اسپورٹس

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: سری لنکا کے ہسارانگا ہیٹ ٹرک کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل

Written by Omair Alavi

کراچی — 

سری لنکا کے لیگ اسپنر ونیندو ہسارانگا کی ہیٹ ٹرک، جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیم کو شکست سے تو نہ بچا سکی، البتہ اس کارنامے کے بعد وہ ان کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے میگا ایونٹ میں مسلسل تین یا اس سے زیادہ گیندوں پر وکٹیں حاصل کی۔

اس سنگ میل کے باوجود سری لنکا کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں چار وکٹ سے شکست ہوئی۔ البتہ جہاں سری لنکن شائقین اس میچ کو بھلانے کی کوشش کریں گے۔ وہیں ہسارانگا کو یہ میچ ہمیشہ یاد رہے گا۔

ہسارانگا کی ہیٹ ٹرک اس لیے بھی قابل ذکر ہے کیوں کہ ان کے تین میں سے دو شکار مستند بلے باز تھے۔

سب سے پہلے انہوں نے 15ویں اوور کی آخری گیند پر ایڈن مارکرم کو بولڈ کر کے جنوبی افریقی ٹیم کو مشکلات میں ڈالا، جو 19 رنز پر سیٹ نظر آرہے تھے۔

اس کے بعد اپنے اگلے اوور کی پہلی دو گیندوں پر بھی ہسارانگا نے تباہی مچائی۔

ان کا پہلا شکار جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما تھے جو 46 رنز بناکر باؤنڈری پر کیچ ہوئے۔ تو دوسرے ڈوین پریٹوریس تھے۔ جو لانگ آن پر چھکا مارنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوئے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں دوسری ہیٹ ٹرک

سری لنکا کے ونیندو ہسارانگا نہ تو اس ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔ نہ ہی اس ایڈیشن میں یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے بالر۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی پہلی ہیٹ ٹرک کا سہرا آسٹریلوی فاسٹ بالر بریٹ لی کے سر جاتا ہے جنہوں نے پہلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بنگلہ دیش کے خلاف یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔

انہوں نے کیپ ٹاؤن میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن، مشرفی مرتضیٰ اور الوک کپالی کو واپس پویلین بھیج کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی پہلی ہیٹ ٹرک کی تھی۔

اس کے بعد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تو کئی کھلاڑیوں نے یہ کارنامہ انجام دیا البتہ ورلڈکپ میں کسی بھی بالر کواس کامیابی کے لیے 14 سال انتظار کرنا پڑا۔

ورلڈکپ میں 14 برس بعد ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز آئرلینڈ کے فاسٹ بالر کرٹس کیمفر کو جاتا ہے جنہوں نے ایک نہیں، دو نہیں بلکہ مسلسل چار گیندوں پر چار ڈچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

انہوں نے یہ کارنامہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے تیسرے میچ میں ابوظہبی کے مقام پر انجام دیا۔ کیمفر نے میچ کا دسواں اوور پھینکا جس میں چار مرتبہ انہیں کامیابی حاصل ہوئی۔

ان کے اوور کی دوسری گیند پر کالن ایکرمین، تیسری پر رائن ٹین ڈوشے ، چوتھی پر اسکاٹ ایڈورڈز اور پانچویں پر ریولوف وین ڈر میرو آؤٹ ہو کر پویلین واپس گئے۔

پچاس اوورز کے کرکٹ ورلڈکپ میں کئی کھلاڑی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ہیٹ ٹرک کا کارنامہ تو صرف تین بالرز نے انجام دیا ہے۔ البتہ ون ڈے کرکٹ میں یہ ریکارڈ کئی کھلاڑیوں کے پاس ہے۔

صرف ون ڈے ورلڈکپ میں ہی اب تک 11 کھلاڑی تین گیندوں پر تین بلے بازوں کو آؤٹ کر چکے ہیں جس میں سے سری لنکا کے لسیتھ ملنگا دو بار ایسا کرکے سرفہرست ہیں۔

ویسے تو ورلڈکپ کرکٹ کا آغاز 1975 میں ہوا اور ون ڈے کی پہلی ہیٹ ٹرک 1982 میں پاکستان کے جلال الدین نے کی تھی۔ البتہ ورلڈکپ میں یہ کارنامہ سب سے پہلے بھارت کے چیتن شرما نے انجام دیا۔ یہ وہی چیتن شرما ہیں جن کی آخری گیند پر جاوید میانداد نے شارجہ کے مقام پر تاریخی چھکا مارا تھا۔

