کراچی —
انگلینڈ کی فٹ بال ٹیم اور مداحوں کا انتظار بس انتظار ہی رہ گیا اور 1966 کے بعد کسی ایونٹ کے فائنل میں پہنچنے والی انگلش ٹیم وہ کارکردگی نہ دکھا سکی جس کی اس کے مداحوں کو امید تھی۔ اور یورو کپ 2020 کے فائنل میں اٹلی نے انگلینڈ کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
ایونٹ کے فائنل میں اٹلی کے گول کیپر جون لوئیجی دوناروما کی شاندار کارکردگی انگلش مداحوں خواہشوں کے آڑے آگئی، اور انگلش ٹیم پینالٹی ککس پر میچ نہ جیت سکی۔
اٹلی نے انگلینڈ کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر، ہوم کراؤڈ کے سامنے پینالٹی ککس پر دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر دنیائے فٹ بال کے دوسرے بڑے ایونٹ کو دوسری مرتبہ اپنے نام کرلیا۔

پچپن سال بعد کسی میگا ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنانے والی انگلش ٹیم، ایک مرتبہ پھر پینالٹی ککس پر ٹائٹل سے محروم ہوگئی، اور اس ایونٹ کے فاتح بننے کے لیے مداحوں کا انتظار مزید طویل ہوگیا۔
فل ٹائم، اضافی وقت میں کبھی انگلش، کبھی اطالوی ٹیم کا پلڑا بھاری رہا
دونوں ٹیموں کے درمیان اتوار کو لندن کے ویمبلے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا فائنل، ابتدا سے ہی سنسنی خیز رہا۔ انگلینڈ کی جانب سے لیوک شا نے کھیل کے دوسرے ہی منٹ میں شاندار گول اسکور کرکے ٹیم کو برتری دلا دی، جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔
پہلا گول کھانے کے بعد اٹلی کی ٹیم کو سنبھلنے میں کچھ وقت لگا لیکن اس کے بعد سابق چیمپئن نے مخالف ٹیم کے گول پوسٹ پر کئی حملے کیے۔
دوسرے ہاف کے دوران 67 ویں منٹ پر اٹلی کے لیونارڈو بینوچی نے گول کر کے میچ کا اسکور ایک ایک سے برابر کردیا، اس کے بعد دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر متعدد حملے کیے، لیکن کوئی بھی ٹیم برتری حاصل نہ کرسکی۔مقررہ وقت کے اختتام تک میچ ایک ایک گول سے برابر رہا، جس کے بعد پندرہ پندرہ منٹ کے دو ہاف کا اضافی کھیل ہوا، جو بے نتیجہ رہا اور بالآخر ایونٹ کے فائنل کا فیصلہ پینالٹی ککس پر ہوا۔
— UEFA EURO 2024 (@EURO2024) July 11, 2021
Sum up this Italy team in 3 words!#EURO2020 | #ITA pic.twitter.com/6UijpsvP66