کراچی
پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں سیزن میں جہاں ٹیموں کے پلے آف مرحلے میں جگہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے، وہیں اس دوڑ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بھی سامنے آگئی ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں 4 وکٹ کی شکست کے بعد کراچی کنگز کی ٹیم پلے آف کی ریس سے آؤٹ ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں وکٹ کیپر ایڈم روسنگٹن کے 69 رنز کے باوجود کراچی کنگز کی ٹیم اسکور بورڈ پر 6 وکٹ کے نقصان پر صرف 164 رنز ہی بناسکی۔جواب میں سست آغاز کے باوجود کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر 6 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرکے ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کی۔
کوئٹہ کو اس میچ میں فتح دلانے میں سب سے بڑا ہاتھ اوپنر مارٹن گپٹل کا تھا جو آخر تک وکٹ پر موجود رہے۔ انہوں نے 56 گیندوں کا سامنا کرکے 9 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 86 رنز کی ناقابل شکست میچ وننگ اننگز کھیلی۔
اس کامیاب تعاقب میں ان کا ساتھ دیا کپتان سرفراز احمد نے جنہوں نے وکٹ کیپنگ کے دوران ہاتھ میں چوٹ لگنے کے باوجود 25 گیندوں پر 29 رنز کی اننگز کھیلی اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں 95 رنز جوڑے۔
اس پارٹنرشپ نے نہ صرف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک مشکل پوزیشن سے نکالا بلکہ کراچی کنگز کے ہاتھوں سے یقینی فتح چھین کر کوئٹہ کی جھولی میں ڈال دی۔اس فتح کے ساتھ ہی کوئٹہ کی ٹیم نے خود کو پلے آف کی ریس میں رکھا ہوا ہے جب کہ کراچی کنگز کی ٹیم اس ریس سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
The Gladiators were truly unstoppable when @Martyguptill the GOAT entered the chase. 💜#SabSitarayHumaray l #QGvKK l #HBLPSL8 pic.twitter.com/H5Ya8zmE1R
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) March 6, 2023
پوائنٹس ٹیبل کے مطابق 12 پوائنٹس کے ساتھ لاہور قلندرز اور 10 پوائنٹس کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ پلے آف مرحلے میں پہنچ چکے ہیں جب کہ ملتان سلطانز اور پشاور زلمی آٹھ اور چھ پوائنٹس کے ساتھ تیسری اور چوتھی پوزیشن پر ہیں۔
کوئٹہ کے خلاف شکست کے باوجود کراچی کنگز کے چار پوائنٹس ہیں اور وہ بہتر رن ریٹ کی وجہ سے پانچویں نمبر پر ہے۔ لیکن اس کے پاس اب صرف ایک میچ رہ گیا ہے۔ آٹھ میچز کے بعد 4 پوائنٹس حاصل کرنے والی کوئٹہ کی ٹیم نے اگر اگلے دونوں میچ جیت لیے تو پلے آف میں جگہ بناسکتی ہے۔
کراچی کی شکست میں جہاں سب سے بڑا ہاتھ ان کی خراب کارکردگی کا تھا، وہیں ٹیم مینجمنٹ کا نوجوان کھلاڑیوں کے بجائے تجربہ کار کھلاڑیوں پر انحصار کرنا تھا۔ ایک تحقیق کے مطابق وہ ایونٹ کی واحد ٹیم ہے جس کے کھلاڑیوں کی اوسط عمر 30 سال سے زیادہ بنتی ہے۔
Karachi Kings' another miserable season came to an end and one of the reasons seems to be their ageing squad.
