پشاور زلمی کے کھلاڑی 4 مارچ 2024 کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان پاکستان سپر لیگ (PSL) T20 کرکٹ میچ کے دوران۔ فوٹو اے ایف پی
- وائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
- لیگ کے کوالی فائر میچ میں 14 مارچ کو ملتان سلطانز کا مقابلہ سابق چیمپئن پشاور زلمی سے ہوگا۔
- لیگ کے پہلے ایلی منیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے اور محمد رضوان کی قیادت میں ملتان سلطانز نے 14 پوائنٹس کے ساتھ ایونٹ کے پہلے مرحلے کا اختتام ٹاپ پوزیشن پر کرلیا ہے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منگل کو کھیلے گئے میچ میں سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 79 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر کوالی فائر میں جگہ بنائی۔
ملتان سلطانز نے اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹ کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔ جواب میں کوئٹہ کی ٹیم سولہویں اوور میں صرف 106 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
اس فتح کے ساتھ ہی ملتان سلطانز کی فتوحات کا سلسلہ سات ہوگیا اور اس نے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
بابر اعظم کی پشاور زلمی نے پہلے مرحلے کا اختتام صرف ایک پوائنٹ کی کمی کی وجہ سے دوسرے نمبر پر کیا ہے۔ شاداب خان کی اسلام آباد یونائیٹڈ اور رائلی روسو کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 11، 11 پوائنٹس کے ساتھ تیسری اور چوتھی پوزیشن پر رہے۔
سابق چیمپئن کراچی کنگز کی ٹیم چار میچ جیت کر بھی پلے آف مرحلے میں جگہ نہ بناسکی۔ دو بار کے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے حصے میں صرف ایک کامیابی آئی جس کے بعد اس نے پوائنٹس ٹیبل پر چھٹی پوزیشن حاصل کی۔
ایونٹ کے دوسرے مرحلے میں کیا ہو گا؟
ایونٹ کے دوسرے مرحلے میں چار ٹیموں کے درمیان کوالی فائر اور ایلی منیٹرز میچز کھیلے جائیں گے۔
لیگ کے فارمیٹ کے مطابق 14 مارچ کو کھیلے جانے والے کوالی فائر میں ملتان سلطانز کا مقابلہ سابق چیمپئن پشاور زلمی سے ہوگا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جس ٹیم کو بھی اس میچ میں شکست ہوگی وہ ایونٹ سے مکمل طور پر آؤٹ نہیں ہوگی بلکہ اسے فائنل تک پہنچنے کا ایک اور موقع ملے گا۔ میچ کی فاتح ٹیم فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔
کوالی فائر کے بعد ہوگا پہلا ایلی منیٹر، جس میں دو بار کے سابق چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور ایک مرتبہ کی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آمنے سامنے ہوں گے۔ اس میچ میں ہارنے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو جائے گی جب کہ فاتح ٹیم کا مقابلہ کوالی فائر میں شکست کھانے والی ٹیم سے ہو گا اور اس میچ کو دوسرا ایلی منیٹر میچ کہا جائے گا۔
دوسرے ایلی منیٹر کی فاتح ٹیم فائنل میں جگہ بنا لے گی۔ جہاں اس کا مقابلہ کوالی فائر جیتنے والی ٹیم سے ہوگا۔
اس بار ملتان سلطانز کے پاس پی ایس ایل جیتنے کا سب سے اچھا موقع اس لیے بھی ہے کیوں کہ انہیں مسلسل دو فائنل ہرانے والی لاہور قلندرز کی ٹیم پلے آف مرحلے میں نہیں ہے۔
دیکھنا یہ ہے کہ اس بار نتیجہ اس ٹیم کے حق میں آتا ہے جس نے فائنل میں کوالی فائر جیت کر جگہ بنائی، یا پھر وہ ٹیم فاتح بنتی ہے جو ملنے والے دوسرے موقع سے فائدہ اٹھاتی ہے۔