اسپورٹس

تاریخی دورۂ پاکستان: انگلینڈ کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں کون کون شامل ہے؟

Written by Omair Alavi

کراچی — 

انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے تاریخی دورۂ پاکستان کے لیے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ سترہ برس بعد ہونے والے اس دورے کے دوران انگلشں ٹیم کراچی اور لاہور میں سات ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ تاہم اسے اپنے مایہ ناز آل راؤنڈر بین اسٹوکس کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے اعلامیے کے مطابق انگلش کرکٹ ٹیم کی قیادت تو کپتان جوز بٹلر ہی کریں گے، لیکن ان کی سیریز میں شرکت فٹنس سے مشروط ہے۔

ان کی دستیابی سیریز کے آخری مرحلے میں متوقع ہے ، ان کی غیر موجودگی میں آل راؤنڈر معین علی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

امکان ہے کہ اگر جوس بٹلر لاہور میں کھیلے جانے والے سیریز کے آخری تین میچز سے قبل فٹ ہوگئے، تو ٹیم کی قیادت بھی وہی کریں گے۔

اس سیریز کے لیے انگلینڈ نے جن 19 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے،ان فارم جانی بئیراسٹو اور آل راؤنڈر بین اسٹوکس ان کھلاڑیوں میں شامل نہیں۔

بین اسٹوکس ، جو اس وقت انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ہیں، انگلینڈ کے اس تاریخی دورے کے ٹی ٹوئنٹی لیگ میں پاکستان نہیں آئیں گے۔انہیں جونی بیرسٹو کی طرح سلیکٹرز نے آرام کے غرض سے اس سیریز کے لیے منتخب نہیں کیا۔

بیرسٹو اس سال انگلینڈ کے لیے ایک قابلِ اعتماد بلے باز کے طور پر سامنے آئے ہیں، ان کی غیر موجودگی سے پاکستان میں ان کے مداحوں کو افسوس ہوگا۔

اسکواڈ میں کپتان جوز بٹلر اور نائب کپتان معین علی کے ساتھ ساتھ جو کھلاڑی شامل ہیں ان میں ہیری بروک، سیم کرن، بین ڈکٹ، لیام ڈاسن، رچرڈ گلیسن، ڈیوڈ ملان، عادل رشید، اور فل سالٹ کے نام قابلِ ذکر ہیں ۔

اس کےعلاوہ ریس ٹوپلے، ڈیوڈ ولی ، کرس ووکس، اور مارک ووڈ بھی انگلش اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔فاسٹ بالر مارک وڈ کی واپسی سے انگلش بالنگ اٹیک مضبوط ہوگا جب کہ کرس ووکس کی آل راؤنڈ کارکردگی دیکھنے کے لیے مداح بے چین ہوں گے۔

اس سیریز کی خاص بات پانچ نئے کھلاڑیوں کی انگلش ٹیم میں شمولیت ہے جس میں بلے باز جارڈن کوکس اور ول جیکس کے ساتھ ساتھ فاسٹ بالرز ٹام ہیلم، اولی اسٹون اور لیوک وڈ کے نام شامل ہیں۔

بین اسٹوکس اور جونی بیرسٹو کے ساتھ ساتھ اس اسکوڈ میں جو نام ور کھلاڑی موجود نہیں ان میں فاسٹ بالر کرس جارڈن اور آل راؤنڈر لیئم لیونگ اسٹون کے نام قابلِ ذکر ہیں، کرس جارڈن کو انگلی جب کہ لیونگ اسٹون کو ٹخنے کی انجری کی وجہ سے سلیکٹرز نے منتخب نہیں کیا۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اگلے ماہ اکتوبر میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے انگلینڈ نے جس اسکواڈ کا اعلان کیا، اس میں بین اسٹوکس اور جانی بیرسٹو کے نام شامل ہیں۔

انگلش ٹیم 14 ستمبر کو پاکستان کے لیے روانہ ہوگی اور 20 سے 25 ستمبر کے درمیان کراچی میں چار ٹی ٹوئنٹی اور 28 ستمبر سے دو اکتوبر کے درمیان لاہور میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

اس سال اکتوبر میں آسٹریلیا میں شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل یہ دونوں ٹیموں کے لیے پریکٹس کے ساتھ ساتھ ٹیم کامبی نیشن بنانے کا بھی اچھا موقع ہوگا۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان ٹیم بھی فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی کے بغیر ہی میدان میں اترے گی جنہیں گزشتہ ماہ چار سے چھ ہفتے کے لیے ڈاکٹرز نے آرام کا مشورہ دیا تھا۔

رواں سال دسمبر میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں پاکستانی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز کھیلیں گی، امکان ہے کہ اس سیریز میں دونوں ٹیموں کو اسٹار کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہوں گی۔

Omair Alavi – BOL News

About the author

Omair Alavi

عمیر علوی ایک بہت معزز صحافی، تنقید کار اور تبصرہ نگار ہیں جو خبروں، کھیلوں، شوبز، فلم، بلاگ، مضامین، ڈرامہ، جائزوں اور پی ٹی وی ڈرامہ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وسیع تجربے اور داستان سوزی کی خصوصیت کے ساتھ، وہ اپنے دلچسپ تجزیوں اور دلکش تقریروں کے ذریعے حاضرین کو مسحور کرتے ہیں۔ ان کی ماہری اور تعاون نے انہیں میڈیا اور تفریحی صنعت کا اہم شخصیت بنا دیا ہے۔