— Azeem Siddiqui (@aze3msiddiqui) March 6, 2023
At average, they fielded the oldest playing XI in the competition #HBLPSL2023 #HBLPSL8 #CricketTwitter #SabSitarayHumaray #KKvQG #QGvKK pic.twitter.com/uaIW05HenB
تقریباً پلے آف کی ریس سے باہر ہونے کے بعد کراچی کنگز نے پاکستان انڈر 19 کے سابق کپتان قاسم اکرم کو موقع دیا جو اس سےفائدہ نہ اٹھا سکے۔اس کے برعکس دیگر ٹیموں نے نوجوان کھلاڑیوں پر زیادہ انحصار کیا جس کی وجہ سے یا تو وہ پہلے پلے آف مرحلے میں پہنچ گئیں، یاپھر اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کے قریب ہیں ۔
آئیے ایسے چند کھلاڑیوں پر نظر ڈالتے ہیں جو پی ایس ایل 8 میں اپنی کارکردگی کی وجہ سے شایقین کی بھی نظروں میں آئے اور جنہیں سلیکٹرز نے اگر افغانستان کے خلاف ہونے والی سیریز میں موقع دیا تو وہ ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں۔
اعظم خان
سب سے پہلے بات اس نوجوان بلے باز کی جس نے اپنی ذمہ دارانہ بلے بازی سے ایک دو نہیں، اپنی ٹیم کو چار میچوں میں فتح سے ہمکنار کیا۔ سابق پاکستانی کپتان معین خان کے صاحبزادے اعظم خان نے پی ایس ایل 8 میں اپنی بیٹنگ سے مداحوں، شایقین اور مخالفین سب کو اپنے سحر میں مبتلا کردیا۔
پاکستان کےلیے 2021 میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے والے اس کھلاڑی پر گزشتہ کئی سالوں سے وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے تنقید ہورہی ہے لیکن اعظم خان نے اس پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے جس طرح بیٹنگ کی، اس کے بعد ان کے ناقدین چپ ہوگئے ہیں۔
Brace yourselves
— Cricket Pakistan (@cricketpakcompk) March 3, 2023
Azam Khan is here #IUvKKpic.twitter.com/WGVV33YsHB
اپنے والد کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 97 رنز کی جارح مزاج اننگز ہو یا 35 رنز کی تحمل سے بھرپور بیٹنگ، کراچی کنگز کے خلاف 44 رنز کی میچ اننگز ہو یا 72 رنز کی ناقابل شکست اننگز، اعظم خان اپنی ٹیم کے لئے ایک اثاثہ ثابت ہورہے ہیں۔
اس وقت بھی 7 میچز کے بعد 277 رنز بناکر وہ پی ایس ایل 8 کےٹاپ اسکورز میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ 7 میں سے دو اننگز میں نصف سینچریاں بناچکے ہیں جب کہ ان کے 17 چھکوں سے زیادہ کسی اور کھلاڑی نے چھکے نہیں مارے۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کی طرح وہ اگر ایک اننگز میں بیٹنگ کرتے ہیں تو دوسری میں بھی پورے 20 اوورز وکٹ کے پیچھے کھڑے رہتے ہیں، جو ایک قابلِ تعریف فعل ہے۔
احسان اللہ
اگر ایونٹ کے کامیاب بالرز کی بات کی جائے تو اس بار جو نام سب سے اوپر آرہا ہے وہ ہے ملتان سلطانز کے احسان اللہ کا، جن کے پاس رفتار بھی ہے، ورائٹی بھی اور وکٹ لینے کے بعد ایک ایسی خوشی کا اسٹائل جو ترک ڈرامے ارطغرل غازی کی یاد دلاتا ہے۔
اب تک ایونٹ میں دائیں ہاتھ سے بالنگ کرنے والے کھلاڑی سات میچز میں 16 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرچکے ہیں اور اگر ان کی کارکردگی تسلسل سے جاری رہی تو وہ ایونٹ کے ٹاپ وکٹ ٹیکر بن کر سامنے آئیں گے۔ اس سال پی ایس ایل میں ایک اننگز میں پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے والے وہ سب سے پہلے بالر بھی تھے۔
Wicket No. 15 for Ihsanullah in this year's PSL.
— Wisden (@WisdenCricket) March 4, 2023
He is some talent.#PSL2023pic.twitter.com/QqOrFftKkt
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ان کے بعد میں پشاور زلمی کے خلاف پانچ وکٹیں حاصل کیں، لیکن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف احسان اللہ کے 12 رنز کے عوض پانچ وکٹ سے بہتر کارکردگی نہ دکھا سکے۔
عباس آفریدی
ایونٹ کے دوسرے سب سے کامیاب بالر عباس آفریدی کا بھی تعلق ملتان سلطانز سے ہے اور وہ چھ میچوں میں اب تک 12 کھلاڑیوں کو واپس پویلین بھیج کر اپنے ہی ساتھی احسان اللہ سے چار وکٹیں پیچھے ہیں۔
Welcome to the attack, Abbas Afridi 🙌
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 15, 2023
Wicket on the first delivery for the youngster!#HBLPSL8 | #SabSitarayHumaray | #MSvQG pic.twitter.com/ectMixTqQY
عباس آفریدی نہ صرف سابق پاکستانی کھلاڑی عمر گل کے بھتیجے ہیں بلکہ بالنگ بھی اپنے چچا کی طرح نپی تلی کرتے ہیں۔ پی ایس ایل 8 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں 22 رنز دے کر 4 وکٹ حاصل کرنا ان کی بہترین کارکردگی ہے۔
