شوبز

20 برس قبل راج کمار ہیرانی کی فلم نہ کرنے والے شاہ رخ اب سب کچھ کرنے کو بےتاب

Written by Omair Alavi

کراچی — 

بالی وڈ فلموں کے کردار ‘منا بھائی’ سے تو سب ہی واقف ہیں جسے اداکار سنجے دت نے اس خوش اسلوبی سے نبھایاتھا کہ آج بھی تقریباً بیس سال بعد انہیں لوگ منا بھائی کے نام سے جانتے ہیں۔لیکن صرف شاہ رخ خان کے مداح جانتے ہیں کہ سنجے دت سے قبل یہ کردار شاہ رخ خان کو آفر ہوا تھا۔

‘منا بھائی’ کی ریلیز کے دو دہائیوں بعد شاہ رخ خان اور ہدایت کار راج کمار ہیرانی پہلی بار ایک دوسرے کے ساتھ کام کرنے جارہے ہیں، وہ بھی ‘ڈنکی’ نامی فلم میں۔

اس بات کا اعلان شاہ رخ خان نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ پر ایک مزاحیہ ویڈیو کے ذریعے کیا، جس میں وہ ‘منا بھائی’ کے ساتھ ساتھ ‘تھری ایڈیئٹس’، ‘پی کے’، اور ‘سنجو’ کے ہدایت کار راج کمارہیرانی سے ‘کام مانگتے’ ہوئے نظر آرہے ہیں۔

اس ویڈیو میں جب راج کمارہیرانی نے شاہ رخ سے کہا کہ ان کے پاس ایک فلم ہے تو اس پر شاہ رخ خان نے خوشی کا اظہار کیا۔

راج کمار ہیرانی کون ہیں اور شاہ رخ ان کے ساتھ فلم کیوں کرنا چاہتے ہیں؟

راج کمار ہیرانی کاشمار بالی وڈ کے کامیاب ترین ہدایت کاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنے کریئر کے دوران بیس سالوں میں صرف پانچ فلمیں بنائی ہیں لیکن ان کی تمام ہی فلموں نے باکس آفس پر ریکارڈ بزنس کیا ہے۔

انہوں نے اپنے کریئر کا آغاز 2003 میں ‘منا بھائی ایم بی بی ایس’ سے کیا تھا جس میں سنجے دت نے مرکزی کردار اداکیا تھا۔ تین سال بعد ان کی دوسری فلم ‘لگے رہو منابھائی’ منظر عام پر آئی اور چھا گئی۔

سال 2009 میں ‘تھری ایڈیئٹس’ کے نام سے جب انہوں نے تیسری فلم پیش کی تو شائقین نے اسے بے حد پسند کیا، جس میں عامر خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ پانچ سال کے وقفے کے بعد جب عامر خان اور راج کمارہیرانی کی ‘پی کے’ ریلیز ہوئی تو اس نے باکس آفس پر نئے ریکارڈ قائم کیے۔

راج کمار ہیرانی کی آخری فلم ‘سنجو’ 2018 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں رنبیر کپور نے اداکار سنجے دت کا کردار ادا کیا تھا۔ اس کے بعد سے راج کمار ہیرانی نے کوئی فلم نہیں بنائی۔ لیکن امید ہے کہ جب پانچ سال کے وقفے کے بعد ان کی واپسی ہوگی تو ریکارڈساز ہوگی۔

‘منا بھائی ایم بی بی ایس ‘کے لیے سنجے دت کا نام شاہ رخ خان نے تجویز کیا تھا

جب 2003 میں ‘منابھائی ایم بی بی ایس’ ریلیز ہوئی تو اس نے نہ صرف سنجے دت کو شہرت کی نئی بلندیوں پر پہنچایا بلکہ راج کمار ہیرانی کو صف اول کے ہدایت کاروں میں شامل کردیا۔ بہت کم لوگوں کو یہ بات معلوم ہے کہ راج کمار ہیرانی کی پہلی چوائس اس کردار کے لیے سنجے دت نہیں بلکہ شاہ رخ خان تھے۔

