فلمی جائزے فلمیں

سپر ہیرو فلم دی فلیش؛ دو بیٹ مین، دو بیری اور سپر گرل ایکشن میں نظر آئیں گے

Written by Omair Alavi

کراچی

ڈی سی کامکس کی نئی فلم ‘دی فلیش’ نو برس کے طویل عرصے بعد سنیما گھروں پر راج کرنے کے لیے تیار ہے۔ پیر کو امریکی سپر بول چیمپئن شپ کے دوران فلم کا ٹریلر ریلیز کیا گیا۔

ٹریلر کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں دو بیٹ مین، دو بیری ایلن (جو آگے جاکر سپر ہیرو فلیش بنتاہے) اور ایک سپر گرل موجود ہے۔ ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد شائقین فلم کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

فلم 16جون 2023 کو دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔ ‘دی فلیش’ میں جہاں متعدد فلموں میں بیٹ مین کا کردار نبھانے والے بین ایفلک نظر آرہے ہیں وہیں پہلی دو بیٹ مین فلموں میں یہ کردار ادا کرنے والے مائیکل کیٹن کی واپسی بھی ہوئی ہے۔

اس کے علاوہ ‘مین آف اسٹیل’ کے مرکزی ولن جنرل زوڈ کی واپسی اس فلم کو سپر مین کی کہانی سے جوڑتی ہے۔ ‘دی فلیش’ میں دکھایا گیا ہے کہ کیسے سپر مین کی کزن کارا جو بعد میں سپر گرل بنتی ہے، فلیش کی اس کے مشن میں مدد کرتی ہے۔

ہدایت کار اینڈی مسکی ایٹی کی نگرانی میں بننے والی اس فلم پر کام تو 2014 میں شروع ہوا تھا لیکن فلم کی تیاری پہلے کورونا وائرس اور پھر ایزرا ملر کی متعدد مرتبہ پولیس حراست کی وجہ سے تعطل کا شکار رہی تھی۔

ایک وقت ایسا بھی آیا تھا جب ڈی سی فلمز نے ‘دی فلیش’ کو اسٹار اداکار کی کنڈکٹ کی وجہ سے بند کرنے کا سوچا تھا لیکن بعد میں ایسا نہ کیا۔

فلم کی کہانی ڈی سی کامک ‘فلیش پوائنٹ’ پر مبنی ہے جس میں بیری ایلن عرف ‘دی فلیش’ اپنی مقتول والدہ کو بچانے کے لیے ٹائم ٹریول کرتا ہے لیکن ماں کو زندہ بچانے کے بعد اس کی اور اس کےتمام ساتھیوں کی زندگی ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بدل جاتی ہے۔نہ تو وہ سپر ہیرو رہتا ہے اور نہ ہی دنیا کو بچانے والا سپر مین اپنے سیارے سے یہاں آتا ہے۔ایسے میں جب سپر مین کا حریف جنرل زوڈ دنیا پر حکمرانی کے لیے حملہ آور ہوتا ہے تو بیری ایلن ایک ریٹائرڈ بیٹ مین سے مدد مانگتا ہے, اور اس کی مدد سے وہ واپس ٹائم لائن ٹھیک کرنے کی ایک اور کوشش کرتا ہے تاکہ دنیا کو بچایا جاسکے۔

فلم کے ٹریلر میں دو بیری ایلن کا نظر آنا محض اتفاق نہیں ہے کیوں کہ ایک تو وہ بیری ہے جس نے ٹائم لائن بدلی، دوسرا وہ جو اس ٹائم لائن میں پہلے ہی سے موجود تھا۔ دونوں ہی کے پاس سپر پاورز نہ ہونا ان کی والدہ کے لیے تو اچھا تھا لیکن یہ دنیا کے لیے اچھا نہیں تھا جسے بچانے کے لیے کوئی سامنے نہیں آتا۔

فلم میں دو بیٹ میں بھی اسی وجہ سے ہیں کیوں کہ ایک اس ٹائم لائن میں ہوگا جس سے دی فلیش گیا ہوگا اور دوسرا وہ جو بدلی جانے والی ٹائم لائن میں موجود ہوگا۔ سپر مین کی جگہ سپر گرل کی آمد شائقین کے لیے ایک اچھی تبدیلی تو ہوگی لیکن اگر اس میں سپر مین نہ ہوا تو انہیں مایوسی ہوسکتی ہے۔

