شوبز فلمیں

عامر خان کا فلم ‘انداز اپنا اپنا’ کے سیکوئل کا اعلان

Written by ceditor

کراچی — 

بالی وڈ کامیڈی رومانس فلم ‘انداز اپنا اپنا’ 1994 میں ریلیز ہوئی تھی
۔فلم میں عامر خان اور سلمان خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
عامر خان نے اپنی سالگرہ کے موقع پر فلم کے سیکوئل کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی اداکار عامر خان نے 1994 میں ریلیز ہونے والی کامیڈی فلم ‘انداز اپنا اپنا’ کے سیکوئل کی تصدیق کر دی ہے۔ یہ اعلان بالی وڈ اسٹار نے جمعرات کو اپنی 59ویں سالگرہ کے موقع پر انسٹا گرام پر ایک لائیو سیشن میں کیا۔

عامر خان نے اس بات کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ 30 سال قبل ریلیز ہونے والی فلم انداز اپنا اپنا کے ہدایت کار راج کمار سنتوشی اس اسکرپٹ پر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے اس انسٹا گرام سیشن میں یہ بھی کہا کہ ابھی اسکرپٹ لکھنے کے عمل کا آغاز ہوا ہے۔ اس لیے اس کے حوالے سے زیادہ پرجوش نہیں ہونا چاہیے۔
عامر خان کے اس اعلان پر فلم ‘انداز اپنا اپنا’ کے مداحوں میں خوشی کی لہر دور گئی جو کئی برسوں سے اس کے مرکزی کرداروں امر اور پریم کی بڑی اسکرین پر واپسی کا انتظار کر رہے ہیں۔

انداز اپنا اپنا کیا ہے اور اس کی مقبولیت کی کیا وجہ ہے؟
نومبر 94 میں ریلیز ہونے والی ہدایت کار راج کمار سنتوشی کی فلم انداز اپنا اپنا نے باکس آفس پر تو زیادہ بزنس نہیں کیا تھا۔ لیکن اس کے مکالمے، کرداروں اور ساؤنڈ ٹریک کو کافی پسند کیا گیا۔
عامر خان اور سلمان خان نے اس فلم میں امر اور پریم نامی دو ایسے نوجوانوں کا کردار ادا کیا تھا جو پیسہ کمانے کی خاطر ایک امیرزادی سے شادی کے خواہش مند ہوتے ہیں۔
کہانی میں دلچسپ موڑ اس وقت آتا ہے جب عامر ایک مریض اور سلمان خان ڈاکٹر بن کر روینہ ٹنڈن کے کردار روینہ کے گھر میں رہنے لگتے ہیں جہاں ان کی دوست کرشمہ بھی رہتی ہیں جن کا کردار کرشمہ کپور نے ادا کیا۔

فلم میں معروف اداکار پریش راول نے ڈبل رول ادا کیے تھے، ایک کردار تیجا نامی گینگسٹر کا تھا تو دوسرا بزنس مین رام گوپال بجاج کا۔ ماضی کے معروف ادکار محمود، جگدیپ، دیون ورما اور ویجو کھوٹے کے ساتھ ساتھ ٹیکو ٹلسانیہ، شہزاد خان اور جاوید خان بھی موجود تھے۔
فلم میں اداکار شکتی کپور کا کرائم ماسٹر گوگو کا کردار بچوں میں کافی مقبول ہوا تھا۔ خاص طور پر ان کے ون لائنرز جو تین دہائیاں گزرنے کے باوجود آج بھی لوگوں کو یاد ہیں۔

عامر خان اور سلمان خان نے انداز اپنا اپنا کے بعد کبھی کسی فلم میں ایک ساتھ کام نہیں کیا۔ فلم کے سیکوئل میں دونوں کی موجودگی کے بارے میں بھی کہنا قبل از وقت ہو گا۔ لیکن ان کے مداح پرامید ہیں کہ وہ ایک مرتبہ پھر امر اور پریم کو اسکرین پر دیکھ سکیں گے۔
عامر خان کی اب تک ریلیز ہونے والی آخری فلم لال سنگھ چڈھا 2022 میں ریلیز ہوئی تھی جس کے باکس آفس پر ناکام ہونے کے بعد انہوں نے اداکاری سے بریک لے لیا تھا۔

اس کے بعد سے انہوں نے اپنی سابقہ اہلیہ کرن راؤ کی فلم لاپتا لیڈیز پروڈیوس کی جب کہ فی الحال وہ اپنی اگلی فلم ‘ستارے زمین پر’ میں مصروف ہیں جو رواں سال کرسمس کے موقع پر ریلیز ہو گی۔
بطور پروڈیوسر وہ ایک اور فلم لاہور 1947 پر بھی کام کر رہے ہیں جسے راج کمار سنتوشی ڈائریکٹ کریں گے جو اس سے قبل انداز اپنا اپنا کی ہدایات دے چکے ہیں۔
لاہور 1947میں اداکار سنی دیول مرکزی کردار میں نظر آئیں گے، اس کی کہانی سن 1947 میں ہونے والے ہندو مسلم فسادات کے گرد گھومنے کا امکان ہے۔

About the author

ceditor