شوبز

شوبز انڈسٹری میں منشیات کا استعمال، وہ اداکار جن کے کامیاب کریئر تباہ ہوئے

Written by Omair Alavi

کراچی — 

بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان کے 23 سالہ بیٹے آریان خان نے ویسے تو شوبز انڈسٹری میں قدم نہیں رکھا لیکن اپنے والد کی وجہ سے انہیں دنیا بھر میں لوگ جانتے ہیں۔​

ممبئی کے ساحل پر ایک کروز جہاز سے منشیات برآمدگی کے بعد بھارت کے انسدادِ منشیات کے سرکاری ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے اتوار کو انہیں گرفتار کیا تھا۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ جب شاہ رخ خان کے خاندان کے کسی فرد کو پولیس نے منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ اس سے قبل ان کی اہلیہ اور آریان کی والدہ گوری خان کو بھی سال 2011 میں برلن ایئرپورٹ پر مبینہ طور پر چرس کی معمولی مقدار رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ بعد ازاں انہیں رہا کر دیا گیا تھا۔

بالی وڈ ہو یا ہالی وڈ، منشیات کے استعمال نے ماضی میں کئی اداکاروں کے کریئر تباہ کیے ہیں۔ ایسے ہی چند اداکاروں پر نظر ڈالتے ہیں جن کا کریئر منشیات کی وجہ سے متاثر ہوا۔

گزشتہ برس معروف اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد بالی وڈ میں منشیات کے استعمال کی خبریں سامنے آئیں۔

سوشانت سنگھ کی موت کے بعد ان کی مبینہ گرل فرینڈ اداکارہ ریا چکربورتی اور ان کے بھائی کو پولیس نے حراست میں لیا تھا۔ ان پر الزام تھا کہ ان دونوں نے مل کر آنجہانی اداکار کے لیے منشیات کا انتظام کیا تھا۔

آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ اداکارہ کریتی سینن کے ساتھ (فائل فوٹو)
آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ اداکارہ کریتی سینن کے ساتھ (فائل فوٹو)

جو لوگ بالی وڈ کو کافی عرصے سے فالو کر رہے ہیں ان کے لیے یہ خبر نئی نہیں کہ شوبز انڈسٹری میں کئی اداکار منشیات کا استعمال کرتے رہے ہیں۔

سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم میں بھی ان کی نشے کی لت پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ہے اور اس میں دکھایا گیا ہے کہ سن 1982 میں اسی لت کی وجہ سے ان کے والد سنیل دت نے انہیں امریکہ میں ری ہیب کے لیے بھیجا تھا۔

اس تمام صورتِ حال کے باوجود ‘منا بھائی’ یعنی سنجے دت کے مداح ان کے کریئر کو اوپر، نیچے اور پھر اوپر جاتا دیکھ چکے ہیں۔

سنجے دت کی بائیوپک میں ان کا کردار ادا کرنے والے رنبیر کپور نے بھی ایک انٹرویو میں منشیات استعمال کرنے کا اعتراف کیا تھا۔ ان کے مطابق ایکٹنگ اسکول میں انہوں نے کئی مرتبہ نشہ کیا اور بعد میں فلم ‘راک اسٹار’ کے کچھ سینز میں جان ڈالنے کے لیے نشے کا سہارا لیا۔

ادھر معروف بھارتی اداکار فیروز خان کے بیٹے فردین خان کو بھی سن 2001 میں ممبئی میں کوکین رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔​

رنبیر کپور نے بھی ایک انٹرویو میں منشیات استعمال کرنے کا اعتراف کیا تھا۔
رنبیر کپور نے بھی ایک انٹرویو میں منشیات استعمال کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

منشیات کا استعمال یا اسے اسمگل کرنے کا الزام معروف کریکٹر اداکار وجے راز، نوے کی دہائی کی خوبرو اداکارہ ممتا کلکرنی، منیشا کوئرالہ پر بھی لگ چکا ہے لیکن منشیات نے اگر کسی کا کامیاب کریئر تباہ کیا تو وہ تھیں ستر اور اسی کی دہائی میں لاتعداد ہٹ فلمیں دینے والی اداکارہ پروین بابی۔

پروین بابی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ معروف اداکار مہیش بھٹ سے بریک اپ کے بعد انہوں نے ایل ایس ڈی ڈرگ کے ذریعے خود کو بہلانے کی کوشش کی اور بعد میں نشے کی لت نے پہلے ان کا کریئر اور بعد میں زندگی کا خاتمہ کردیا۔

پروین بابی کی زندگی پر بننے والی فلم ‘وہ لمحے’ میں ان کا کردار کنگنا رناوت نے ادا کیا جنہوں نے خود ایک ویڈیو میں اعتراف کیا تھا کہ و ہ بھی ایک زمانے میں نشے کی عادی تھیں۔

منشیات کے استعمال سے ہالی وڈ اسٹارز کی موت

ہالی وڈ فلم انڈسٹری میں منشیات کا استعمال کوئی نئی بات نہیں۔ لیکن یہاں کامیاب اداکاروں کا اس لت کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار جانے کا تناسب دیگر ممالک کی نسبت زیادہ ہے۔

‘اسٹار وارز’ فرنچائز میں شہزادی لئیا کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ کیری فشر کو منشیات استعمال کرنے کی وجہ سے وہ عروج نہ مل سکا جس کی وہ حق دار تھیں اور 60 سال کی عمر میں وہ زندگی کی بازی ہار گئیں۔

