Sports

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کا فاتحانہ آغاز، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کو شکست

Written by Omair Alavi

کراچی — 

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میلے کا باقاعدہ آغاز جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان سپر 12 اسٹیج کے پہلے میچ سے ہوا۔ گروپ-ون کے افتتاحی میچ میں گزشتہ ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے والی آسٹریلیا کی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔ جب کہ انگلینڈ نے بھی ویسٹ انڈیز کو آؤٹ کلاس کر دیا۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

جنوبی افریقہ کا ٹاپ آرڈر پہلے بیٹنگ کرتے آسٹریلوی بالرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوا اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر صرف 118 رنز ہی بناسکی۔

ایڈن مارکرم 40 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ جب کہ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ، ایڈم زیمپا اور مچل اسٹارک نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

گلین میکسویل اور پیٹ کمنز کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

جواب میں آسٹریلوی ٹیم کا بھی آغاز اچھا نہ تھا۔ اننگز کے دوسرے ہی اوور میں کپتان ایرون فنچ کے صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلوی بلے بازوں پر پریشر بڑھ گیا۔

تجربہ کار ڈیوڈ وارنر کے 14 اور مچل مارش کے 11 رنز پر آؤٹ ہوتے ہی آسٹریلوی ٹیم مزید مشکلات کا شکار ہوگئی۔

ایسے میں سابق کپتان اسٹیو اسمتھ نے 34 گیندوں پر 35 قیمتی رنز بنا کر ٹیم کو کامیابی کی راہ پر گامزن کیا۔

کھیل کے آخری لمحات میں مارکس اسٹوئنس کے 24 ناٹ آؤٹ اور وکٹ کیپر میتھیو ویڈ کے ناقابل شکست 12 رنز نے بھی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

آسٹریلیا کی ٹیم نے میچ کے آخری اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنا کر کامیابی سمیٹی۔ جنوبی افریقہ نے نو وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنائے تھے یوں آسٹریلیا کو 119 رنز کا ہدف ملا تھا۔

جنوبی افریقہ کے فاسٹ بالر نورکیا کی دو وکٹیں بھی جنوبی افریقہ کو شکست سے نہ بچا سکیں اور یوں ٹیمبا باووما کی قیادت میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کو پہلے ہی میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

جوش ہیزل ووڈ کو ان کی شاندار بالنگ پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

انگلینڈ کی شاندار کامیابی

دبئی میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں سابق چیمپئن انگلینڈ نے دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو یک طرفہ مقابلے کے بعد چھ وکٹوں سے شکست دی۔

انگلینڈ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی البتہ ویسٹ انڈین سائیڈ آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی۔

بلے بازوں کی غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ کی وجہ سے دو بار کی عالمی چیمپئن ٹیم 15ویں اوور میں صرف 55 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کا سب سے کم اسکور ہے۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم 2019 میں بھی انگلینڈ کے خلاف 45 رنز بناکر آؤٹ ہوچکی ہے جو آج بھی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں ان کا ریکارڈ لو اسکور ہے۔

مخالف ٹیم کو اتنے کم اسکور پر آؤٹ کرنے میں سب سے بڑا ہاتھ انگلش لیگ اسپنر عادل رشید کا تھا جنہوں نے صرف دو رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ کی ٹیم نے مقررہ ہدف صرف نویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

وکٹ کیپر جوس بٹلر 24 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔

آف اسپنر معین علی کو اننگر کا آغاز کرنے اور پاور پلے کے دوران دو وکٹیں لینے کی وجہ سے پلئیر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اس کامیابی کے ساتھ ہی انگلش ٹیم اپنے گروپ کے ٹاپ پر پہنچ گئی ہے جہاں آسٹریلیا بھی دو پوائنٹس کے ساتھ موجود ہے۔

Omair Alavi – BOL News

About the author

Omair Alavi

Omair Alavi is a highly regarded journalist, critic, and commentator, specializing in news, sports, showbiz, film, blogs, articles, drama, reviews, and PTV drama. With extensive experience and a keen eye for storytelling, he captivates audiences with his insightful analysis and compelling presentations. His expertise and contributions have made him a prominent figure in the media and entertainment industry.