کراچی کنگز کو مسلسل ساتویں شکست ہوئی ہے۔
کراچی —
پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)کے ساتویں ایڈیشن کا دوسرا حصہ لاہور میں جاری ہے۔ پیر کو کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو ایک رنز سے شکست دے کر پلے آف مرحلے سے باہر کردیا ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے کراچی کنگز کو کامیابی کے لیے 192رنز کا ہد ف دیا تھا۔جو کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ اوورز میں نہ بنا سکی اور یوں یونائیٹڈ کو ایک رنز سے کامیابی مل گئی۔
اس شکست کے ساتھ ہی کراچی کنگز کا سفر اب ایونٹ میں لگ بھگ ختم ہی ہو گیا ہے۔ اگرچہ اس کے ابھی تین میچز باقی ہیں لیکن ان تینوں میچز میں کامیابی بھی اسے اگلے مرحلے میں جگہ نہیں دلا سکے گی۔
پیر کو کھیلا گیا میچ خاصہ دلچسپ رہا اور دوسری اننگز میں یونائیٹڈ کی ٹیم کو اس وقت دھچکا لگا جب فاسٹ بالر ذیشان ضمیر اور پھر کپتان شاداب خان انجری کا شکار ہو کر فیلڈ سے باہر چلے گئے۔ اس دوران نائب کپتان آصف علی نے مشکل وقت میں ٹیم کی قیادت کی اور ایک رنز سے ٹیم کو فتح دلا دی۔
بابر اعظم کی قیادت میں کراچی کنگزکی ٹیم اسلام آباد کی ناقص فیلڈنگ سے بھی فائدہ نہ اٹھا سکی، جس نے کئی اہم مواقع پر آسان اور مشکل کیچز ڈراپ کیے۔
کراچی کنگز کو ایونٹ میں مسلسل ساتویں شکست
لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز کے اختتام پر 7 وکٹ کے نقصان پر 191 رنز بنائے تھے۔ کپتان شاداب خان 34 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، آخری اوورز میں فہیم اشرف او ر آصف علی کی تیز رفتار بیٹنگ نے ایک بڑا اسکور سیٹ کیا۔
بیس اوورز میں 192 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کا آغاز اچھا نہ تھا۔کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر جو کلارک کے جلد آؤٹ ہوجانے کی وجہ سے ٹیم مشکلات کا شکار تھی، لیکن شرجیل خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 44 رنز اسکور کیے۔
البتہ وہ بھی زیادہ دیر تک ٹیم کا ساتھ نہ دےسکے اور آؤٹ ہو گئے۔ ان کے بعد آنے والے دیگر 2 کھلاڑیوں نے بھی کوئی خاطر خواہ پرفارم نہیں کیا اور 80 کے مجموعی اسکور پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
.@KarachiKingsARY are out of the race for the #HBLPSL7 playoffs after becoming the first-ever team to lose 7️⃣ consecutive games in a PSL season ❌
— CricWick (@CricWick) February 15, 2022
Who do you think will be the top four teams making it to the next round❓#HBLPSL #JubileeLife #Insurance #PSL7 pic.twitter.com/AJ8YhWcPz4
چھٹی وکٹ کی شراکت میں سابق کپتان عماد وسیم اور انڈر 19 ٹیم کے کپتان قاسم اکرم نے 108 رنز جوڑ کر کنگز کے لیے فتح کی راہ ہموار کی۔لیکن عماد وسیم کے 55 اور قاسم اکرم کےناقابل شکست 51 رنزبھی ٹیم کو شکست سے نہ روک سکے۔
میچ کا آخری اوور اسلام آباد یونائیٹڈ کے بائیں ہاتھ سے بالنگ کرنے والے وقاص مقصور نے کرایا، انہوں نے نہ صرف دو وکٹیں حاصل کیں بلکہ کراچی کی ٹیم کو مطلوبہ ہدف حاصل کرنے سے بھی روک دیا۔
Feast your eyes on this, KK fans! #HBLPSL7 l #LevelHai l #IUvKK pic.twitter.com/1QpqO1oqPt
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 14, 2022