مشہور اداکار ہیتھ لیجر جنہوں نے بیٹ مین کے ولن ‘جوکر’ کے کردار کو ہمیشہ کے لیے امر کر دیا، ان کی موت کے پیچھے بھی منشیات کا عمل دخل تھا۔

ہالی وڈ اداکارہ لنزے لوہن کی فلمی دنیا میں واپسی

حال ہی میں ‘جوکر’ کا کردار ادا کرنے والے جیکوئن فینکس کے بڑے بھائی ریور فینکس کا کریئر بھی سن 1993 میں صرف 23 سال کی عمر میں منشیات کی وجہ سے ختم ہو گیا تھا۔

‘وزرڈ آف اوز’ میں ڈوروتھی کے کردار سے شہرت پانے والی 47 سالہ جوڈی گارلینڈ ہوں یا 36 سالہ ہالی وڈ بیوٹی مارلن مونرو یا پھر آسکر میں نامزد ہونے والے فکپ سیمور ہافمین۔ ان سب کی اچانک موت کے پیچھے کہیں نہ کہیں منشیات کا ہاتھ ضرور تھا۔

ستر کی دہائی میں اپنے منفرد ہیئر اسٹائل کی وجہ سے مقبول ہونے والی ‘چارلی اینجلز’ کی ‘اینجل’ فرح فوسیٹ کا کریئر بھی منشیات کی نظر ہوا۔ اپنے زمانے کی خوب صورت اداکارہ ایلزبتھ ٹیلر نے بھی کئی برسوں تک منشیات کا استعمال کیا، جس کا نقصان انہیں کریئر کے آخر میں اٹھانا پڑا۔

منشیات کی لت چھوڑ کر واپس آنے والے اسٹارز

دنیا بھر میں جہاں چند اداکاروں نے منشیات کے ہاتھوں اپنا کریئر خراب کیا وہیں کچھ ایسے بھی اداکار ہیں جنہوں نے اس لت سے چھٹکارا پا کر کم بیک کیا۔

ان اداکاروں میں سب سے بڑا نام اداکار رابرٹ ڈاؤنی جونیئر کا ہے جنہیں آج کل لوگ ‘آئرن مین’ یا ‘شرلوک ہومز’ کے نام سے جانتے ہیں۔ نوے کی دہائی میں بہترین اداکار کا آسکر جیتنے والے اس اداکار کو متعدد بار منشیات کا استعمال کرنے پر جیل ہوئی اور انہیں ری ہیب بھی بھیجا گیا۔

سن 2002 میں اس اعلان کے بعد کہ وہ مکمل طور پر صحت یاب ہوگئے ہیں، انہوں نے فلموں میں کم بیک کیا اور آج کل ان کا شمار دنیا کے مشہور اور کامیاب ترین اداکاروں میں ہوتا ہے۔

ہالی وڈ اداکار بریڈلی کوپر
ہالی وڈ اداکار بریڈلی کوپر

سن 2011 میں فلم ‘لمٹ لیس’ میں بریڈلی کوپر نے ایک ایسے شخص کا کردار ادا کیا جو ایک ٹرائل ڈرگ لے کر مشکل سے مشکل کام آرام سے کرلیتا ہے۔ یہ فلم بے حد مقبول تو ہوئی اور بریڈلی کوپر کی اداکاری کو سب نے سراہا لیکن یہ کوئی نہیں جانتا تھا کہ اس جاندار پرفارمنس کے پیچھے ایسا تجربہ ہے جسے خود بریڈلی کوپر نے محسوس کیا۔

سن 2004 میں جب انہیں مشہور ٹی وی شو ‘ایلیئس’ سے فارغ کیا گیا تو انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ نشے سے دور رہیں گے اور اس فیصلے کے بعد سے اب تک کئی مشہور فلموں میں اداکاری کے ساتھ ساتھ آسکر کے لیے آٹھ مرتبہ نامزد بھی ہو چکے ہیں۔

مشہور اداکارہ ڈریو بیری مور ہوں، کرسٹن ڈنسٹ یا پھر لنڈسے لوہن، تینوں کو ہی کم عمری میں شہرت مل گئی تھی جس کے بعد انہوں نے منشیات کا استعمال شروع کردیا تھا۔ لیکن بروقت فیصلوں کی وجہ سے وہ اپنے کریئر کو بچانے میں کامیاب ہو گئیں۔

لیکن اداکار مارٹن شین کے بیٹے چارلی شین اور ‘ہوم الون’ سے شہرت پانے والے میکولے کلکن کو منشیات کے ہاتھوں اپنے کامیاب فلمی کریئر سے ہاتھ دھونا پڑا، اور آج کل دونوں اداکار ٹی وی پر اپنے کریئر کو بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

Omair Alavi – BOL News

About the author

Omair Alavi

عمیر علوی ایک بہت معزز صحافی، تنقید کار اور تبصرہ نگار ہیں جو خبروں، کھیلوں، شوبز، فلم، بلاگ، مضامین، ڈرامہ، جائزوں اور پی ٹی وی ڈرامہ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وسیع تجربے اور داستان سوزی کی خصوصیت کے ساتھ، وہ اپنے دلچسپ تجزیوں اور دلکش تقریروں کے ذریعے حاضرین کو مسحور کرتے ہیں۔ ان کی ماہری اور تعاون نے انہیں میڈیا اور تفریحی صنعت کا اہم شخصیت بنا دیا ہے۔