شوبز

سُپر ہٹ گیتوں کے خالق بالی وڈ موسیقار واجد خان زندگی کی بازی ہار گئ

Written by Omair Alavi

ویب ڈیسک — 

بالی وڈ کی کئی ہٹ فلموں کی موسیقی ترتیب دینے والی کامیاب جوڑی ‘ساجد واجد’ کے واجد خان کا 42 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔ واجد خان کو متعدد بیماریاں لاحق تھیں۔

بھارتی خبر رساں ایجنسی ‘پی ٹی آئی’ سے گفتگو کرتے ہوئے موسیقار سلیم مرچنٹ کا کہنا تھا کہ واجد خان گردے کے عارضے میں مبتلا تھے اور کچھ عرصہ پہلے انکا ٹرانسپلانٹ بھی ہوا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے کڈنی انفیکشن اور پھر کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد ان کی حالت بگڑ گئی تھی۔ چار دن وینٹی لیٹر پر رہنے کے بعد گزشتہ رات وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے دوست کو آخری سلام کچھ اس انداز میں کیا۔

بھارتی صحافی فریدون شہریار نے واجد خان کی وفات پر سب سے پہلے ٹوئٹ کیا۔

انہوں نے سونونگم سے تصدیق کے بعد ٹوئٹ کی۔ جس میں واجد خان کے انتقال کا ذکر تھا۔

جب بھی بالی وڈ موسیقار جوڑی ساجد واجد کا نام ذہن میں آتا ہے۔ سلمان خان کے لاتعداد ہٹ گانے نظروں کے سامنے گھومنے لگتے ہیں۔

دبنگ فلم کا گانا ‘ہڈ ہڈ دبنگ ہو’ یا ‘تیرے مست مست دو نین’، دبنگ ٹو کا سپر ہٹ نمبر ‘فیوی کول’ ہو یا پھر ‘دغا باز رے’، ہیرو پنتی کا ‘ربا ربا ہو’ یا ‘رات بھر’، ساجد واجد نے جدید موسیقی کے دور میں فلمی میوزک کو جاری رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان نے کئی فلموں میں ساجد واجد کے لیے نہ صرف گانے گائے بلکہ ان میں سے کئی فلمی نغمے آج بھی لوگوں کو یاد ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ واجد خان کے انتقال سے انہیں گہرا دکھ اور صدمہ پہنچا ہے۔

دبنگ سیریز میں ‘تیرے مست مست دو نین’ اور ‘دغا باز رے’ جیسے گیتوں میں اپنی آواز کا رنگ بھرنے والے راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ واجد بھائی نے بہت جلدی اس جہاں کو چھوڑ دیا۔

ان کے بقول وہ دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی انہیں جنت الفردوس میں جگہ دے اور ان کے لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔

ادھر پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے بھی واجد خان کے انتقال پر اپنی پوسٹ میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ساتھ گزرے لمحات کا ذکر کیا ہے۔

بھارتی فلم ‘موم’ میں کام کرنے والے پاکستانی اداکار اپنی انسٹا پوسٹ میں لکھتے ہیں کہ ساجد اور واجد خان سے ان کے گہرے مراسم تھے۔

ان کے بقول نہ صر ف ان دونوں بھائیوں کے ساتھ انہوں نے سحری کی تھی بلکہ ان کی ماں کے ہاتھ کی پکی نہاری بھی کھائی تھی۔ واجد خان کے انتقال سے وہ ایک پیار کرنے والے بھائی سے محروم ہو گئے ہیں۔

دوسری جانب اداکاراور گلوکار علی ظفر بھی واجد خان کے انتقال پر افسردہ ہیں۔

وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ واجد خان صرف بہترین موسیقار ہی نہیں بلکہ اچھے دوست بھی تھے۔

علی ظفر کا کہنا تھا کہ واجد خان کے انتقال کی خبر سے انہیں گہرا دکھ پہنچا ہے۔ ان کے ساتھ گزارا ہوا وقت اور اسٹوڈیو میں ان کی ریہرسلز، آج بھی انہیں یاد ہیں۔ مرحوم موسیقی سے دیوانہ وار محبت کرتے تھے۔

علی ظفر نے واجد خان کے ساتھ ریکارڈ کیے گئے گانے کا بھی ذکر کیا۔ جو فلم ‘چشم بددور’ میں ان پر اور تاپسی پنو پر فلمایا گیا تھا۔

علی ظفر کا کہنا تھا کہ انہوں نے واجد خان کے ساتھ فلم ‘چشم بددور’ کا ایک گانا بھی ریکارڈ کیا۔ جسے ساجد واجد نے ترتیب دیا تھا اور میں نے شریا گھوشال کے ساتھ گایا تھا۔

ان کے بقول واجد بھائی نہ صرف ایک اچھے انسان تھے بلکہ دوستوں کے دوست بھی تھے۔

واجد خان نے اپنے بھائی ساجد خان کے ساتھ بحیثیت ساجد واجد اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 90 کی دہائی میں کیا تھا۔

