ویب ڈیسک — کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی بھارتی کرکٹ ٹیم کو فائنل فور سے قبل ایک بڑا دھچکا لگ گیا۔ تجربہ کار آل راؤنڈر ہارک پانڈیا ٹخنے کی انجری سے مکمل صحت یاب نہ ہونے کی وجہ سے ناک آؤٹ مرحلے میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔
ایونٹ میں چار میچز میں پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے والے پانڈیا بنگلہ دیش کے خلاف میچ کے دوران بالنگ کرتے ہوئے انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کے بعد ان کا اوور وراٹ کوہلی نے مکمل کیا تھا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹیکنیکل کمیٹی نے پانڈیا کی جگہ پراسدھ کرشنا کو بھارتی اسکواڈ میں شامل کر نے کی منظوری دے دی ہے جو جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔
ایونٹ سے باہر ہونے پر ہاردیک پانڈیا نے بھی شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی نیک تمنائیں ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ رہیں گی۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک بیان میں پانڈیا نے کہا کہ وہ اب ہر گیند پر ٹیم انڈیا کو سپورٹ کریں گے، ان کی خواہش ہے کہ یہ اسپیشل کھلاڑی شاندار کارکردگی دکھا کر ورلڈ کپ جیت کر سب کا سر فخر سے بلند کردیں گے۔
Tough to digest the fact that I will miss out on the remaining part of the World Cup. I'll be with the team, in spirit, cheering them on every ball of every game. Thanks for all the wishes, the love, and the support has been incredible. This team is special and I'm sure we'll… pic.twitter.com/b05BKW0FgL
— hardik pandya (@hardikpandya7) November 4, 2023
ہاردیک پانڈیا ورلڈ کپ کے دوران زخمی ہوکر باہر ہونے والے ان کئی کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جو ایونٹ میں انجری کا شکار ہوکر باہر ہوچکے ہیں۔
ان کھلاڑیوں میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے فاسٹ بالر ریس ٹوپلی، نیوزی لینڈ کے پیسر میٹ ہنری اور آل راؤندر لوکی فرگوسن، سری لنکا کے کپتان دسون شناکا اور لہیرو کمارا کے نام قابلِ ذکر ہیں۔
ادھر ایونٹ میں تیز ترین سینچری اسکور کرنے والے آسٹریلیا کے گلین میکسویل بھی گالف کارٹ سے گر کر زخمی ہوئے تاہم ان کی ایونٹ میں شرکت فٹنس سے مشروط ہے۔
پاکستان کے شاداب خان بھی دورانِ ایونٹ ان فٹ ہوجانے کی وجہ سے اب تک فائنل الیون سے باہر ہیں لیکن ٹیم مینجمنٹ ان کی فٹنس کی جانب واپسی سے مطمئن ہے۔
گھٹنے کی انجری سے صحت یاب ہوکر ورلڈ کپ سے قبل کم بیک کرنے والے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن بھی سری لنکا کے خلاف میچ میں انگوٹھے پر گیند لگنے کی وجہ سے باہر ہوگئے تھے لیکن پاکستان کے خلاف میچ میں انہوں نے شاندار کم بیک کیا ہے۔