فلمی جائزے فلمیں

بھارتی فلم ‘آدی پورش’ ریلیز ہوتے ہی تنازعات میں گھر گئی

Written by ceditor

بھارتی سنیما کی کامیاب ترین فلم سیریز ‘باہوبلی ‘ کے ہیرو پربھاس نے اس فلم میں رام کا مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

کراچی — پانچ ارب روپے کی لاگت سے بننے والی مہنگی ترین بھارتی فلموں میں سے ایک ‘آدی پورش’ نے جمعے کو ریلیز کے پہلے ہی دن دنیا بھر سے 140 کروڑ روپے کمالیے لیکن ناقدین اور شائقین کو اس فلم میں ہندوؤں کی مذہبی کتاب رامائن کی کہانی کو ‘توڑ مروڑ’ کر پیش کرنے پر اعتراض ہے۔

بھارتی سنیما کی کامیاب ترین فلم سیریز ‘باہوبلی ‘ کے ہیرو پربھاس نے اس فلم میں رام کا مرکزی کردار ادا کیا ہے جب کہ کریتی سینن سیتا، سیف علی خان راون اور سنی سنگھ لکشمن کے کرداروں میں نظر آئے ہیں۔

فلم رامائن سے تو ماخوذ ہے جس میں رام اپنی بیوی سیتا کو چھڑانے کے لیے راون سے مقابلہ کرتا ہےلیکن فلم بینوں کو ‘آدی پورش’ کی کہانی، کرداروں، ان کے کپڑوں اور سب سے بڑھ کر اس میں استعمال ہونے والے ویژیول ایفیکٹس کی زیادتی پر اعتراض ہے۔

یہی نہیں، بھارتی شہر حیدرآباد دکن کے ایک سنیما کے باہر اداکار پربھاس کے مداحوں نے ایک فلم بین کی اس وقت پٹائی کردی جب ان سے فلم اور اس میں پربھاس کی اداکاری دونوں کو برا قرار دیا۔

ادھر نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو کے سنیما گھروں میں ‘آدی پورش’ کی نمائش پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

کھٹمنڈو کے میئر بالین شاہ نے ٹوئٹر کے ذریعے پروڈیوسرز کو خبردار کیا کہ اگر انہوں نے فلم میں سیتا کی جائے پیدائش کی غلطی کو درست نہ کیا گیا تو وہ دارالحکومت میں کسی بھی بھارتی فلم کو نمائش کی اجازت نہیں دیں گے۔

کھٹمنڈو کے میئر نے ٹوئٹ میں کہا ” فلم کے ٹریلر میں کہا گیا ہے کہ ‘سیتا بھارت کی بیٹی ہے’، جب کہ سیتا دراصل نیپال کی بیٹی تھی، جس کی رامائن کے مطابق پیدائش نیپال کے علاقے جنک پور میں ہوئی تھی ، اس لیے اگر یہ غلطی درست نہ کی گئی تو اس سے نیپالیوں کے جذبات مجروح ہونے کا امکان ہے۔”

بالی وڈ فلموں پر گہری نظر رکھنے والے تجزیہ کار ہوں یا پھر وہ نوجوان نسل جس کے لیے ہدایت کار اوم روت نے یہ فلم بنانے کا دعویٰ کیا ہے ، سب ہی کو ‘آدی پورش’ سے مسئلہ ہے، کسی کو اس میں رامائن کی بے حرمتی برداشت نہیں تو کسی نے اسے کارٹون فلم قرار دیا۔

ترن آدرش اپنے تجزیوں کی وجہ سے ایک اتھارٹی مانے جاتے ہیں۔ فلم کے ریلیز ہوتے ہی انہوں نے ٹوئٹر پر صرف لفظ مایوس کن لکھ کر فلم کو پانچ میں سے ڈیڑھ نمبر دیے۔

ان کے خیال میں اس فلم سے شائقین کو جو بہت توقعات تھیں وہ ان پر پورا نہیں اترتی ۔ بڑے بجٹ اور اعلی کاسٹ کے باوجود یہ فلم ایک بڑا ‘میس’ ہے۔

سوشل میڈیا پر بھی اس فلم کے حوالے سے کافی منفی ردِ عمل دیکھنے میں آیا ہے۔ ایک ٹوئٹر صارف نے اس فلم کو رامائن سے ماخوذ نہیں بلکہ مذہبی کتاب کا مذاق قرار دیا ہے۔

انہوں نے اداکارہ کریتی سینن کی فلم سے ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں وہ بنی ہوئی تو سیتا ہیں، لیکن ان کے بقول” لگ رہا ہے جیسے کوئی آئٹم نمبر شوٹ کرکے آئی ہیں۔”

روزی نامی صارف نے بھی شائقین کا ایسا ردِ عمل شیئر کیا جس میں وہ فلم کی برائی کررہے ہیں۔ کسی نے اسے تین گھنٹے بور کرنے والی فلم قرار دیا تو کسی نے کہا کہ یہ ایک کامیڈی فلم ہے۔ کچھ لوگوں کے خیال میں اداکار پربھاس کو رام کا کردار ادا کرنے کے لیے کلین شیو ہونا چاہیے تھا نہ کہ مونچھ رکھ کر یہ کردار نبھانا چاہیے تھا۔

صارف مایانک سکسینا کے خیال میں فلم میں بھگوان رام اور ہنومان کو غصے میں دکھا کر ان کا مذاق اڑایا گیا ہے، جب کہ دراصل وہ امن پسند لوگ تھے ۔

اکشے پٹیل نامی صارف نے بھی نوجوان شائقین کا ردِ عمل شیئر کیا جس میں وہ فلم ساز کی غلطیوں کی نشاندہی کررہے ہیں جیسے راون کا اپنے ہاتھ سے کتے کو گوشت کھلانا (جس کی ہندومذہب میں ممانعت ہے)، فلم میں استعمال ہونے والی زبان اور سب سے بڑھ کر کہانی کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا۔

‘آدی پورش ‘کا ٹیزر جب گزشتہ سا ل اکتوبر میں ریلیز ہوا تھا تب بھی اسے دیکھ کر لوگوں نے اس کے وی ایف ایکس یعنی ویژیول ایفیکٹس پر تنقید کی تھی۔

مشہور تیلگو اداکار وشنو منچو نے فلم کے ٹیزر پر تنقید کرتے ہوئے اسے لائیو ایکشن فلم کے بجائے اینی میٹڈ فلم قرار دیا تھا۔

شائقین کے منفی ردِ عمل کے بعد پروڈیوسرز نے گرافکس کو بہتر کرکے رواں سال متعدد ٹریلر جاری کیے جنہیں سراہا گیا تھا۔ تاہم فلم کی تیلگو اور ہندی زبان میں نمائش سے وہ جس قسم کا ردِ عمل چاہ رہے تھے، ویسا ملتا کم نظر آرہا ہے۔

عمیر علوی – وائس آف امریکہ

About the author

ceditor