ناگ پور کے مقام پر چیتن شرما نیوزی لینڈ کے تین بلے بازوں کین ردرفرڈ، این اسمتھ اور ایون چیٹ فیلڈ کو بولڈ کرکے ورلڈکپ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے کھلاڑی بنے۔

اس کے 12 سال بعد پاکستان کے موجودہ عبوری ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق بھی ورلڈکپ میں ہیٹ ٹرک کرنے میں کامیاب ہوئے۔

ثقلین مشتاق نے اوول کے میدان پر زمبابوے کے ہنری اولنگا، ایڈم ہکل اور پومی منگوا کو آؤٹ کیا تھا۔

چار سال بعد سری لنکا کے چمندا واس نے جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے ورلڈکپ کی پہلی ہیٹ ٹرل بنگلہ دیش کے خلاف کی۔

اسی ایڈیشن میں آسٹریلیا کے بریٹ لی نے کینیا کے تین کھلاڑیوں کو اتنی ہی گیندوں پر آؤٹ کرکے تاریخ رقم کی۔

لیکن سب سے لمبی اور کامیاب ہیٹ ٹرک کا کریڈٹ سری لنکا کے لسیتھ مالنگا کو جاتا ہے جن کے سائیڈ آن ایکشن کی وجہ سے بلے باز مشکلات کا شکار ہی رہتے تھے۔

گیانا کے میدان پر 2007 کے ورلڈکپ میں انہوں نے شان پولاک، اینڈریو ہال، جیک کیلس اور مخایا این ٹینی کو چار گیندوں پر آؤٹ کرکے دنیائے کرکٹ کی سب سے انوکھی ہیٹ ٹرک کی جس میں چار کھلاڑیوں کو اپنی وکٹ سے ہاتھ دھونا پڑا۔

چار سال بعد ویسٹ انڈیز کے کیمار روچ نے دہلی میں کھیلے گئے ورلڈکپ میچ میں ہالینڈ کے تین بلے بازوں کو ٹھکانے لگایا لیکن اس ایڈیشن میں بھی مالنگا کا زور چلا اور وہ ورلڈکپ کرکٹ میں دو مرتبہ ہیٹ ٹرک کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔

انہوں نے یہ کارنامہ کینیا کے خلاف انجام دیا جس میں ایک کھلاڑی ایل بی ڈبلیو اور باقی دونوں بولڈ تھے۔

سن 2015 کا ورلڈکپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلا گیا جس میں انگلینڈ کے اسٹیفن فن نے آسٹریلیا کے تین بلے بازوں کو تین گیندوں پر آؤٹ کیا۔

وہیں جنوبی افریقہ کے جے پی ڈومینی نے اپنی پارٹ ٹائم بالنگ سے سری لنکن بیٹسمینوں کے خلاف ہیٹ ٹرک بنائی۔

اب تک کھیلے گئے ون ڈے کے آخری ورلڈکپ میں بھی دو ہیٹ ٹرک بنیں جن میں سے ایک بھارتی پیسر محمد شامی اور دوسری نیوزی لینڈ کےٹرینٹ بولٹ کے حصے میں آئی۔

محمد شامی نے تین افغان بلے بازوں کو ٹھکانے لگایا تو ٹرینٹ بولٹ نے تین آسٹریلوی بیٹسمینوں کو آؤٹ کیا۔

Omair Alavi – BOL News

About the author

Omair Alavi

عمیر علوی ایک بہت معزز صحافی، تنقید کار اور تبصرہ نگار ہیں جو خبروں، کھیلوں، شوبز، فلم، بلاگ، مضامین، ڈرامہ، جائزوں اور پی ٹی وی ڈرامہ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وسیع تجربے اور داستان سوزی کی خصوصیت کے ساتھ، وہ اپنے دلچسپ تجزیوں اور دلکش تقریروں کے ذریعے حاضرین کو مسحور کرتے ہیں۔ ان کی ماہری اور تعاون نے انہیں میڈیا اور تفریحی صنعت کا اہم شخصیت بنا دیا ہے۔