اداکار ایزرا ملر نے پہلی مرتبہ ‘بیٹ مین ورسز سپرمین: ڈان آف جسٹس’ میں پہلی مرتبہ دی فلیش کا کردار ادا کیا تھا جس کے بعد وہ متعدد مرتبہ اس سپر ہیرو کے کردار میں نظر آچکے ہیں، جس میں ‘جسٹس لیگ’ اور ‘زیک اسنائیڈرز جسٹس لیگ’ شامل ہیں۔

گزشتہ پانچ برسوں میں متعدد بار اپنے خراب رویے اورعوام سے مار پیٹ کی وجہ سےانہیں پولیس نے حراست میں لیا تھا جس کی وجہ سے متعدد بار فلم کی ریلیز کھٹائی میں پڑگئی تھی۔

اس فلم میں سپر گرل بننے والی اداکارہ ساشا کائے نے بھی اپنا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں سپر گرل سے محبت ہے۔

ڈی سی اسٹوڈیو کے سربراہ جیمز گن نے اس فلم کا ٹریلر شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا کہ انہیں اس فلم سے محبت ہے اور وہ بے صبری سے اس کی ریلیز کا انتظار کررہے ہیں۔

نکولس نامی صارف کے بقول اگر پانچ برس قبل کوئی انہیں بتاتا کہ اس فلم میں اتنا سب کچھ ہوگا تو کسی کویقین نہیں آتا۔

مائیکل کیٹن کی تین دہائیوں بعد بیٹ سوٹ میں واپسی پر ‘روٹن ٹوماٹوز’ نے ان کا معروف ڈائیلاگ ‘آئی ایم بیٹ مین’ اوراس کے بعد کا ٹریلر میں دکھایا جانے والا ایکشن سین شیئر کیا۔

صرف ‘ڈی سی کامکس’ پڑھنے والوں کو یہ معلوم ہو گا کہ فلیش پوائنٹ کامک میں جس بیٹ مین سے دی فلیش کی ملاقات ہوتی ہے وہ کوئی اورنہیں بلکہ بروس وین کا باپ تھامس وین ہوتا ہے جو اپنی بیوی مارتھا اوربیٹے بروس کے قتل کے بعد بیٹ مین بنتا ہے۔

بلیو رے اینجل نامی صارف نے اینی میٹڈ فلم ‘فلیش پوائنٹ ‘ کا ایک سین شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اگر اس فلم میں بھی اس سین کو شامل کرلیا جائے تو مزہ آجائے گا کیوں کہ اس سے بین ایفلیک کے بیٹ مین کو سینڈ آف کرنے کا موقع ملے گا۔

‘دی فلیش فلم’ نیوز نامی اکاؤنٹ نے تو بین ایفلیک کے بروس وین کا وہ مکالمہ پوسٹ کیا جس میں وہ بیری ایلن کو ٹائم ٹریول کرنے سے منع کرتا ہے کیوں کہ اس سے معاملات ٹھیک ہونے کے ساتھ ساتھ خراب ہونے کا بھی خدشہ تھا۔

ایک صارف نے ‘دی بوائز ‘ نامی سیریز سے ایک میم شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اس ٹریلر پر ردِ عمل دیکھ کر ایزرا ملر کو بہت خوشی ہوگی۔

About the author

Omair Alavi

عمیر علوی ایک بہت معزز صحافی، تنقید کار اور تبصرہ نگار ہیں جو خبروں، کھیلوں، شوبز، فلم، بلاگ، مضامین، ڈرامہ، جائزوں اور پی ٹی وی ڈرامہ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وسیع تجربے اور داستان سوزی کی خصوصیت کے ساتھ، وہ اپنے دلچسپ تجزیوں اور دلکش تقریروں کے ذریعے حاضرین کو مسحور کرتے ہیں۔ ان کی ماہری اور تعاون نے انہیں میڈیا اور تفریحی صنعت کا اہم شخصیت بنا دیا ہے۔