اسامہ میر
پاکستان کے لیے حال ہی میں ون ڈے ڈیبیو کرنے والے لیگ اسپنر اسامہ میر نے بھی اپنی جادوئی بالنگ سے سب کو متاثر کیا۔ ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے لیگ اسپنر نے ٹیم کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
Usama Mir has become the dangerous weapon for Multan Sultans. Doing so well in every game.#MSvsIU #PSL8 #PSL2023 pic.twitter.com/n1LYOcDmef
— Shahzaib Ali 🇵🇰 (@DSBcricket) February 19, 2023
وہ اس وقت پی ایس ایل 8 میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے اسپنرز کی فہرست میں ٹاپ پوزیشن لاہور قلندرز کے راشد خان کے ساتھ شیئر کررہے ہیں۔ دونوں نے ایونٹ میں اب تک 9،9 وکٹیں حاصل کرکے ابرار احمد، شاداب خان اور دیگر لیگ اسپنرز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
صائم ایوب
اگر پی ایس ایل 8 میں کسی کھلاڑی نے شایقین کو سب سے زیادہ حیران کیا ہے تو وہ ہے پشاور زلمی کے صائم ایوب جنہوں نے ٹورنامنٹ کے دوران کچھ ایسے شاٹس کھیلے جنہیں مبصرین نے ناقابل یقین قرار دیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کو جن نئے طرز پر بیٹنگ کرنے والے بلے بازوں کی ضرورت ہے اس میں صائم ایوب کا نام سب سے اوپر اس لیے آتا ہے کہ وہ اسپنر اور فاسٹ بالر دونوں کے خلاف کھیلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
Saim Ayub has so much class and swag about him 🔥 #HBLPSL8 pic.twitter.com/RuIafR1BMz
— Farid Khan (@_FaridKhan) February 27, 2023
انہوں نے ایونٹ میں اب تک دو نصف سینچریوں کی مدد سے 6 اننگز میں 109رنز بنائے ہیں، جس میں دس چوکے اور پانچ چھکے اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ رنز بھاگنے سے زیادہ بال کو باؤنڈری سے باہر بھیجنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
عبداللہ شفیق
لاہور قلندرز کی ٹیم میں اس سیزن میں دیر سے آنے والے عبداللہ شفیق نے چار میچز کھیل کر 183 رنز اسکور کیے۔ ان کا دوسروں سے بہتر 160 رنز کا اسٹرائیک ریٹ اور 45 عشاریہ سات پانچ کی اوسط ان کی ٹیم کو سب سے پہلے پلے آف میں جگہ دلانے کی اہم وجہ بنی۔
عبداللہ شفیق اس وقت پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ اوپنر تو ہیں ہی، لیکن جس جارح مزاجی سے انہوں نے پی ایس ایل کے دوران بیٹنگ کی وہ انہیں سب سے چھوٹے فارمیٹ کے لیے آئیڈیل بناتی ہے۔
.@imabd28's rollicking innings finally comes to an end
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 26, 2023
Played, young star 👏#HBLPSL8 | #SabSitarayHumaray | #LQvPZ pic.twitter.com/RpRcnDnY5s
پشاور زلمی کے خلاف ان کی 41 گیندوں پر 75 رنز کی اننگز میں پانچ چھکے اور پانچ ہی چوکے شامل تھے اور اس میچ میں ان کی جارح مزاج اننگز نے ہی ساتھی بلے باز فخر زمان کو وکٹ پر تھم کر کھیلنے کا وہ موقع دیا جس کے بعد انہوں نے 96 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی۔
حسیب اللہ خان
اگرچہ حسیب اللہ خان نے پی ایس ایل 8 میں صرف ایک میچ کھیلا ہے لیکن اسی میچ میں نصف سینچری اسکور کرکے اس وکٹ کیپر بلے باز نے ٹیم کو مشکلات سے نکالا بھی اور میچ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
جس وقت پنڈی میں کھیلے جانے والے میچ میں پشین سے تعلق رکھنے والے حسیب اللہ خان وکٹ پر آئے تو کراچی کنگز کے محمد عامر پہلے اوور میں دونوں اوپنرز محمد حارث اور کپتان بابر اعظم کو واپس پویلین بھیج چکے تھے جب کہ دوسرے اوور میں صائم ایوب کو آؤٹ کرکے پشاور زلمی کو مشکل میں ڈالنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔
pic.twitter.com/BfsSRaI4yF
— Peshawar Zalmi (@PeshawarZalmi) March 1, 2023
Your views on Haseeb Ullah's innings? 💛
ایسے میں حسیب اللہ خان نے ٹام کوہلر کیڈمور کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کی شراکت میں صرف 7 اوورز میں 82 رنز جوڑے جس میں 29 گیندوں پر 50 رنز ان کا حصہ تھا۔ان کی اس اننگز میں تین چھکے اور چار چوکے شامل تھے اور انہوں نے یہ رنز 172 عشاریہ چار ایک کے اسٹرائیک ریٹ سے بنائے۔
اس کامیابی کے بعد وہ دوبارہ فائنل الیون میں تو جگہ نہیں بناسکے لیکن دیکھنے والوں کے ذہنوں پر گہرا اثر چھوڑ گئے۔