شوبز

رنبیر نے عالیہ سے شادی کر کے خاندان کی روایت قائم رکھی

Written by Omair Alavi

رنبیر اور عالیہ کی شادی جمعرات کو ممبئی میں ہوئی جس میں کپور اور بھٹ خاندان کے افراد نے شرکت کی، یوں کہیں کہ بالی وڈ کے کئی نامور فن کار اس تقریب کا حصہ بنے۔

کراچی — 

بالی وڈ اداکار رنبیر کپور نے اداکارہ عالیہ بھٹ سے شادی کر کے اپنے خاندان کی روایت کو جاری رکھا ہے۔ ان کے دادا راج کپور نے تو اداکارہ سے شادی نہیں کی تھی لیکن خاندان میں زیادہ تر لوگوں نے جیون ساتھی کا انتخاب فلم نگری سے ہی کیا ہے۔

رنبیر اور عالیہ کی شادی جمعرات کو ممبئی میں ہوئی جس میں کپور اور بھٹ خاندان کے افراد نے شرکت کی، یوں کہیں کہ بالی وڈ کے کئی نامور فن کار اس تقریب کا حصہ بنے۔

رنبیر کے چچا رندھیر کپور، ان کی بڑی بیٹی اداکارہ کرشمہ کپور ، ان کی چھوٹی بیٹی کرینہ کپور اپنے شوہر سیف علی خان کے ہمراہ آئیں۔رندھیر کپور کے چچا آنجہانی اداکار ششی کپور کے بیٹے سابق اداکار کرن کپور بھی تقریب کا حصہ تھے۔

لڑکی والوں کی طرف سے عالیہ کے والد ہدایت کار مہیش بھٹ ، بڑی بہن پوجا بھٹ اور بھائی راہول بھٹ کی موجودگی نے بھی تقریب کو چار چاند لگائے۔

اصل زندگی میں جیون ساتھی بن جانے والے رنبیر اور عالیہ نے آج تک کسی فلم میں بطور ہیرو ہیروئن ساتھ کام نہیں کیا، البتہ ان کی پہلی فلم’براہماسترا’رواں سال 9 ستمبر کو ریلیز ہونے کا امکان ہے جس میں امیتابھ بچن بھی ان کے ساتھ اداکاری کریں گے۔

اداکارہ سے شادی کرکے رنبیر نے خاندانی روایت قائم رکھی

رنبیرکپور کے دادا راج کپور کا شمار بھارت کے صفِ اوّل کے اداکار و ہدایت کاروں میں ہوتا ہے۔اگرچہ انہوں نے کسی اداکارہ سے شادی نہیں کی لیکن ان کے دونوں چھوٹے بھائیوں شمی کپور اور ششی کپور نے اداکاراؤں سے شادی کی اور انہیں فلموں میں کام سے بھی نہیں روکا۔

راج کپور کی اہلیہ کرشنا معروف اداکار پریم ناتھ ، راجندرناتھ اور نریندر ناتھ کی بہن تھیں۔ اُن کے بیٹے آنجہانی اداکار رشی کپور کی آپ بیتی ‘کھلم کھلا ، رشی کپور ان سنسرڈ ‘ کے مطابق ان کے والد راج کپور کے اداکارہ نرگس اور اداکارہ وجنتی مالا سے افئیر کے باوجود انہوں نے اہلیہ کرشنا راج کپور کو نہیں چھوڑا۔

راج کپور کے بھائی شمی کپور کی شادی پچاس کی دہائی میں معروف اداکارہ گیتا بالی سے ہوئی تھی جو دس سال کی رفاقت کے بعد وفات پاگئی تھیں۔ششی کپور نے بھی 1958 میں اداکارہ جینفر کینڈل سے شادی کی تھی جو 1984 میں ان کی وفات تک قائم رہی۔

