اسپورٹس

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: سپر 12 کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو زیر کردیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: سپر 12 کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو زیر کردیا
Written by Omair Alavi

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کوالیفائنگ مرحلے کے بعد ہفتے سے ایونٹ میں سپر12 مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے، جہاں پہلے ہی میچ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو شکست دے دی ہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے 89 رنز سے آسٹریلیا کو شکست اس لیے بھی اہم ہے کیوں کہ سال 2011 کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر ہرایا ہے۔

دونوں ٹیمیں 2015 کےکرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلوی سرزمین پر مدمقابل آئی تھیں،لیکن آسٹریلیا نے اس بار ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

نیوزی لینڈ کے بیٹرز کی برق رفتار اننگرز

ہفتے کو سڈنی میں کھیلے گئے سپر 12 مرحلے کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، لیکن پاور پلے میں جس جارح مزاجی کا مظاہرہ نیوزی لینڈ کےاوپنرز نے کیا، اس نے آسٹریلوی کپتان ایرن فنچ کے فیصلے کو غلط ثابت کیا۔

فن ایلن نے پہلے چار اوورزمیں صرف 16 گیندوں پر42 رنز اسکور کیے، جس میں تین چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے، چوتھے اوور میں فن ایلن کے آؤٹ ہوتے ہی ڈیون کونوے نے اننگز کو سنبھالا اور کپتان کین ولیمسن کے ساتھ اسکور کو 13ویں اوور کے اختتام تک 125 تک پہنچادیا۔

کین ولیمسن کے 23 رنز بناکر واپس پویلین جانے کے بعد گلین فلپس بھی صرف 12 رنز کا اضافہ کرسکے، تاہم جمی نیشم اور ڈیون کونوے نے رنز بنانے کےسلسلےکو جاری رکھا اور 20 اوورز کے اختتام پر اسکور کو تین وکٹ پر 200 رنز تک پہنچا دیا۔

نیوزی لینڈ کی اننگز کی خاص بات کونوے کی شاندار بیٹنگ تھی، انہوں نے 58 گیندوں پر ناقابل شکست 92 رنز بناکر ٹیم کا اسکور 200 تک پہنچانےمیں اہم کردار ادا کیا۔

اس کے علاوہ جمی نیشم نے 13 گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے 26 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل وڈ سب سے کامیاب بالر رہے، انہوں نے 41 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔تیسری وکٹ ایڈم زیمپا کے حصے میں آئی۔

آسٹریلوی بالرز پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک اپنے چار چار اوورز میں بالترتیب 46 اور 36 رنز دیے جب کہ آل راؤنڈر مارکس اسٹوئنس کے حصے میں 38 رنز آئے۔

آسٹریلوی ٹیم 111 رنز پر ڈھیر

201 رنز کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا۔ اوپنر ڈیوڈ وارنز پانچ رنزبناکر دوسرے ہی اوور کی پہلی گیند پر بولڈ ہوئے۔ ان کے پویلین لوٹنے کے بعد کپتان ایرن فنچ اور مچل مارش نے مزاحمت کا آغاز تو کیا لیکن وہ دونوں 13 اور 16 رنز بناکر واپس پویلین چلے گئے۔

ایسے میں گلین میکسویل نے ایک اینڈ سنبھال کر رنز بنانے کی کوشش کی لیکن دوسری جانب سے سپورٹ نہ ملنے کی وجہ سے آسٹریلوی ٹیم کم بیک نہ کرسکی۔

پیٹ کمنز کے 21 اور ٹم ڈیوڈ کے 11 رنز کے سوا نیچے نمبرز پر کھیلنے والا کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگرمیں نہیں پہنچ سکا۔خود گلین میکسویل بھی 20 گیندوں پر 28 رنز بناکر 14ویں اوور میں آؤٹ ہوگئے۔

نیوزی لینڈ ٹیم کے پیسر ٹم ساؤتھی کے چھ رنز کے عوض تین وکٹوں کی بدولت آسٹریلوی ٹیم کی اننگز کا خاتمہ 18 ویں اوور میں 111 رنز پر ہوگیا۔

لیفٹ آرم اسپنر مچل سینٹنر نے بھی 31رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کی جبکہ ٹرینٹ بولٹ کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔

نیوزی لیںڈ کی ٹیم نے بیٹنگ اور بالنگ میں تو آسٹریلیا کو آؤٹ کلاس کیا ہی، فیلڈنگ میں بھی وہ میزبان ٹیم سے آگے رہی، گلین فلپس نے مچل سینٹنر کی گیند پر مارکس اسٹوئنس کا شاندار کیچ پکڑ کر شائقین کو حیران کردیا۔

نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر ڈیون کونوے کو ان کی شاندار بیٹنگ کی وجہ سے مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

جوس بٹلر کی قیادت میں انگلش ٹیم کا فاتحانہ آغاز، افغانستان کو پانچ وکٹوں سے شکست

ہفتے کو کھیلے گئے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے افغانستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سپر 12 مرحلے کا آغاز کامیابی کے ساتھ کیا۔

پرتھ میں کھیلے گئے میچ میں فاسٹ بالر سیم کرن کی پانچ وکٹوں کی بدولت افغانستان کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 112 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔سیم کرن نے صرف 3.4 اوورز میں 10 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو واپس پویلین بھیجا۔

جواب میں انگلش ٹیم کا آغاز تو اچھا نہ تھا لیکن لییئم لیونگ اسٹون کے ذمہ دارانہ 29 ناٹ آؤٹ کی وجہ سے انگلش ٹیم نے 19ویں اوور میں ہدف 5 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

اس فتح کے بعد گروپ ون کے پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں پہلی دو پوزیشن پر موجود ہیں، ایک ایک فتح کے بعد دونوں ٹیموں کے دو دو پوائنٹس ہیں۔

اپنا پہلا میچ ہار جانے کی وجہ سے افغانستان اور دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کی ٹیمیں تیسرے اور چوتھے نمبر پر پیں، اس گروپ میں سری لنکا اور آئرلینڈ کی ٹیمیں بھی شامل ہیں جو کل صبح ہوبارٹ کے مقام پر سپر 12 مرحلے میں اپنا پہلا میچ کھیلیں گی۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح نو بجے شروع ہوگا۔

اتوار کو دوسرا میچ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میلبرن میں کھیلا جائے گا، یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کھیلا جائے گا۔

About the author

Omair Alavi

عمیر علوی ایک بہت معزز صحافی، تنقید کار اور تبصرہ نگار ہیں جو خبروں، کھیلوں، شوبز، فلم، بلاگ، مضامین، ڈرامہ، جائزوں اور پی ٹی وی ڈرامہ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وسیع تجربے اور داستان سوزی کی خصوصیت کے ساتھ، وہ اپنے دلچسپ تجزیوں اور دلکش تقریروں کے ذریعے حاضرین کو مسحور کرتے ہیں۔ ان کی ماہری اور تعاون نے انہیں میڈیا اور تفریحی صنعت کا اہم شخصیت بنا دیا ہے۔