ان کی پہلی فلم ‘پیار کیا تو ڈرنا کیا’ تھی۔ جس میں ہمیش ریشممیا کی طرح انہوں نے ایک ہی گانا کمپوز کیا لیکن اس کے بعد ان دونوں بھائیوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

اس وقت بھارتی فلموں میں جتین للیت اور انو ملک کا راج تھا لیکن بعد میں انہی موسیقاروں نے ساجد واجد کے ہمراہ فلموں میں موسیقی دی۔ جن میں ساجد واجد کے گانوں کی تعداد زیادہ اور ان موسیقاروں کے گانوں کی تعداد کم ہوتی تھی۔

ساجد واجد کی پہلی کامیاب فلم ‘ہیلو برادر’ تھی۔ جس کے ٹائٹل سانگ سمیت ان کے کمپوز کیے گئے تمام گانے کافی مقبول ہوئے۔

اسی سال ساجد واجد نے سونو نگم کا سپر ہٹ البم ‘دیوانہ’ کا میوزک بھی ترتیب دیا۔ جس کے مشہور گانوں میں ‘اب مجھے رات دن’، ‘دیوانہ تیرا’ اور’ کچھ تم سوچو’ آج بھی لوگوں کو یاد ہیں۔

واجد خان نے اپنے بھائی موسیقار ساجد خان کے ہمراہ اس کے بعد کئی فلموں میں گانے تخلیق کیے۔ جو اپنے زمانے میں تو بے حد مقبول ہوئے ہی، انہیں آج بھی لوگ سنتے اور پسند کرتے ہیں۔

فلم ‘راؤڈی راٹھور’ میں ملکا سنگھ کا گایا گیت ‘چنٹا ٹا چیٹا چیٹا’ اور فلم ‘ایک تھا ٹائیگر’ میں ‘ماشا اللہ’ کو لوگوں نے خوب پسند کیا۔

سلمان خان پر فلمایا یہ گانا خود واجد خان نے گایا بھی تھا۔

آج کل کے دور میں جہاں یو یو ہنی سنگھ اور میٹ بروس جیسے نئے موسیقار فلموں میں گانوں سے زیادہ ‘ری مکس’ کمپوز کر رہے ہیں۔ وہاں فلم ‘ہیرو پنتی’ میں ‘ربا ربا’ اور ‘آ رات بھر’ جیسے میوزیکل ہٹس دے کر ساجد واجد نے فلمی موسیقی کو زندہ رکھا۔

جو مقام ان کے تخلیق کیے تمام گانوں میں فلم دبنگ کے گیت ‘ہڈ ہڈ دبنگ’ کو حاصل ہے، وہ کسی اور کو نہیں۔

ساجد واجد کی یادگار فلموں میں ہاؤس فل اور دبنگ سیریز کے علاوہ شرارت، چوری چوری، تیرے نام (دو گانے)، مجھ سے شادی کرو گی، پارٹنر، وانٹڈ، راؤڈی راٹھور، چشم بددور، میں تیرا ہیرو، اور ہیرو پنٹی شامل ہیں۔

واجد خان نے ان میں سے کئی فلموں میں گلوکاری کے جوہر بھی دکھائے اور ان کا سب سے مشہور گانا ‘فیوی کول’ تھا۔ جس نے دبنگ ٹو کے ساؤنڈ ٹریک کو چار چاند لگا دیے تھے۔

بھارتی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھے والے کئی اداکاروں، موسیقاروں اور گلوکاروں نے بھی واجد خان کے انتقال کے بعد انہیں شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔

اکشے کمار کی کئی فلموں میں یادگار میوزک دینے والے واجد خان کو اداکار نے کچھ ان الفاظ میں یاد کیا۔

اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے بھی واجد بھائی کو شاندار انداز میں یاد کیا۔

اداکارہ پریٹی زنٹا نے کہا کہ وہ واجد خان سے بے حد قریب تھیں اور ان کی موت سے انہیں دلی رنج ہوا ہے۔

اداکار انوپم کھیر نے بھی ان کے خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ واجد خان کی وفات سے انہیں بہت دکھ ہوا۔

موسیقار اور گلوکار عدنان سمیع خان کا کہنا تھا کہ واجد خان کی موت کی خبر سے وہ ابھی تک سنبھل نہیں پارہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر واجد خان کی آخری ویڈیو بھی دیکھی جاسکتی ہے۔ جس میں وہ اپنے مداحوں سے مخاطب ہو کر گانے گنگنا رہے ہیں۔

About the author

Omair Alavi

عمیر علوی ایک بہت معزز صحافی، تنقید کار اور تبصرہ نگار ہیں جو خبروں، کھیلوں، شوبز، فلم، بلاگ، مضامین، ڈرامہ، جائزوں اور پی ٹی وی ڈرامہ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وسیع تجربے اور داستان سوزی کی خصوصیت کے ساتھ، وہ اپنے دلچسپ تجزیوں اور دلکش تقریروں کے ذریعے حاضرین کو مسحور کرتے ہیں۔ ان کی ماہری اور تعاون نے انہیں میڈیا اور تفریحی صنعت کا اہم شخصیت بنا دیا ہے۔