سنجے دت کو تو اس فلم میں ظہیر کے رول میں کاسٹ کیا گیا تھا جسے بعد میں جمی شیرگل نے ادا کیا۔ شاہ رخ خان نے فلم کی اسکرپٹ میں راج کمار ہیرانی کی مدد کی لیکن جب ان کی کمر کی تکلیف نے انہیں فلم کرنے کی اجازت نہ دی تو انہوں نے سنجے دت کا نام منا بھائی کے لیے تجویز کیا۔

فلم کے آخر میں منابھائی بنانے والوں نے شاہ رخ خان کا شکریہ ادا کیا ہے، اس وقت تو یہ بات لوگوں کو عجیب لگی تھی لیکن جب بعد میں اس کی وجہ معلوم ہوئی تو شاہ رخ خان کے مداحوں کو مایوسی ہوئی، اسی مایوسی کو خوشی میں بدلنے آرہے ہیں شاہ رخ خان اب ‘ڈنکی’ میں، جو اگلے سال دسمبر میں ریلیز ہوگی۔

فلم کی پروموشنل ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ راج کمار ہیرانی کے ساتھ کام کرنے کے لیے وہ خوش اور ممنوں ہیں، "فلم شروع ہوتے ہی میں ٹائم پہ پہنچ جاؤں گا بلکہ میں تو سیٹ پر ہی رہنے لگوں گا۔”

‘ڈنکی’ کیا ہے؟

‘ڈنکی’ کی پروموشنل ویڈیو میں شاہ رخ خان اور راج کمار ہیرانی نے اس فلم میں کامیڈی، جزبات اور رومانس کی موجودگی کی طرف اشارہ کیا ہے۔ تاہم فلم کی کہانی کےبارے میں زیادہ نہیں بتایا گیا البتہ یہ بتایا گیا ہے کہ فلم راج کمار ہیرانی اور شاہ رخ خان کی پروڈکشن کمپنیاں پروڈیوس کریں گی اور وہ 22 دسمبر 2023 کو ریلیز ہوگی۔

فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ مشہور اداکارہ تاپسی پنوں کو بھی کاسٹ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کنگ خان کے ساتھ اپنی پہلی فلم کا اعلان سوشل میڈیا پر کرتے ہوئے شاہ رخ خان ہی کا فلم ‘اوم شانتی اوم’ سے ڈائیلاگ لکھ ڈالا جس میں وہ کسی بھی چیز کو شدت پانے کی کوشش کا ذکر کرتے ہیں۔

کیا 2023 شاہ رخ خان کے کامیاب کم بیک کا سال ثابت ہوگا؟

‘ڈنکی ‘ کی ریلیز کے لیے تو شاہ رخ خان کے مداحوں کو طویل انتظار کرنا پڑے گا لیکن 2023 کے آغاز میں ان کی ایک اور فلم ‘پٹھان ‘ ریلیز کےلیےتیار ہوگی جس میں وہ بھاتی خفیہ ایجنسی ‘را’ کے ایک ایجنٹ کا کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

اس فلم میں شاہ رخ کے ساتھ جان ابراہم اور دپیکا پڈوکون بھی ہوں گی اور یہ فلم جنوری 2023 میں ریلیز کے لیے شیڈول ہے۔

امکان ہے کہ 2023 میں پہلے ‘پٹھان’ اور پھر ‘ڈنکی’ کی ریلیز سے شاہ رخ خان باکس آفس پر کامیا ب واپسی کرسکیں گے۔ گزشتہ دس سالوں میں ان کی صرف چار فلمیں ‘جب تک ہے جاں’، ‘چنئی ایکسپریس’ ، ‘ہیپی نیو ایئر’ اور ‘رئیس’ باکس آفس پر دھماکہ کرنے میں کامیاب ہوئیں۔

Omair Alavi – BOL News

About the author

Omair Alavi

عمیر علوی ایک بہت معزز صحافی، تنقید کار اور تبصرہ نگار ہیں جو خبروں، کھیلوں، شوبز، فلم، بلاگ، مضامین، ڈرامہ، جائزوں اور پی ٹی وی ڈرامہ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وسیع تجربے اور داستان سوزی کی خصوصیت کے ساتھ، وہ اپنے دلچسپ تجزیوں اور دلکش تقریروں کے ذریعے حاضرین کو مسحور کرتے ہیں۔ ان کی ماہری اور تعاون نے انہیں میڈیا اور تفریحی صنعت کا اہم شخصیت بنا دیا ہے۔