اسپورٹس

یورو 2020: سابق چیمپئن اٹلی یا میزبان انگلینڈ، فائنل میں کس کا پلڑا بھاری ہوگا؟

Written by Omair Alavi

انگلش ٹیم یورو چیمپئن شپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے

انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں۔ یورو 2020 کی ٹرافی کے لیے جنگ اب اٹلی اور انگلینڈ کے درمیان ہوگی۔ یہ مجموعی طور پر اٹلی کا چوتھا اور انگلینڈ کا پہلا یورو کپ فائنل ہوگا۔

لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے ڈنمارک کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ اس فتح کے بعد انگلش فٹ بال ٹیم 55 برس بعد کسی میگا ایونٹ کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

مقررہ وقت کے دوران میچ ایک ایک گول سے برابر رہا لیکن اضافی وقت میں انگلش کپتان ہیری کین نے پنلٹی کک پر گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو 1-2 سے فتح یاب کیا۔

اس میچ میں انگلش ٹیم نے شاندار کھیل پیش کیا۔ میزبان ٹیم نے مقامی کراؤڈ اور مقامی گراؤنڈ کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔

ایونٹ کا فائنل اتوار اور پیر کی درمیانی شب پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ہر دور میں انگلش فٹ بال ٹیم کے پاس دنیا کے بہترین کھلاڑی رہے ہیں لیکن انگلینڈ کی ٹیم میگا ایونٹس کے فائنل سے محروم رہی ہے۔

انگلش ٹیم پہلی مرتبہ یورو چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچی ہے۔

آخری بار انگلش ٹیم نے 1966 میں فٹ بال ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا تھا جس میں اسے کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ اس بار بھی شائقین پرامید ہیں کہ 1966 کے ورلڈ کپ کی طرح ایک بار پھر کامیابی ان کے قدم چومے گی۔

دونوں میگا ایونٹس میں مماثلت بھی حیران کن ہے۔ 55 برس قبل ہونے والا فائنل بھی جولائی کے مہینے میں لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا اور 11 جولائی کو ہی یہ فائنل بھی لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم میں ہی ہوگا۔

سن 1966 کے ورلڈ کپ میں بھی انگلینڈ نے تمام میچز ہوم گراؤنڈ پر کھیلے تھے اور یورو 2020 کے ایک میچ کے علاوہ باقی تمام میچز انگلینڈ نے اپنے ہی ہوم گراؤنڈ پر کھیلے ہیں۔

اور اب ایک مرتبہ پھر اسے میگا ایونٹ کے فائنل کا موقع ملا ہے۔

عالمی رینکنگ میں چوتھے نمبر پر موجود انگلینڈ کا مقابلہ سابق چیمپئن اٹلی سے ہو گا جو اس وقت فیفا کی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر ہے۔

پہلی بار یورو کپ کے فائنل میں پہنچنے والی انگلش ٹیم کے برعکس اطالوی ٹیم چوتھی مرتبہ ایونٹ کے فائنل میں پہنچی ہے۔ اس سے قبل 1968 میں انہوں نے یہ ٹائٹل جیتا، جب کہ 2000 اور 2012 میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔

اٹلی کی جانب سے ٹاپ گول اسکورر کی فہرست میں کوئی نہیں۔ لیکن اس نے ایونٹ میں اب تک 12 گول اسکور کیے ہیں جو اسپین سے صرف ایک گول کم ہے۔

دوسری جانب انگلینڈ کے کپتان ہیری کین ایونٹ میں چار اور رحیم اسٹرلنگ تین گول کے ساتھ ٹاپ کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

یورو 2020 کے فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں نے کس کس کو شکست دی؟

یورو 2020 کے فائنل میں جگہ بنانے والی اطالوی ٹیم نے گروپ میچز سے لے کر فائنل تک، شاندار کھیل پیش کیا۔ گروپ ‘اے’ میں تین میچز جیت کر ٹاپ کرنے والی ٹیم نے پری کوارٹر فائنل میں آسٹریا کو دو ایک، کوارٹر فائنل میں عالمی نمبر ایک بیلجیم کو دو ایک اور سیمی فائنل میں اسپین کو ایک ایک کے مقابلے کے بعد پنلٹی ککس پر شکست دی۔

دوسری جانب انگلینڈ نے اپنے پہلے گروپ میں دو میچ جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پھر راؤنڈ 16 میں جرمنی کو دو صفر اور کوارٹر فائنل میں یوکرین کو چار صفر سے زیر کر کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔

سیمی فائنل میں انگلش ٹیم نے مضبوط ڈنمارک کو دو ایک سے مات دے کر پہلی بار یورو کپ کے فائنل میں جگہ بنائی۔

Omair Alavi – BOL News

About the author

Omair Alavi

عمیر علوی ایک بہت معزز صحافی، تنقید کار اور تبصرہ نگار ہیں جو خبروں، کھیلوں، شوبز، فلم، بلاگ، مضامین، ڈرامہ، جائزوں اور پی ٹی وی ڈرامہ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وسیع تجربے اور داستان سوزی کی خصوصیت کے ساتھ، وہ اپنے دلچسپ تجزیوں اور دلکش تقریروں کے ذریعے حاضرین کو مسحور کرتے ہیں۔ ان کی ماہری اور تعاون نے انہیں میڈیا اور تفریحی صنعت کا اہم شخصیت بنا دیا ہے۔