اسپورٹس

افغانستان سیریز: بابر، رضوان اور شاہین کو آرام دینے کا فیصلہ، شاداب قیادت کریں گے

Written by Omair Alavi

کراچی

افغانستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے پاکستان نے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ البتہ اس اسکواڈ کا حصہ نہ بابر اعظم ہوں گے نہ ہی محمد رضوان جب کہ شاہین شاہ آفریدی کو بھی سیریز کے دوران آرام کی غرض سے باہر بٹھا یا گیا ہے۔

پیر کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ورک لوڈ مینجمنٹ کی خاطر سینئر کھلاڑیوں کو آرام دینے کا جو فیصلہ کیا گیا ہے اس میں ان تمام کھلاڑیوں کی مرضی شامل ہے۔

انہوں نے بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف ، فخر زمان اور محمد رضوان کو کرکٹ ٹیم کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی غیر موجودگی میں ان نوجوانوں کو موقع دیا جا رہا ہے جنہوں نے پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز 24 سے 27 مارچ کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے شہر شارجہ میں کھیلی جائے گی۔

ٹیم کی قیادت بابر اعظم کے ساتھ نائب کپتان رہنے والے شاداب خان کریں گے جب کہ محمد حارث اور اعظم خان سیریز میں وکٹ کیپر کے فرائض انجام دیں گے۔

پی ایس ایل-8 میں اچھی کارکردگی دکھانے والے آل راؤنڈر فہیم اشرف کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جب کہ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کو بھی کم بیک کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔

اسی طرح اپنی جارح مزاج بلے بازی سے بالرز کو پریشان کرنے والے صائم ایوب، طیب طاہر ، عبداللہ شفیق اور ٹاپ وکٹ ٹیکرز میں شامل احسان اللہ کو بھی اس اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کی غیر موجودگی میں پیس اٹیک کو نسیم شاہ لیڈ کریں گے۔

اپنی نپی تلی بالنگ کی وجہ سے مسلسل دو سال پی ایس ایل میں شاندار کارکردگی دکھانے والے زمان خان کو پہلی بار پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملے گا۔

اس 15 رکنی اسکواڈ میں ان نئے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ شان مسعود،افتخار احمد، محمد نواز اور محمد وسیم جونیئر بھی شامل ہوں گے جب کہ ابرار احمد، حسیب اللہ اور اسامہ میر کو ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔

About the author

Omair Alavi

عمیر علوی ایک بہت معزز صحافی، تنقید کار اور تبصرہ نگار ہیں جو خبروں، کھیلوں، شوبز، فلم، بلاگ، مضامین، ڈرامہ، جائزوں اور پی ٹی وی ڈرامہ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وسیع تجربے اور داستان سوزی کی خصوصیت کے ساتھ، وہ اپنے دلچسپ تجزیوں اور دلکش تقریروں کے ذریعے حاضرین کو مسحور کرتے ہیں۔ ان کی ماہری اور تعاون نے انہیں میڈیا اور تفریحی صنعت کا اہم شخصیت بنا دیا ہے۔