اسپورٹس

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ترانہ: وراٹ کوہلی اِن، بابر اعظم، روہت شرما ویڈیو سے آؤٹ

Written by ceditor

کراچی — 

  • ترانے میں گلوکار شان پال اور کیس نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔
  • میوزک ویڈیو میں کرس گیل اور شیونارائن چندرپال کے ساتھ ساتھ آٹھ بار اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے یوسین بولٹ بھی نظر آرہے ہیں۔
  • بعض سوشل میڈیا صارفین نے ویڈیو میں روہت شرما، بابر اعظم، کین ولیمسن جیسے نامور کھلاڑیوں کی غیر موجودگی کی جانب نشاندہی کی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اگلے ماہ امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آفیشل اینتھم ‘آؤٹ آف دس ورلڈ’ جاری کردیا ہے۔

اس ترانے میں گلوکار شان پال اور کیس نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔ 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں اس اینتھم کو تقریباً تین لاکھ لوگوں نے یوٹیوب پر دیکھا ہے جب کہ 25 ہزار سے زائد افراد نے اسے پسند کیا ہے۔

ورلڈ کپ اینتھم کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی میوزک ویڈیو میں معروف کرکٹرز کرس گیل اور شیونارائن چندرپال کے ساتھ ساتھ آٹھ بار اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے یوسین بولٹ بھی نظر آرہے ہیں۔

دنیا کے تیز ترین انسان کا خطاب پانے والے یوسین بولٹ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سفیر ہونے کی وجہ سے اس ویڈیو کا حصہ ہیں تو سابق ویسٹ انڈین کھلاڑی شیونارائن چندرپال اور کرس گیل کا تعلق شریک میزبان ویسٹ انڈیز سے ہے جہاں ایونٹ کے زیادہ تر میچز کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ نویں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز یکم جون سے ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں ہوگا جس میں دنیا بھر سے 20 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ان ٹیموں کو پانچ، پانچ کے چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں سے ہر گروپ سے دو ٹاپ ٹیمیں سپر ایٹ راؤنڈ میں جگہ بنائیں گی۔ ایونٹ کا فائنل 29 جون کو بارباڈوس میں کھیلا جائے گا۔

ایونٹ کا اہم ٹاکرا جس کا کروڑوں شائقین کو انتظار ہے وہ 9 جون کو پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا۔

گلوکار شان پال نے بھی اس ترانے کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ گانا ان کے لیے ایک اعزاز ہے۔

آئی سی سی کے جاری کردہ ایک اعلامیے میں گریمی ایوارڈ ونر شان پال نے کہا کہ انہیں ہمیشہ سے یقین تھا کہ موسیقی کی طرح کرکٹ کے پاس یہ طاقت ہوتی ہے کہ وہ لوگوں کو متحد کرے۔

انہوں نے کہا کہ وہ پُر امید ہیں کہ امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ایونٹ میں جب جب ان کا گانا بجے گا، شائقین اس کے ساتھ ساتھ گنگنائیں گے۔

گلوکار کیس نے بھی کرکٹ کو کیریبیئن کلچر کا ایک اہم حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ ورلڈ کپ ترانے کا حصہ ہیں۔

انہوں نے اس گانے کا حصہ بننے والوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے اس ٹریک کے بارے میں کہا کہ اس اینتھم کو اسٹیڈیم میں جب سب گائیں گے تب اتحاد کی اسپرٹ سب ہی محسوس کر سکیں گے۔

سوشل میڈیا پر بعض صارفین ورلڈ کپ کے اس ترانے کو ماضی کے اینتھمز سے بہتر قرار دے رہے ہیں۔

ڈاکٹر اشفاق نامی ایک صارف کے مطابق یہ ترانہ بہتر ہے۔ لیکن سن 2015 کے ورلڈ کپ اینتھم سے اچھا نہیں۔

صارف مدثر حسن وانی نے اسے ترانوں کی فہرست میں ایک ‘بڑی اپ گریڈ’ قرار دیا۔

ایک اور صارف نے ‘آؤٹ آف دس ورلڈ’ کو 2019 کے ورلڈ کپ ترانے کے بعد بہترین قرار دیا۔

کچھ صارفین نے اس ورلڈ کپ ترانے کی ویڈیو میں بھارتی کرکٹر وراٹ کوہلی کے ‘شاٹ آف دی سینچری’ کے نام سے مشہور شاٹ کی شمولیت کو خوش آئند کہا۔

اے ساحل نامی صارف نے اس ترانے کی ویڈیو میں روہت شرما، بابر اعظم، پیٹ کمنز اور کین ولیمسن جیسے نامور کھلاڑیوں کی غیر موجودگی کی جانب نشاندہی کی۔

چند صارفین نے تو پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود کی میوزک ویڈیو میں شمولیت پر بھی حیرانی کا اظہار کیا۔

عمیر علوی – امریکا کی آواز

About the author

ceditor