اپنے چچاؤں کی طرح راج کپور کے بڑے بیٹے رندھیر کپور نے مشہور اداکارہ ببیتا، اور رشی کپور نے ساتھی اداکارہ نیتو سنگھ سے شادی کی تھی، جس کے بعد دونوں معروف و مصروف ادکاراؤں نے فلم انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔ تاہم نیتو سنگھ نے تقریبًا بیس سال کے وقفے کے بعد دوبارہ فلموں میں کام کرکے اپنا کریئر آگے بڑھایا۔

رندھیر کپور کی دونوں بیٹیوں نے بھی بالی وڈ میں اداکاری کی۔ بڑی بیٹی کرشمہ کپور نے تو غیر فلمی شخصیت سے شادی کی لیکن چھوٹی بیٹی کرینا کپور نے اداکار سیف علی خان کو اپنا جیون ساتھی چنا، جن سے اب ان کے دو بیٹے ہیں۔

کپور خاندان، بالی وڈ کا سب سے بڑا خاندان کیسے بن گیا؟

جو لوگ بالی وڈ کو زیادہ قریب سے نہیں جانتے ان کے لیے امیتابھ بچن کے خاندان کو بالی وڈ کا سب سے بڑا گھرانہ سمجھا جاتا ہے ، جس میں ان کی بیوی جیا بچن، بیٹا ابھیشیک بچن اور بہو ایشوریا رائے بچن آج بھی اداکاری سے جڑے ہیں، لیکن بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ بچن خاندان خود کپور خاندان کا حصہ ہے۔

امیتابھ اور جیا بچن کی بیٹی شویتا بچن کی شادی اداکار راج کپور کی بیٹی ریتو نندا کے بیٹے نکھیل نندا سےہوئی جن کا فلم انڈسٹری سے تو کوئی تعلق نہیں لیکن ان کا ننھیال بالی وڈ سے ہے۔

اگر کپور خاندان کی فلموں میں آمد کی بات کی جائے تو وہاں اداکاری کی بنیاد راج کپور کے والد پرتھوی راج کپور نے 1930 کی دہائی میں رکھی تھی۔ ان کے اپنے والد اور راج کپور کے دادا بشیشورناتھ کپور ، پولیس سے ریٹائرمنٹ کے بعد فلم ‘آوارہ’ میں ایک جج کے کردار میں نظر آئے تھے۔

پرتھوی راج کپور کے بھائی ترلوک کپور نے بھی کئی فلموں اداکاری کی لیکن جو شہرت ان کے بھائی اور بھتیجوں راج کپور، شمی کپور اور ششی کپور کے حصے میں آئی، اس سے وہ محروم رہے۔

اداکار شمی کپور اور اداکارہ گیتا بالی کے بیٹے ادیتیا راج کپور نے اپنےتایاراج کپور کی چند فلموں میں بطور اسسٹنٹ کام کرنے کے ساتھ ساتھ کچھ فلموں میں اداکاری بھی کی اور کچھ انٹرنیشنل پراجیکٹس پروڈیوس بھی کیے لیکن شادی کا انتخاب انہوں نے فلم انڈسٹری سے باہر کیا۔ تاہم شمی کپور کی بیٹی کنچن نے معروف ہدایت کار من موہن ڈیسائی کے بیٹے کیتن ڈیسائی سے شادی کی۔

من موہن ڈیسائی اور شمی کپور نے ساٹھ اور ستر کی دہائی میں ‘بلف ماسٹر’، ‘بدتمیز’، اور ‘پرورش’ جیسی فلمیں بنائی تھیں۔

بالی وڈ اداکار انیل کپور کے والد بھی پرتھوی راج کپور کے رشتہ دار تھے، جس کی وجہ سے انیل کپور، ان کے بھائی بونی کپور اور سنجے کپور، اور بونی کپور کی سابق اہلیہ اداکارہ سری دیوی بھی کپور خاندان کا حصہ ہیں۔

