فلمیں

منی ہائیسٹ سیزن فائیو: اسپینش سیریز نے خواتین کرداروں کو با اختیار بنا دی

Written by Omair Alavi

سیریز کے آخری پارٹ کا دوسرا حصہ تین دسمبر 2021 کو ریلیز ہو گا۔

تبصرے دیکھیں

کراچی — 

آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس ہو یا سوشل میڈیا، آج کل ہر جگہ مقبول اسپینش ویب سیریز ‘منی ہائیسٹ’ کے چرچے ہیں۔ چار برس قبل ریلیز ہونے والی اس ویب سیریز نے مداحوں کو اپنا گرویدہ بنا رکھا ہے اور وہ اس کے نئے سیزن کے بے تابی سے منتظر رہتے ہیں۔

لیکن اب ‘منی ہائیسٹ’ کے مداحوں کو شاید آخری بار انتظار کرنا پڑ رہا ہے کیوں کہ گزشتہ ہفتے ‘منی ہائیسٹ’ کے ‘سیزن فائیو’ کا پہلا حصہ ریلیز ہو چکا ہے اور آخری حصہ تین دسمبر کو ریلیز کیا جائے گا۔

تین ستمبر کو جب ‘منی ہائیسٹ سیزن فائیو’ کا پانچ اقساط پر مشتمل پہلا حصہ ریلیز ہوا تو سب مداحوں کے ذہنوں میں ایک ہی سوال تھا کہ گینگ کے سرغنہ ‘پروفیسر’ کا کیا ہو گا؟

سیریز میں پروفیسر کے خفیہ ہیڈ کوارٹرز کا پتا اس افسر نے لگایا تھا جسے پروفیسر کی وجہ سے پولیس فورس سے نکال دیا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ صارفین بینک میں ڈاکا ڈالنے والی پروفیسر کی ٹیم کے بارے میں بھی فکر مند تھے جسے چوتھے سیزن میں اپنی ساتھی ‘نیروبی’ سے ہاتھ دھونا پڑے تھے۔

سیریز کے آخری سیزن کا پہلا حصہ شائقین کی توقعات پر پورا اترا یا نہیں، اس کا فیصلہ تو مداح ہی کریں گے۔ لیکن ہم آپ کو یہ بتائیں گے کہ یہ سیریز دنیا بھر میں اتنی مقبول کیوں ہوئی۔

متعدد ایوارڈز اپنے نام کرنے والی اسپینش سیریز ‘لا کاسا دی پاپیل’ کو نیٹ فلکس نے انگریزی زبان میں ڈب کر کے اپنایا ہے۔

پندرہ اقساط پر مشتمل یہ سیریز 2017 میں اسپینش نیٹ ورک ‘اینٹینا تھری’ پر نشر کی گئی تھی جسے بعد ازاں نیٹ فلکس نے اپنے پلیٹ فارم پر اقساط کا دورانیہ کم اور تعداد بڑھا کر نشر کیا تھا۔ پھر اگلے تین برس تک سیریز کو ‘نیٹ فلکس اوریجنلز’ کے پلیٹ فارم کے ذریعے ریلیز کیا گیا۔

منی ہائیسٹ کی کہانی ایک ایسے گروہ کے گرد گھومتی ہے جو پہلے دو سیزن میں ‘رائل منٹ آف اسپین’ میں ایک کامیاب ڈاکا ڈالتا ہے اور پھر اپنے ایک ساتھی کو پولیس کی قید سے آزاد کرنے کے لیے تیسرے، چوتھے اور پانچویں سیزن میں ‘بینک آف اسپین’ کو لوٹنے کی کوشش کر رہا ہے۔

سیریز کی کہانی ایک ایسے گروہ کے گرد گھومتی ہے جو پہلے دو سیزن میں 'رائل منٹ آف اسپین' میں ایک کامیاب ڈاکا ڈالتا ہے۔
سیریز کی کہانی ایک ایسے گروہ کے گرد گھومتی ہے جو پہلے دو سیزن میں ‘رائل منٹ آف اسپین’ میں ایک کامیاب ڈاکا ڈالتا ہے۔

‘پروفیسر’ نامی شخص (ایلورو مورتے) اس گروہ کا سربراہ ہے جو گروہ کو ایک منظم طریقے سے لے کر چلتا ہے۔ گروہ کے تمام ممبران اپنے اصل ناموں کے بجائے شہروں کے نام سے جانے جاتے ہیں جیسے ٹوکیو، لزبن، برلن، ماسکو، نیروبی، ریو، اور ڈینور وغیرہ۔

سیریز کے پانچوں سیزن کی کہانی ڈکیتی کے واقعات کے گرد گھومتی ہے جس کے لیے پروفیسر کی پیچیدہ اور پیشگی پلاننگ، ٹیم کا چناؤ اور مشکلات سے باآسانی نکلنا اسے مقبول بناتا ہے۔

پہلی ڈکیتی میں یہ گروہ کرنسی نوٹ چھاپ کر خود کفیل بنتے ہیں تو دوسری میں سونے کی چمک دمک ان کے کام آتی ہے۔

‘منی ہائیسٹ’ میں اداکاروں کی پرفارمنس، کہانی اور ہدایت کاری نے جہاں شائقین کو سیریز کا مداح بنایا ہے تو وہیں اس نے اسپینش ٹی وی کو بھی ایک نئی زندگی دی۔

