شوبز

عمر شریف: ‘سب کو خوش رکھنے والا آج ساری دنیا کو سوگوار چھوڑ گیا

Written by Omair Alavi

کراچی — 

کامیڈی کی دنیا کے بے تاج بادشاہ و اداکار، مصنف اور میزبان عمر شریف جرمنی میں انتقال کر گئے۔

فلم، اسٹیج اور ٹیلی ویژن کی دنیا میں نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اپنا نام بنانے والے عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب، گردے اور دیگر بیماریوں میں مبتلا تھے۔

عمر شریف کو چند روز قبل بذریعہ ایئر ایمبولینس علاج کے لیے امریکہ روانہ کیا گیا تھا لیکن طبیعت کی خرابی کی وجہ سے وہ جرمنی کے اسپتال میں زیرِ علاج تھے جہاں وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔

عمر شریف کے پاسپورٹ میں درج تاریخِ پیدائش کے مطابق وہ دو جنوری 1960 کو کراچی میں پیدا ہوئے جب کہ پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ان کی عمر 66 برس تھی۔

عمر شریف کو چند روز قبل علاج کے لیے جرمنی منتقل کیا گیا تھا۔
عمر شریف کو چند روز قبل علاج کے لیے جرمنی منتقل کیا گیا تھا۔

عمر شریف کے والد ایک کانٹریکٹر تھے جب کہ والدہ ایک گھریلو خاتون تھیں۔ ایک انٹرویو میں عمر شریف کا کہنا تھا کہ بچپن ہی سے انہیں لطیفے سنانے اور لوگوں کی نقلیں اتارنے کا شوق تھا جو آگے جا کر ان کے کام آیا۔

ستر کی دہائی میں جب ٹیلی ویژن پاکستان میں مقبول ہو رہا تھا تو اس وقت عمر شریف نے اس زمانے کے دیگر کامیڈین کی طرح آڈیو کیسٹ کے ذریعے خود کو متعارف کرایا۔

چونکہ عمر شریف معروف کامیڈین منور ظریف سے بہت متاثر تھے اس لیے انہوں نے اپنا نام محمد عمر سے ‘عمر ظریف’ اور بعد میں ‘عمر شریف’ رکھ لیا جو آگے جا کر ان کی پہچان بن گیا۔

آڈیو کیسیٹ کے بعد انہوں نے اسٹیج کا رخ کیا اور اسی کی دہائی میں ‘ففٹی ففٹی’ اور ‘ون مین شو’ جیسے پروگراموں نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔

لیکن ان کی مقبولیت کی اصل وجہ ان کے اسٹیج ڈرامے تھے جنہیں پاکستان سمیت دنیا بھر میں بے حد مقبولیت ملی۔

ایک انٹرویو کے دوران عمر شریف کہنا تھا کہ ان کے ڈرامے ‘بکرا قسطوں پر’ کے بدلے بالی وڈ کی فلم ‘شہنشاہ’ کے ویڈیو رائٹس پاکستان میں دیے گئے تھے جو ان کے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں۔

عمر شریف کے ڈرامے ‘بکرا قسطوں پر’ کے کئی پارٹ ریلیز ہوئے جو آج بھی شائقین میں کافی مقبول ہیں۔ اس کے علاوہ ان کے ڈرامے ‘یس سر عید’، ‘نو سر عید’، ‘بڈھا گھر پر ہے ‘، ‘دلہن میں لے کر جاؤں گا’ اور ‘دلہا 2002’ کو بھی بے حد پذیرائی ملی۔

انہوں نے نا صرف اپنے زمانے کے بہترین اداکاروں معین اختر، مظفر نرالا اور ابراہیم نفیس کے ساتھ کام کیا بلکہ انہوں نے شکیل صدیقی، سکندر صنم، سلومی اور ان جیسے کئی اداکاروں کو بھی اسٹیج پر متعارف کرایا۔

عمر شریف نے 20 برسوں کے دوران لاتعداد اسٹیج ڈرامے اور لائیو شوز میں پرفارم کیا۔

یہی نہیں سن 1986 میں فلم ‘حساب’ کے ذریعے اپنا فلمی کریئر شروع کرنے والے عمر شریف نے نوے کی دہائی میں ایسی کامیڈی فلمیں بھی بنائیں جنہیں صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی پسند کیا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ کم فلمیں کرنے کے باوجود انہوں نے دس نگار ایوارڈز بھی جیتے۔

ان کی فلموں کی وجہ سے نوے کی دہائی میں پاکستان میں سنیما کلچر دوبارہ شروع ہوا۔

‘مسٹر 420’ میں تین بچھڑے ہوئے بھائیوں کا کردار ہو، ‘مسٹر چارلی’ میں ایک پولیس مخبر کا یا پھر ‘آوارگی’ میں ایک بگڑے ہوئے نوجوان کا کردار ، عمر شریف نے بخوبی نبھایا۔

پرائیوٹ ٹی وی چینل پر ان کا ڈرامہ ‘پردہ نہ اٹھاؤ’ بھی کافی پسند کیا گیا تھا جس میں انہوں نے ایک ایسے مصور کے دوست کا کردار ادا کیا تھا جو جس شخص کی بھی تصویر بناتا تھا اس کا انتقال ہو جاتا تھا۔

اس کے علاوہ عمر شریف نے ٹی وی پر بھی کئی پروگراموں کی میزبانی کی جس میں ‘دی شریف شو’ کافی مقبول ہوا۔ عمر شریف نے ڈراموں میں اداکاری کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں کئی پاکستان کلچر شوز بھی کیے۔

