہیں ہوتی اور وہ اسپائیڈر مین کو ختم کرنے کے لیے یکجا ہو جاتے ہیں۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ ‘سونی پکچرز’ کی ہی ریلیز کردہ فلم ‘وینم: لیٹ دیئر بی کارنیج’ کے آخر میں بھی اسپائیڈر مین کی جھلک دکھائی گئی ہے اور امکان ہے کہ ٹام ہارڈی بھی اس فلم میں جلوہ گر ہوسکتے ہیں۔
جب سے شائقین نے 2018 میں ریلیز ہونے والی ‘اسپائیڈر مین: ان ٹو دی اسپائیڈر ورس’ اینی میٹڈ فلم دیکھی ہے۔ تب سے وہ ٹوبی میگوائر، اینڈریو گارفیلڈ اور ٹام ہالینڈ کو ایک ساتھ کسی اسپائیڈر مین فلم میں دیکھنے کے منتظر ہیں۔
جب ‘اسپائیڈر مین: نو وے ہوم’ کی شوٹنگ ہو رہی تھی تب بھی یہ کہا گیا تھا کہ اس فلم میں سپر ولن سے لڑنے کے لیے وہ اسپائیڈر مین بھی ایکشن میں نظر آئیں گے جنہوں نے ان کرداروں کو شکست دی تھی۔
لیکن پہلی سیریز میں اسپائیڈر مین کی محبوبہ کا کردار ادا کرنے والی کرسٹن ڈنسٹ اور دوسری سیریز میں اسپائیڈر میں بننے والے اینڈرو گارفیلڈ کے انکار کے بعد اس کا امکان کم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
تاہم پہلی سیریز میں اسپائیڈر مین بننے والے اداکار ٹوبی میگوائر کی خاموشی اور اداکار جے کے سمنز کی جے جوناہ جیمسن کے کردار میں واپسی اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ اسپائیڈر مین ان سپر ولن سے لڑائی میں اکیلا نہیں ہو گا۔