کراچی —
چار دہائیوں تک پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری پر کئی مختلف اور زندہ دل کردار ادا کرنے والی معروف فنکارہ دردانہ بٹ 83 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
دردانہ بٹ نے آنگن ٹیڑھا اور تنہائیاں جیسے لاتعداد ہٹ ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
نو مئی 1938 کو لاہور میں پیدا ہونے والی دردانہ بٹ کا شمار پاکستان کی ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنے کریئر کے دوران اسٹیج، ٹی وی اور فلم تینوں میں کام کر کے اپنا نام بنایا۔
امریکی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی حاصل کرنے والی دردانہ بٹ نے اپنے کریئر کا آغاز اسٹیج سے کیا تھا جس کے بعد انہوں نے ’ففٹی ففٹی‘ کے ذریعے ٹی وی کی دنیا میں قدم رکھا۔
اسی کی دہائی میں دردانہ بٹ نے ’آنگن ٹیڑھا‘ میں سلطانہ کا کردار نبھایا تھا جس کے بعد انہوں نے ’تنہائیاں‘ میں بی بی بن کر فن کے جوہر دکھائے۔
’آنگن ٹیڑھا‘ میں دردانہ بٹ کا کردار ایک ایسی عورت کا تھا جو اپنے بڑے بھائی کے ساتھ رہتی تھی اور وہ اپنے پڑوس میں رہنے والے محبوب صاحب سے بے تکلف ہوتی تھیں جو ان کی بیوی جہان آرا کو قطعاً پسند نہیں آتا۔
آنگن ٹیڑھا میں محبوب احمد کا کردار ادا کرنے والے اداکار شکیل دردانہ بٹ کے انتقال پر بہت افسردہ ہیں۔
وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دردانہ بٹ ایک بہترین اداکار اور دوست تھیں۔
ان کے بقول دردانہ بٹ اپنے تمام دوستوں سے رابطے میں رہتی تھیں لیکن ان کے ساتھ ان کا رشتہ الگ ہی تھا۔ وہ نہ صرف ان کی دوست تھیں بلکہ ایک بہترین خاتون بھی تھیں جو ہمیشہ ہنستی مسکراتی رہتی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’آنگن ٹیڑھا‘ میں تو ساتھ کام کیا ہی تھا اس کے علاوہ بھی انہوں نے بہت وقت ساتھ میں گزارا تھا۔
ان کے مزید کہنا تھا کہ وہ ایک بہترین فن کارہ تھیں جن کے انتقال سے ایک ایسا خلا پیدا ہوا ہے جو شاید کبھی پورا نہ ہو سکے۔
اداکار شکیل کا کہنا تھا کہ ان کے انتقال سے سب افسردہ ہیں۔
مشہور زمانہ ڈرامہ تنہائیاں میں اداکارہ دردانہ بٹ کی اداکاری آج بھی لوگوں کو یاد ہے جس میں انہوں نے مرکزی کردار ادا کرنے والی زارا اور ثنیعہ کی آیا کا کردار ادا کیا تھا۔
نوے کی دہائی میں پرائیوٹ چینلز کے آنے کے بعد بھی دردانہ بٹ ٹی وی سے جڑی رہیں اور اپنے آخری دنوں تک متحرک رہیں۔
دردانہ بٹ نے حال ہی میں نجی ٹی وی چینل ’اے آر وائی‘ پر نشر ہونے والے ڈرامے ‘رسوائی’ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے جس میں ان کا کردار سب کو بے حد پسند آیا تھا۔
’رسوائی‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ ثنا جاوید کا کہنا تھا کہ دردانہ بٹ کے ساتھ گزارا ہوا وقت وہ ہمیشہ یاد رکھیں گی۔
وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دردانہ بٹ کے ہوتے ہوئے سیٹ پر کوئی سنجیدہ نہیں رہ سکتا تھا۔
ثنا جاوید کے بقول دردانہ بٹ ہمارے ملک کی ایک نامور اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہترین کو اسٹار تھیں۔ ان کو ان کے ساتھ ایک نہیں بلکہ دو ڈراموں میں کام کرنے کا موقع ملا جس میں رسوائی قابل ذکر ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سیٹ پر دردانہ بٹ سب کے ساتھ ایک جیسا برتاؤ کرتی تھیں۔ ان کے ساتھ لگتا ہی نہیں تھا کہ آپ کسی پرانے اداکار کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ وہ ہر کسی سے اسی طرح کی باتیں کرتی تھیں۔
Saddened to know of the passing of
— Faisal Javed Khan (@FaisalJavedKhan) August 12, 2021
Dr. #DurdanaButt. May ALLAH rest her soul in peace. Ameen
She was a great actor and a professor.
She had performed in classics from Fifty Fifty, Anghan Terha to Tanhaiyaan.
Had met her a couple of times yrs ago & she would always motivate us pic.twitter.com/t1ghBgIbN6
دردانہ بٹ کے انتقال پر جہاں سینیٹر فیصل جاوید خان نے ٹوئٹر کے ذریعے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا وہیں شیری رحمٰن نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ان کی تعریف کی۔
Very sorry to hear of Durdana Butt’s passing. She really was relateable in every sense of the word. RIP https://t.co/ON3y7dG85c
— SenatorSherryRehman (@sherryrehman) August 12, 2021
داکار زاہد احمد جنہوں نے دردانہ بٹ کے ساتھ ٹیلی فلم ’دل دیا گلاں‘ میں کام کیا تھا، انہوں نے بھی ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
Inna lilla e wa inna ilahaye rajioon. Sad news from today. May Allah bless her and grant her Jannat ul Firdous#durdanaapa #durdanabutt https://t.co/fuzuVw2q5O
— Zahid Ahmed (@zahidahmed_) August 12, 2021
صحافی آمنہ حیدر عیسانی اور مہوش اعجاز نے بھی دردانہ بٹ کے انتقال کو افسوس ناک قرار دیا۔
Hearing that Durdana Butt passed away. Someone credible pls confirm
— Mahwash Ajaz 🇵🇰 (@mahwashajaz_) August 12, 2021