اداکار انیل کپور اپنی صاحبزادی اداکارہ سونم کپور کے ہمراہ
اداکار انیل کپور اپنی صاحبزادی اداکارہ سونم کپور کے ہمراہ

بونی کپور کے بچے ارجن کپور اور جانھوی کپور جب کہ انیل کپور کے بچے سونم کپور اور ہرش وردھن کپور بھی راج کپور خاندان کا حصہ ہیں۔

مشہور فلم ‘ڈان’ سمیت کئی فلموں میں ولن کا کردار ادا کرنے والے اداکارکمال کپور بھی پرتھوی راج کے کزن تھے۔ ان کے داماد ہدایت کار رمیش بہل اور نواسے گولڈی بہل نے امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن کے ساتھ کئی فلمیں بنائی ہیں۔

بالی وڈ کا بھٹ خاندان بھی کپور خاندان کا حصہ بن گیا

رنبیر کپور سے شادی کے بعد عالیہ بھٹ اور ان کا خاندان بھی کپور خاندان میں شامل ہوگیا ہے۔ بالی وڈ نگری میں بھٹ ‘پریوار’ کی کہانی کپور خاندان جتنی پرانی تو نہیں لیکن ان سے کم بھی نہیں۔

اداکارہ عالیہ بھٹ کے دادا نانا بھائی بھٹ 1942 میں ہدایت کار بابوبھائی مستری کے ساتھ دو فلموں ‘مقابلہ’ اور ‘موج’ کے شریک ہدایت کار تھے جس کے بعد 1946 میں انہوں نے اپنی پروڈکشن کمپنی دیپک پکچرز کے ذریعے فلمیں بنانا شروع کیں۔

نانا بھائی بھٹ کے دو بیٹے مہیش بھٹ اور مکیش بھٹ نے باپ سے ہدایت کار ی کا فن سیکھا تو تیسرے بیٹے روبن بھٹ نے ‘عاشقی’ اور ‘بازیگر’ جیسی کئی ہٹ فلموں کی اسکرپٹ لکھی۔

مہیش بھٹ کی والدہ شیرین محمد علی کا تعلق تو فلموں سے نہیں تھا لیکن ان کی خالہ مہربانو محمد علی پرنیما کے نام سے فلموں میں کام کیا کرتی تھیں۔ معروف اداکار عمران ہاشمی انہی کے پوتے ہیں اور اسی رشتے سے وہ عالیہ بھٹ کے کزن بھی ہوتے ہیں۔

مہیش بھٹ کی بڑی بہن شیلا درشن کے بیٹے سنیل درشن اور دھرمیش درشن بھی اپنے ماموں کی طرح ہدایت کاری سے جڑے ہیں اور ‘راجہ ہندوستانی’ اور ‘دھڑکن’ جیسی فلمیں بناچکے ہیں۔

ہدایت کار موہت سوری بھی مہیش بھٹ کے بھانجے ہیں اور ان کی اہلیہ اداکارہ اڈیتا گوسوامی بھی اسی طرح بھٹ خاندان کا حصہ ہیں۔موہت سوری کی بہن اسمائیلی سوری نے بھی چند فلموں میں کام کیا جس میں ‘کلیوگ’ قابلِ ذکر ہے۔

Omair Alavi – BOL News

About the author

Omair Alavi

عمیر علوی ایک بہت معزز صحافی، تنقید کار اور تبصرہ نگار ہیں جو خبروں، کھیلوں، شوبز، فلم، بلاگ، مضامین، ڈرامہ، جائزوں اور پی ٹی وی ڈرامہ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وسیع تجربے اور داستان سوزی کی خصوصیت کے ساتھ، وہ اپنے دلچسپ تجزیوں اور دلکش تقریروں کے ذریعے حاضرین کو مسحور کرتے ہیں۔ ان کی ماہری اور تعاون نے انہیں میڈیا اور تفریحی صنعت کا اہم شخصیت بنا دیا ہے۔