وقاص مقصود نے مجموعی طور پر تین اور پلیئر آف دی میچ آصف علی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس کامیابی سے اسلام آباد یونائیٹڈ نےپوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مستحکم کرلی ہے اور کراچی کنگز کو دوسرے مرحلے کی دوڑ سے باہر کردیاہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کا راج، لاہور کا دوسرا نمبر
پی ایس ایل سیزن 7 میں اب تک تمام ٹیمیں 7 میچز کھیل چکی ہیں۔ لیکن مسلسل ناکامیوں کے ساتھ کراچی کنگز پوائنٹس ٹیبل پر آخری پوزیشن پر ہے۔
محمد رضوان کی ملتان سلطانز نے سات میں سے چھ میچز میں فتح حاصل کی ہے اور وہ 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر برقرار ہے۔ اسی طرح شاہین شاہ آفریدی کی لاہور قلندرز پانچ کامیابیوں اور 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جب کہ شاداب خان کی اسلام آباد یونائیٹڈ چار کامیابیوں کے ساتھ آٹھ پوائنٹس حاصل کرکے تیسرے نمبر پر ہے۔
We know you were thinking of a super over. This was just as thrilling. #HBLPSL7 l #LevelHai l #IUvKK pic.twitter.com/DJSBdgQAnq
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 14, 2022
چوتھی اور پانچویں پوزیشن پر بالترتیب سرفراز احمد کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور وہاب ریاض کی پشاور زلمی موجود ہیں، دونوں ٹیموں نےتین تین کامیابیوں کے بعدچھ چھ پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔
پی ایس ایل7: کون کس کے مدِ مقال آئے گا؟
پی ایس ایل سیزن 7 کے پہلے راؤنڈ میں اب صرف نو میچز رہ گئے ہیں جس کے بعد پلے آف مرحلے کا آغاز ہو گا۔اس مرحلے میں کوالیفائی کرنے کے لیے تمام ٹیموں کے پاس یکساں موقع تھا۔ لیکن کراچی کنگز مسلسل ناکامیوں کے بعد اب اس مرحلے کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے اور اب پانچ ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہے۔
پوائنٹس ٹیبل کی صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے بظاہر تو ملتان سلطانز، لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں اگلے مرحلے میں کوالیفائی کرنےکے لیے فیورٹ ہیں۔ لیکن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی بھی کسی بھی وقت اپ سیٹ کرسکتی ہیں۔
اس کے علاوہ اگر کراچی کنگز اپنے آخری تینوں میچز میں کامیابی حاصل کرلیتی ہے تو اس کے چھ پوائنٹس ہوں گے اور پوائنٹس ٹیبل کی صورتِ حال تبدیل ہو جائے گی۔ البتہ کراچی کنگز چھ پوائنٹس کے ساتھ بھی ایونٹ سے باہر ہی رہے گی۔
واضح رہے کہ ایونٹ کا پہلا کوالی فائر 23 فروری کو پوائنٹس ٹیبل پر موجود ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس میچ کی کامیاب ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی جب کہ شکست کھانے والی ٹیم کے پاس ایک موقع اور ہو گا اور وہ 25 فروری کو دوسرے ایلی منیٹر میں مخالف ٹیم کے مدِ مقابل آئے گی۔
ایونٹ کا پہلا ایلی منیٹر 24 فروری کو پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے اور چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیموں کے درمیان ہو گا۔ اس میچ کی فاتح ٹیم کوالیفائر ہارنے والی ٹیم سے دوسرے ایلی منیٹر میں مدِ مقابل آئے گی۔دوسرے ایل منیٹر میں جیتنے والی ٹیم 27 فروری کو فائنل کھیلے گی۔