کراچی —
یوں تو بھارتی فلموں کا جب بھی ذکر ہوتا ہے تو سب کے ذہن میں تینوں خان کے نام آتے ہیں: شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان۔ لیکن ان کامیاب اداکاروں کی موجودگی میں ایک خان ایسا بھی تھا جو انٹرنیشنل معیار پر نہ صرف پورا اترا بلکہ اس نے دنیا کے بہترین اداکاروں کے ساتھ کام کر کے اپنا لوہا منوایا۔
تریپن سالہ عرفان خان نے دو دہائی تک بالی وڈ پر راج کیا۔ کولون انفیکشن کے باعث 29 اپریل کو زندگی کی بازی ہارنے والے عرفان خان نے لواحقین میں ایک بیوہ، دو بیٹے اور اپنے لاکھوں مداح چھوڑے ہیں۔
عرفان خان 2018 میں نیورو اینڈوکرائن کینسر کے علاج کی وجہ سے لندن منتقل ہو گئے تھے جس کے بعد انہوں نے فلموں میں تو کم کام کیا تھا، لیکن جتنا بھی کیا وہ یادگار رہا۔
عرفان خان نے اپنی اداکاری کا آغاز 80 کی دہائی میں ٹی وی سے کیا تھا۔ ان کا فلمی سفر 1988 میں میرا نائر کی فلم ‘سلام بمبئی’ سے شروع ہوا۔ نوے کی دہائی میں انہوں نے ٹی وی پر تو زیادہ کام کیا، لیکن فلموں کے حوالے سے انہیں کئی مشکلات سے گزرنا پڑا۔ تینوں خان کے علاوہ اس دہائی میں منوج واجپائی جیسے منجھے ہوئے اداکار نے بھی اپنا سکہ جمایا ہوا تھا، جس کی وجہ سے عرفان خان کو کردار تو ملتے تھے، مگر چھوٹے۔
اس دوران اپنے منفرد اسٹائل سے وہ ٹی وی پر داد سمیٹتے رہے اور لوگوں کے دلوں میں گھر کرتے رہے۔ قسمت ان پر اس وقت مہربان ہوئی جب انہیں 2003 میں موسیقار و ہدایت کار وشال بھردواج کی فلم ‘مقبول’ میں مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے منتخب کیا گیا۔ ولیم شیکسپیر کے مشہور ڈرامے ‘میکبتھ’ سے ماخوذ اس فلم میں انہوں نے تبو، نصیر الدین شاہ، اوم پوری، اور پنکج کپور جیسے منجھے ہوئے اداکاروں کے سامنے بہترین اداکاری کا مظاہرہ کیا اور ایک نئے خان کے طور پر ابھرے۔
اس کے بعد عرفان خان پر فلموں کے دروازے وا ہوتے چلے گئے اور انہوں نے یکے بعد دیگرے کئی ہٹ فلموں میں کام کیا۔ ان کی آخری فلم ‘انگریزی میڈیم’ گزشتہ ماہ ہی ریلیز ہوئی تھی۔
عرفان خان نے نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھر میں اپنی اداکاری سے لوگوں کو متاثر کیا اور بھارت سے باہر بھی کافی نام کمایا۔ ہالی وڈ اداکار ٹام ہینکس نے فلم ‘انفرنو’ کے دوران ان کی اداکاری اور اسٹائل کو خوب سراہا۔ پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے، جنہوں نے ان کے ساتھ ‘ہندی میڈیم’ میں کام کیا تھا، آج بھی عرفان خان کو اچھے الفاظ میں یاد کرتی ہیں۔
وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے صبا قمر کا کہنا تھا کہ ‘ہندی میڈیم’ میں عرفان خان کے ساتھ اداکاری کر کے بہت کچھ سیکھنے کو ملا تھا۔
"مجھے کل ہی کی بات لگتی ہے کہ ہم ہندی میڈیم کے سیٹ پر تھے اور ہنستے کھیلتے پوری فلم مکمل کی۔ ان کے ساتھ گزارا ہوا وقت آج بھی یاد ہے جس میں میں نے کافی کچھ سیکھا اور عرفان جی نے بہت کچھ سکھایا۔ وہ کافی عرصے سے بیمار تھے اور ہم سب نے ان کی صحت یابی کے لیے بہت دعائیں کیں۔ میں کل بھی ان کے لیے میتا تھی، اور ہمیشہ میتا ہی رہوں گی۔”
انٹرنیشنل اداکار علی خان نے بھی عرفان خان کے ساتھ متعدد بھارتی ٹی وی ڈرامے، ٹیلی فلمز اور کئی انٹرنیشنل پروجیکٹس میں کام کیا۔ وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عرفان خان نہ صرف ایک اچھے اداکار تھے، بلکہ ایک بہترین انسان بھی تھے۔
"ہم نے 1994 میں ‘بنے گی اپنی بات’ میں ساتھ کام کیا تھا. اس کے بعد بی بی سی ٹی وی کے لیے ‘بمبئی بلوز’ میں ہم دونوں بھائی بنے تھے۔ ‘اے مائٹی ہارٹ’ میں بھی ہمارے کام کو کافی پسند کیا گیا تھا۔ انہوں نے اپنے مداحوں کو کبھی مایوس نہیں کیا۔ بیماری کے باوجود وہ ہمیشہ مسکراتے رہے اور لڑتے لڑتے زندگی کی بازی ہار گئے۔”
عرفان خان کی یادگار فلموں میں مقبول، آن، لائف ان اے میٹرو، بلو، نیو یارک، سات خون معاف، پان سنگھ تومر، صاحب بیوی اور گینگسٹر، ڈی ڈے، غنڈے، حیدر، پیکو، تلوار، جذبہ، مداری، ہندی میڈیم ، قریب قریب سنگل، بلیک میل اور کاروان شامل ہیں۔
بھارتی فلموں کے ساتھ ساتھ عرفان خان نے متعدد انگریزی فلموں میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا جس میں اے مائٹی ہارٹ، دی نیم سیک، سلم ڈاگ ملینئر، لائف آف پائی، دی امیزنگ اسپائیڈر مین، دی لنچ باکس، جراسک ورلڈ، دی جنگل بک، انفرنو اور پزل قابلِ ذکر ہیں۔
پاکستانی اداکار ساجد حسن نے ‘اے مائٹی ہارٹ’ میں عرفان خان کے ساتھ کام کیا تھا۔ وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے ساجد حسن کا کہنا تھا کہ عرفان خان جیسے اداکار عرصے بات پیدا ہوتے ہیں۔
