اسپورٹس

سہ ملکی سیریز میں بنگلہ دیش کو پھر شکست، پاکستان پوائنٹس ٹیبل کے ٹاپ پر

Written by Omair Alavi

کراچی

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں جاری سہ ملکی سیریز کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹ سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کرلی ہے۔

اس میچ کے بعد ٹورنامنٹ میں ایک دن کا وقفہ ہے۔ جب کہ منگل کو ایونٹ کے آخری تین گروپ میچز کا آغاز ہوگا تو پاکستانی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر برتری کے ساتھ اس میں شرکت کرے گی۔

پاکستان ٹیم نے اب تک ایونٹ میں دو میچ کھیلے اور دونوں میں ہی اسے کامیابی ہوئی جس کی وجہ سے اسے چار پوائنٹس حاصل ہیں۔

میزبان نیوزی لینڈ کی ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔

ٹیممیچزجیتےہارےپوائنٹسرن ریٹ
پاکستان22040.918
نیوزی لینڈ21120.178
بنگلہ دیش2020-1.0

اتوار کو کھیلے گئے میچ میں کین ولیمسن کی ٹیم نے بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹ سے شکست دے کر اپنا پہلا میچ جیتا۔

ایونٹ میں شرکت کرنے والی تیسری ٹیم بنگلہ دیش ہے، جسے دونوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔کپتان شکیب الحسن کی واپسی بھی بنگلہ دیش کی شکستوں کو روکنے میں ناکام رہی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں ناکامی کے بعد اب بنگلہ دیش کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہے اور اگلے دو میچز میں کامیابی بھی ان کو فائنل میں پہنچانے کے لیے ناکافی ہوگی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے برعکس بنگلہ دیش کا رن ریٹ منفی میں ہے اور انہیں فائنل میں جگہ بنانے کے لیے اگلے دونوں میچز بڑے مارجن سے جیتنے ہوں گے تاکہ چار پوائنٹس اور اچھے رن ریٹ کے ساتھ ان کی ٹیم ٹائٹل میچ میں پہنچ سکے۔

اس وقت بھی پاکستان کی ٹیم فائنل میں پہنچنے کے لیے مضبوط امیدوار ہے لیکن ایونٹ میں مزید ایک کامیابی انہیں فائنل میں جگہ دلادے گی۔ جہاں اس کا مقابلہ نیوزی لینڈ یا بنگلہ دیش سے ہوگا۔

کپتان شکیب الحسن کی واپسی بھی بنگلہ دیش کے کسی کام نہ آئی

اتوار کو کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کو ترجیح دی۔

بنگلہ دیش کے بلے بازوں نے اوپنر مہدی حسن کے آؤٹ ہونے کے باوجود اسکور کو ساتویں اوور میں پچاس تک پہنچادیا لیکن پھر لٹن داس اور نجم الحسن کے آؤٹ ہونے کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی۔

وکٹ کیپر نورالحسن کے ناقابل شکست 25 اور عفیف حسین کے 24 رنز کے سوا کوئی بھی بلے باز 20 کا ہندسہ نہ عبور کرسکا۔

بنگلہ دیش کی ٹیم 20 اوورز میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر صرف 137 رنز ہی بناسکی۔

کپتان شکیب الحسن جنہوں نے کیریبین پریمیر لیگ میں شرکت کی وجہ سے سیریز کا پہلا میچ مس کیا تھا۔ انہوں نے ٹیم کو جوائن تو کرلیا لیکن صرف 16 ہی رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساؤتھی، مائیکل بریسویل اور ایش سودھی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ میں اپنی پہلی وکٹ حاصل کرکے لیگ اسپنر ایش سودھی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 100 وکٹیں حاصل کرنے والے دوسرے کیوی بالر بن گئے۔

جواب میں نیوزی لینڈ نے ہدف 18ویں اوور میں دو وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

وکٹ کیپر ڈیون کونوے صرف 51 گیندوں پر 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے۔ کپتان کین ولیمسن نے 30 رنز بناکر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

شریف الاسلام اور حسن محمود کے سوا کوئی بھی بنگلہ دیشی بالر وکٹ لینے میں کامیاب نہ ہوسکا۔ کیوی بالر مائیکل بریسویل کو اپنے چار اوورز میں صرف 14 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے پر پلئیر آف دے میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

پاکستان ٹیم ایونٹ کا اگلا میچ منگل کو میزبان نیوزی لینڈ سے کھیلے گی

ایونٹ کا چوتھا میچ اب پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان منگل کو کھیلا جائے گا، جس میں کامیابی نیوزی لینڈ کو ٹیبل کے ٹاپ پر پہنچا دے گی۔ پاکستان کی جیت کی صورت میں گرین شرٹس ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالی فائی کرلیں گے۔

بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 12 اکتوبر کو سیریز کے پانچویں میچ میں آمنے سامنے ہوں گی جب کہ چھٹا اور آخری لیگ میچ 13 اکتوبر کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔

ایونٹ کا فائنل جمعہ 14 اکتوبر کو پوائنٹس ٹیبل پر موجود دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

یہ تمام میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح سات بجے شروع ہوں گے۔

About the author

Omair Alavi

عمیر علوی ایک بہت معزز صحافی، تنقید کار اور تبصرہ نگار ہیں جو خبروں، کھیلوں، شوبز، فلم، بلاگ، مضامین، ڈرامہ، جائزوں اور پی ٹی وی ڈرامہ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وسیع تجربے اور داستان سوزی کی خصوصیت کے ساتھ، وہ اپنے دلچسپ تجزیوں اور دلکش تقریروں کے ذریعے حاضرین کو مسحور کرتے ہیں۔ ان کی ماہری اور تعاون نے انہیں میڈیا اور تفریحی صنعت کا اہم شخصیت بنا دیا ہے۔