اسپورٹس

پی ایس ایل: لاہور قلندرز پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی، ملتان کے پولارڈ کو میچ ریفری کی سرزنش

Written by Omair Alavi

کراچی  

پاکستان سپر لیگ-8 (پی ایس ایل-ایٹ) کے مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان اہم مقابلے کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی پوزیشن اور پلے آف کی پوزیشن مزید واضح ہونے کا امکان ہے۔

ہفتے کو کھیلے گئے میچ میں کامیابی کے بعد لاہور قلندرز نے 12 پوائنٹس حاصل کرکے پلے آف مرحلے میں جگہ بنالی، وہ اس سیزن میں اگلے مرحلے میں جگہ بنانے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

دوسری پوزیشن پر آٹھ آٹھ پوائنٹس کے ساتھ ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں موجود ہیں۔

ملتان نے سات میچز کھیل کر یہ پوائنٹس حاصل کیے جب کہ اسلام آباد کی ٹیم آج اپنا ساتواں میچ کھیل رہی ہے۔

اگر شاداب خان کی قیادت میں اسلام آباد نے اس میچ میں کامیابی حاصل کر لی تو پوائنٹس ٹیبل پر 10 پوائنٹس کے ساتھ وہ دوسری پوزیشن حاصل کرلے گی اور آٹھ پوائنٹس والی ملتان کی ٹیم کو تیسری پوزیشن پر جانا ہوگا۔

بابر اعظم کی قیادت میں پشاور زلمی نے ایونٹ میں اب تک چھ میچ کھیل کر چھ پوائنٹس حاصل کیے ہیں جس کی وجہ سے اس کی پوزیشن چوتھی ہے۔

پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر اس وقت بالترتیب کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں موجود ہیں جن کے چار اور دو پوائنٹس ہیں۔

اگر عماد وسیم کی کراچی کنگز اور سرفراز احمد کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اگلے مرحلے میں پہنچنا ہے تو اپنے باقی تمام میچ جیتنے ہوں گے۔اس طرح اگر کوئٹہ نے آج کا میچ اچھے مارجن سے جیت لیا تو کراچی کی ٹیم کو پانچویں سے چھٹی پوزیشن پر دھکیل بھی سکتی ہے۔

گزشتہ رات کھیلے گئے میچ میں نہ صرف ملتان سلطانز کو دفاعی چیمپئن کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا بلکہ ان کے آل راؤنڈر کیرون پولارڈ کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر وارننگ جاری کی گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کیرن پولارڈ نے لاہور قلندرز کے بلے باز عبداللہ شفیق کو آؤٹ کرنے کے بعد جو اشارہ کیا تھا وہ پی ایس ایل کے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی ہے، جس میں زبان یا اشارے سے مخالف کھلاڑی کو پویلین واپسی بھیجنے کی ممانعت کی گئی ہے۔

یہ واقعہ لاہور اور ملتان کے درمیان میچ کے 13ویں اوور میں پیش آیا جب پولارڈ نے عبداللہ شفیق کو آؤٹ کرکے گراؤنڈ سے باہر جانے کا نازیبا اشارہ کیا تھا۔

میچ کے بعد ویسٹ انڈین کھلاڑی نے غلطی کا اعتراف کیا جس کے بعد میچ ریفری جاوید ملک نے انہیں اپنا رویہ بہتر بنانے اور آئندہ محتاط رہنے کی تنبیہہ کی۔

About the author

Omair Alavi

عمیر علوی ایک بہت معزز صحافی، تنقید کار اور تبصرہ نگار ہیں جو خبروں، کھیلوں، شوبز، فلم، بلاگ، مضامین، ڈرامہ، جائزوں اور پی ٹی وی ڈرامہ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وسیع تجربے اور داستان سوزی کی خصوصیت کے ساتھ، وہ اپنے دلچسپ تجزیوں اور دلکش تقریروں کے ذریعے حاضرین کو مسحور کرتے ہیں۔ ان کی ماہری اور تعاون نے انہیں میڈیا اور تفریحی صنعت کا اہم شخصیت بنا دیا ہے۔