"عرفان نہ صرف ایک بہترین اداکار تھے بلکہ انسان بھی۔ میں نے اتنا ڈاؤن ٹو ارتھ اور ملنسار آدمی اپنی زندگی میں نہیں دیکھا۔ اے مائٹی ہارٹ چونکہ بھارت میں فلمائی گئی تھی، اس لیے مجھے اور عدنان صدیقی سمیت تمام پاکستانی اداکاروں کو وہاں جانا پڑا تھا۔ عرفان نے میرا بھارت میں قیام یادگار بنادیا تھا کیوں کہ اس نے مجھے احساس ہی نہیں ہونے دیا کہ ہم کسی دوسرے ملک میں ہیں۔ جتنا بڑا وہ اداکار تھا، اتنا ہی نفیس انسان تھا۔”
ساجد حسن کہتے ہیں کہ آج کل پاکستان اور بھارت کے حالات جس نہج پر ہیں، ان میں اپنے سرحد پار دوستوں سے بات چیت کرنا بھی ان کو مشکل میں ڈالنے کے مترادف ہے اور اسی لیے وہ باوجود خواہش کے عرفان خان کے جنازے میں شرکت کے لیے بھارت نہیں جا سکیں گے۔
عرفان خان کے انتقال کے بعد کئی فلمی شخصیات نے بھی ٹوئٹر کے ذریعے ان کی خدمات کو سراہا ہے اور ان کے خاندان سے تعزیت کی ہے۔
بالی وڈ انڈسٹری کے سپر اسٹار شاہ رخ خان نے بھی عرفان خان کی خدمات کو سراہا اور انہیں وقت کا بہترین اداکار قرار دیا۔ اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ عرفان بھائی ہم آپ کی کمی ہمیشہ محسوس کریں گے۔
My friend…inspiration & the greatest actor of our times. Allah bless your soul Irrfan bhai…will miss you as much as cherish the fact that you were part of our lives.
— Shah Rukh Khan (@iamsrk) April 29, 2020
“पैमाना कहे है कोई, मैखाना कहे है दुनिया तेरी आँखों को भी, क्या क्या ना कहे है” Love u pic.twitter.com/yOVoCete4A
اداکارہ ودیا بالن نے لکھا کہ میری آپ سے زیادہ پہچان نہیں تھی لیکن اس کے باوجود میں اپنے آنسو نہیں روک پا رہی ہوں۔ کیوں کہ آپ کی پرفارمنس نے مجھے بہت متاثر کیا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ یہی آپ کا جادو تھا جو ہمیشہ قائم رہے گا۔
I didn’t know you well but i can’t stop crying today because your performances affected me in a very personal way…I guess thats your magic and that will always remain…Take care #IrrfanKhan .
— vidya balan (@vidya_balan) April 29, 2020
My heart breaks at the thought of your family but i pray for Sutapa and your boys.
اداکار سلمان خان نے لکھا کہ عرفان خان کا انتقال فلم انڈسٹری، ان کے مداحوں، ان کے گھر والوں اور ہم سب کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرفان خان ہمیشہ یاد آئیں گے اور ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہیں گے۔
Big loss to the film industry, his fans, all of us n specially his family. My heart goes out to his family. May God give them strength.
— Salman Khan (@BeingSalmanKhan) April 29, 2020
Rest in peace brother u shall always be missed n be in all our hearts.. pic.twitter.com/KFQ1RoC1H8
اداکار عامر خان نے بھی عرفان خان کی خدمات کو سراہا اور ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
heartfelt condolences to his family and friends. Thank you Irrfan for all the joy you have brought to our lives through your work. You will be fondly remembered. Love. a.— Aamir Khan (@aamir_khan) April 29, 2020
امیتابھ بچن نے لکھا کہ عرفان خان گوناگوں صلاحیتوں کے مالک ایک بڑے اداکار تھے جو بہت جلد ہمیں چھوڑ گئے۔ ان کے جانے سے ایک خلا پیدا ہو گیا ہے۔
T 3516 – .. just getting news of the passing of Irfaan Khan .. this is a most disturbing and sad news .. 🙏
— Amitabh Bachchan (@SrBachchan) April 29, 2020
An incredible talent .. a gracious colleague .. a prolific contributor to the World of Cinema .. left us too soon .. creating a huge vacuum ..
Prayers and duas 🙏
ھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بھی عرفان خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ عرفان خان کا انتقال سنیما کی دنیا اور تھیٹر کے لیے بڑا نقصان ہے۔
Irrfan Khan’s demise is a loss to the world of cinema and theatre. He will be remembered for his versatile performances across different mediums. My thoughts are with his family, friends and admirers. May his soul rest in peace.
— Narendra Modi (@narendramodi) April 29, 2020