ان کا شمار پاکستان ہی کے نہیں بلکہ برصغیر کے ان فن کاروں میں ہوتا تھا جن کے مداح جہاں جہاں اردو زبان بولی اور سمجھی جاتی تھی، وہاں موجود تھے۔

عمر شریف کے برجستہ جملوں اور مزاحیہ اداکاری کی وجہ سے صرف پاکستان میں ہی نہیں بھارت میں بھی انہیں کامیڈی کنگ مانا جاتا تھا۔

کپل شرما کا کامیڈی شو ہو یا اکشے کمار کی کامیڈی اداکاری سب ہی عمر شریف کو اپنا استاد مانتے تھے۔ عمر شریف نے بھارت میں بھی کئی اسٹیج شوز میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

تقریباً پانچ دہائیوں تک شوبز میں راج کرنے والے عمر شریف کی وفات پر دنیا بھر موجود ان کے مداح، فن کار، سیاست دان اور دیگر مقبول شخصیات رنج و غم کا اظہار کر رہی ہیں۔

Complete loss of words on passing away of the legendary Umar Sharif sahab. May Allah grant him the highest place in Jannah and give his family peace. Ameen.— Ali Zafar (@AliZafarsays) October 2, 2021

پاکستانی گلوکار علی ظفر نے عمر شریف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کے ان کے پاس الفاظ ختم ہو گئے ہیں۔

إِنَّا لِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَDeeply saddened to learn about Umer Sharif sb. He was without any doubt the ultimate comedy king. May Allah bless his soul. We will miss you Umer bhai! pic.twitter.com/2EUOv9FmNk— Humayun Saeed (@iamhumayunsaeed) October 2, 2021

اداکار ہمائیوں سعید نے کامیڈین عمر شریف کے انتقال پر شدید رنج کا اظہار کیا اور کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ کامیڈی کے بادشاہ ہیں۔

What a sad day to lose someone who was associated with spreading happiness and laughter. Thank you for the smiles #umarsharif إِنَّا لِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ— Haroon Shahid (@Haroon_5hahid) October 2, 2021

اداکار ہارون شاہد نے عمر شریف کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے پر آپ کا بہت شکریہ۔

Heartbroken to receive the devastating news of our very own king of comedy #UmerSharif. He was a true gem in our industry and nothing short of a legend amongst us. May Allah grant him the highest place in Jannah. Praying for his family during this difficult time.— Faysal Quraishi (@faysalquraishi) October 2, 2021

اداکار فیصل قرشی نے عمر شریف کے انتقال پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف ہماری انڈسٹری کے لیے بے حد قیمتی تھے۔ انہوں نے عمر شریف اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے دعا بھی کی۔

Thank you for the laughs….you will live forever. Rest In Peace Legend. 💔💔💔 #umarsharif pic.twitter.com/BXM4QcGxuN— SANA JAVED (@ImSanajaved) October 2, 2021

اداکارہ ثناء جاوید نے نے کہا کہ عمر شریف ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

عمر شریف کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کااظہار کرتا ہوں۔ لواحقین سے اظہار ہمدردی۔ بلندی درجات کے لئے دعا ساری دنیا کو خوش رکھنے والا آج دنیا کواداس کر کے چلاگیا۔پاکستان شوبز کا ایک بڑا نام آج گل ہوگیا۔1/2#umarsharif— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) October 2, 2021

وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ "سب کو خوش رکھنے والا آج ساری دنیا کو سوگوار چھوڑ گیا۔” انہوں نے عمر شریف کے لواحقین کے لیے دعا بھی کی۔

The comedy King, #umarsharif who brought laughter in the lives of generations, left a big vacuum in the entertainment industry of Pakistan today. May Allah grant him Jannah🤲 pic.twitter.com/QwukgDtHQZ— Naz Baloch (@NazBaloch_) October 2, 2021

پاکستان تحریکِ انصاف کی رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی ناز بلوچ نے بھی عمر شریف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے والا آج سب کو اداس کر گیا۔ عمر شریف پاکستانی اسٹیج ، فلم اور ٹی وی کا ایک بڑا نام تھا۔ میری اس سے کئی ملاقاتیں رہی اور وہ ایک اچھا فنکار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہترین انسان بھی تھا۔ دعا ہے کہ اللہ عمر شریف کو جنت میں اعلی مقام عطا فرمائے۔— Imran Ismail (@ImranIsmailPTI) October 2, 2021

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ "لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے والا آج سب کو اداس کر گیا۔ عمر شریف پاکستانی اسٹیج، فلم اور ٹی وی کا ایک بڑا نام تھا۔ اللہ انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

Omair Alavi – BOL News

About the author

Omair Alavi

عمیر علوی ایک بہت معزز صحافی، تنقید کار اور تبصرہ نگار ہیں جو خبروں، کھیلوں، شوبز، فلم، بلاگ، مضامین، ڈرامہ، جائزوں اور پی ٹی وی ڈرامہ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وسیع تجربے اور داستان سوزی کی خصوصیت کے ساتھ، وہ اپنے دلچسپ تجزیوں اور دلکش تقریروں کے ذریعے حاضرین کو مسحور کرتے ہیں۔ ان کی ماہری اور تعاون نے انہیں میڈیا اور تفریحی صنعت کا اہم شخصیت بنا دیا ہے۔