پارٹ فائیو میں بھی پاکستان ‘منی ہائیسٹ’ کا بدستور حصہ

یہ شاید سیریز کی پاکستان میں مقبولیت کا نتیجہ ہے کہ اس کے چوتھے اور پانچویں سیزن میں پاکستان کا نام بھی سنائی دیتا ہے۔ پاکستان کے ہیکرز ‘پروفیسر’ کی مدد ایسے وقت میں کرتے ہیں جب انہیں مدد کے لیے کوئی دوسرا نہیں ملتا۔

گزشتہ سیزن میں ایک پاکستانی سرجن کو بھی پروفیسر کی ٹیم کی مدد کرتے دکھایا گیا تھا جب ان کا ایک ساتھی زخمی ہو جاتا ہے۔ اس کا ذکر اس سیزن میں بھی ہوتا ہے لیکن بعد میں اس سے مدد مانگنے کی نوبت پیش نہیں آتی۔

دوسری جانب سیریز میں ایسے ایکشن سینز بھی عکس بند کیے گئے ہیں جنہیں دیکھ کر بالی وڈ اور لالی وڈ فلموں کی یاد تازہ ہو جاتی ہے۔

'منی ہائیسٹ' کے نئے سیزن میں کچھ نئے کردار فلیش بیک میں متعارف کرائے گئے ہیں۔
‘منی ہائیسٹ’ کے نئے سیزن میں کچھ نئے کردار فلیش بیک میں متعارف کرائے گئے ہیں۔

منی ہائیسٹ کے آخری سیزن میں خواتین کو بااختیار بنانے کا پیغام

‘منی ہائیسٹ’ میں خواتین کو بااختیار دکھایا گیا ہے۔ پورے سیزن میں ٹوکیو، نیروبی، لزبن اور اسٹاک ہوم کے کردار مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔

پانچویں سیزن کے پہلے حصے میں جب پروفیسر کچھ دیر کے لیے منظر سے غائب ہو جاتا ہے تو اس کی جگہ گروہ کی کمان اس کی محبوبہ لزبن کا کردار ادا کرنے والی اتزیار مارٹینیز سنبھال لیتی ہیں۔

یہی نہیں انسپکٹر ایلیسیا سیئریا کا کردار نبھانے والی اداکارہ نجویٰ نمری اور ٹوکیو بننے والی ارسلا کوربیرو نے بھی اس سیزن میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

منی ہائیسٹ میں صرف خواتین ہی نہیں بلکہ ایک ٹرانس عورت اور ہم جنس پرست کردار بھی رکھا گیا ہے۔

نئے کرداروں کی انٹری

ہر بار کی طرح اس مرتبہ بھی ‘منی ہائیسٹ’ کے نئے سیزن میں کچھ نئے کردار فلیش بیک میں متعارف کرائے گئے ہیں۔

پارٹ فائیو کے پہلے حصے کی ان پانچ اقساط میں نئے کرداروں کی کہانی فی الحال صرف ماضی تک ہی محدود ہے۔ لیکن ناظرین یہ جاننے کے لیے بے تاب ہیں کہ یہ کردار پروفیسر اور اس کے گروہ کے کیسے کام آئیں گے۔

‘پارٹ فائیو، والیم ون’ کے نام سے ریلیز ہونے والی پانچ اقساط میں کہانی بینک ڈکیتی کے ساتھ ماضی کے واقعات بھی دکھاتی ہے۔ جیسے پروفیسر کا بھائی، ڈینور کا باپ اور ٹوکیو کا عاشق، سب فلیش بیک کے ذریعے نظر آتے ہیں۔

اب صارفین کو ‘منی ہائیسٹ’ کے پارٹ فائیو کے دوسرے اور فیصلہ کُن حصے کا بے صبری سے انتظار ہے جو رواں سال دسمبر میں ریلیز کیا جائے گا۔

کیا آخری سیزن کے پہلے حصے میں زخمی ہونے والے کردار مکمل صحت یاب ہو کر ٹیم کی مدد کریں گے؟ کیا ایلیسیا سیئیرا پروفیسر کو دوبارہ بندوق کی نوک پر رکھ لے گی؟ اور کیا پروفیسر اور ان کا گروہ بینک آف اسپین سے سونا نکال پائے گا؟ یہ سب وہ سوال ہیں جن کا جواب جاننے کے لیے صارفین کو چند ماہ مزید انتظار کرنا ہو گا۔

Omair Alavi – BOL News

About the author

Omair Alavi

عمیر علوی ایک بہت معزز صحافی، تنقید کار اور تبصرہ نگار ہیں جو خبروں، کھیلوں، شوبز، فلم، بلاگ، مضامین، ڈرامہ، جائزوں اور پی ٹی وی ڈرامہ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وسیع تجربے اور داستان سوزی کی خصوصیت کے ساتھ، وہ اپنے دلچسپ تجزیوں اور دلکش تقریروں کے ذریعے حاضرین کو مسحور کرتے ہیں۔ ان کی ماہری اور تعاون نے انہیں میڈیا اور تفریحی صنعت کا اہم شخصیت بنا دیا ہے۔