شوبز فلمی جائزے فلمیں

ٹام کروز کی فلم ‘ٹاپ گن: میورک’ کا ریکارڈ اوپننگ بزنس، باکس آفس پر پہلی پوزیشن پر آگئی

Written by Omair Alavi

ن 1986 میں ریلیز ہونے والی ہالی وڈ کی ایکشن فلم ‘ٹاپ گن’ کا سیکوئل پاکستان سمیت دنیا بھر میں کامیابیاں سمیٹ رہا ہے۔ ‘ٹاپ گن: میورک’ نے پہلے ہی ویک اینڈ میں باکس آفس پر ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

سن 1986 میں ریلیز ہونے والی ہالی وڈ کی ایکشن فلم ‘ٹاپ گن’ کا سیکوئل پاکستان سمیت دنیا بھر میں کامیابیاں سمیٹ رہا ہے۔ ‘ٹاپ گن: میورک’ نے پہلے ہی ویک اینڈ میں باکس آفس پر ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

امریکی نیوی کے اشتراک سے بننے والی فلم ‘ٹاپ گن: میورک’ میں ہالی ود اسٹار ٹام کروز نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ 36 برس قبل بھی ‘ٹاپ گن’ کے ہیرو ٹام کروز ہی تھے۔

میموریل ڈے ویک اینڈ پر ریلیز ہونے والی فلم ‘ٹاپ گن: میورک’ نے پہلے ہی ویک اینڈ میں صرف امریکہ اور کینیڈا میں 12 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز کمائے ہیں جب کہ فلم نے دنیا بھر سے 24 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کا بزنس کیا ہے۔

پاکستان میں ‘ٹاپ گن: میورک’ کو 26 مئی کو ریلیز کیا گیا تھا۔ باکس آفس کی مستند پاکستانی ویب سائٹ ‘باکس آفس ڈیٹیل’ کے مطابق ‘ٹاپ گن: میورک’ نےپاکستان میں جمعرات کو 22 لاکھ ، جمعے کو 87 لاکھ اور ہفتے کو ایک کروڑ 24 لاکھ روپے کا بزنس کیا۔

کراچی میں اتوار کو ملٹی پلیکس سنیماز میں ‘ٹاپ گن: میورک’ کے ٹکٹس ملنا ناممکن تھے جب کہ نیو پلیکس میں پاکستانی فلم ‘گھبرانا نہیں ہے’ کے شوز کم کر کے ‘ٹاپ گن: میورک’ کو شوز دیے گئے۔

‘ٹاپ گن: میورک’ کی کہانی

اس فلم میں مداحوں کو ٹام کروز کے کردار کپتان پیٹ میورک مچل کی واپسی کا بے صبری سے انتظار تھا۔ فلم کی کہانی ٹام کروز کے کردار کے گرد ہی گھومتی ہے جو ایک انسٹرکٹر ہوتے ہیں اور وہ نوجوا ن فائٹر پائلٹس کی رہنمائی کرتے ہیں۔

فلم کی کہانی میں ایک ایسا موڑ آتا ہے جب میورک کے پرانے ساتھی لیفٹننٹ گوس بریڈشا اور ان کا بیٹا لیفٹننٹ روسٹر بریڈ شا (مائلز ٹیلر) بھی ان شاگردوں میں شامل ہوتا ہے جنہیں میورک کو ایک مشن کے لیے تیار کرنا ہوتا ہے۔

‘ٹاپ گن: میورک’ میں ٹام کروز نے زیادہ تر اسٹنٹس خود ہی کیے ہیں۔ سن 1986 کی فلم ‘ٹاپ گن’ میں ٹام کروز جو جیکٹ، سن گلاسز اور موٹر بائیک استعمال کی تھی وہ سیکوئل کا بھی حصہ ہیں۔

جب ہدایت کار ٹونی اسکاٹ نے سن 1986 میں ‘ٹاپ گن’ بنائی تھی تو اس وقت اسے ایک ٹرینڈ سیٹر فلم کہا گیا تھا۔ چھتیس برس بعد ہدایت کار جوزف کزنسکی نے بہتر ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے اس فلم میں مزید ایکشن سین ڈالے ہیں۔

عالمی وبا کرونا وائرس کی وجہ سے ‘ٹاپ گن: میورک’ کی ریلیز کئی بار تاخیر کا شکار ہوئی تھی۔

چین اور روس میں ریلیز نہ ہونے کے باوجود بھی فلم نے باکس آفس پر شان دار آغاز کیا۔’ٹاپ گن: میورک’ نے ٹام کروز کو ان کے کریئر کی سب سے بڑی ‘اوپننگ’ فلم دی ہے۔

کیا ‘ٹاپ گن: میورک’ مقامی فلموں کے لیے خطرہ ہے؟

رواں برس عید الفطر پر پاکستان کے سنیما گھروں میں چار اردو فلمیں ریلیز ہوئیں جس میں سب سے اچھا بزنس ‘گھبرانا نہیں ہے’ کا رہا ہے جب کہ مجموعی طور پر فلم بینوں میں سنیما میں ہالی وڈ فلموں کو ترجیح دی ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ ‘ٹاپ گن: میورک’ کی پاکستان میں کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر فلم اچھی ہوگی تو لوگ سنیما کا رخ کریں گے۔ اس وقت ‘گھبرانا نہیں ہے’ اب بھی سنیما میں لگی ہوئی ہے جب کہ تین جون کو صبا قمر کی ایک اور فلم ‘کملی’ بھی ریلیز ہونے والی ہے۔

بعض فلم سازوں کے خیال میں عید الفطر کے چوتھے دن ‘ڈاکٹر اسٹرینج’ کے سیکوئل کی ریلیز کی وجہ سے انہیں کم اسکرینز ملیں اسی لیے ان کی فلمیں بزنس نہیں کرسکیں۔

مقامی فلم سازوں نے ایک پریس کانفرنس کے ذریعے اپنا مؤقف پیش کیا تھا جس کے بعد انہوں سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا جس نے سنیما مالکان کو عید کے دوران 85 فی صد اسکرینز مقامی فلموں کو دینے کی ہدایت کی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران بھارت میں بھی متعدد فلمیں فلاپ ہوئی ہیں جن میں رنویر سنگھ کی فلم ’83’ شامل ہے۔ یہ فلم ‘اسپائڈر مین: نو وے ہوم’ کے ساتھ ریلیز ہوئی تھی اور باکس آفس پر زیادہ اچھا بزنس نہیں کر سکی تھی۔

Omair Alavi – BOL News

About the author

Omair Alavi

عمیر علوی ایک بہت معزز صحافی، تنقید کار اور تبصرہ نگار ہیں جو خبروں، کھیلوں، شوبز، فلم، بلاگ، مضامین، ڈرامہ، جائزوں اور پی ٹی وی ڈرامہ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وسیع تجربے اور داستان سوزی کی خصوصیت کے ساتھ، وہ اپنے دلچسپ تجزیوں اور دلکش تقریروں کے ذریعے حاضرین کو مسحور کرتے ہیں۔ ان کی ماہری اور تعاون نے انہیں میڈیا اور تفریحی صنعت کا اہم شخصیت بنا دیا ہے۔