کراچی —
پاکستان میں ٹی وی نیٹ ورک ‘ہم’ کے کینیڈا میں ہونے والے ایوارڈ شوز کا معاملہ موضوع بحث ہے۔ بعض حلقوں کی جانب سے ملک میں سیلاب کے باعث آنے والی تباہی کے دوران ایوارڈ شو کے انعقاد پر تنقید کی جا رہی ہے تو وہیں ‘ہم’ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایوارڈ شو کے ذریعے ہونے والی آمدنی کا بڑا حصہ سیلاب متاثرین کو دیا جائے گا۔
ہالی وڈ اداکارہ اینجلینا جولی اور مشہور ترک ٹی وی سیریل ارطغرل غازی میں کام کرنے والے ادکار جلال ایل کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دوروں پر سراہا جا رہا ہے ۔ دوسری جانب بعض صارفین پاکستانی فن کاروں کی کینیڈا میں ڈانس ریہرسل کی ویڈیوز اور تصاویر پر سوشل میڈیا پر اُنہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
ایک ایسے موقع پر جب پاکستان کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے اور دنیا بھر سے لوگ یہاں آکر اپنے اپنے طور پر مدد کررہے ہیں، چند پاکستانی فن کار بھی سیلاب زدگان کی مدد میں پیش پیش ہیں۔
انہی افراد میں گلوکارہ و اداکارہ حدیقہ کیانی کا نام قابلِ ذکر ہے جنہوں نے ان علاقوں کا دورہ کیا جہاں سیلاب کی تباہ کاریاں زیادہ تھیں۔
Inshallah providing an update very soon regarding the rebuilding of homes for flood victims in the 3 villages I have adopted since August. By the grace of Allah SWT we have been able to provide tents, medicine, food etc but the most basic need is a safe structure to call home.
— Hadiqa Kiani (@Hadiqa_Kiani) September 22, 2022
کینیڈا جانے والے فن کاروں کو تنقید کا سامنا
حدیقہ کیانی کے علاوہ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے آگے آنے والے پاکستانی فن کاروں کی تعداد کم ہے جس کی وجہ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں 24 ستمبر کو ہونے والے ہم ایوارڈ کی تقریب ہے۔ پاکستان کی شوبز انڈسٹری کے تمام بڑے ستارے ان دنوں ٹورنٹو میں ہیں۔
معروف سیاست دان اور پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے ایک ایسے وقت میں ہم ایوارڈز کے انعقاد پر تنقید کی جب پاکستان میں لوگ بے سروسامانی کی حالت میں زندگی بسر کررہے ہیں۔
اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ایک ایسے وقت میں جب ہالی وڈ اداکارہ اینجلینا جولی امریکہ سے پاکستان آکران علاقوں کا دورہ کرسکتی ہیں جہاں سیلاب سے تباہی ہوئی تو پاکستانی اداکاروں کا ٹورنٹو میں ناچ گانے میں مصروف ہونا درست نہیں۔
انہوں نے حدیقہ کیانی کی مثال دیتے ہوئے ان کی تعریف کی اور کہا کہ یہ وقت پاکستان کے ان عوام کا درد بانٹنے کا ہے جن کا سب کچھ سیلاب میں بہہ گیا، نہ کہ غیر ملک میں جاکر ایوارڈ شو کرنے کا۔
ہم ایوارڈز میں شرکت کے لیے پاکستان کے تمام ہی بڑے اداکار ٹورنٹو گئے ہوئے ہیں۔لیکن ان افراد میں اداکار اظفر رحمان کا نام شامل نہیں جنہوں نے بہترین ولن کی کیٹگری میں نامزد ہونے کے باوجود کینیڈا جانے سے معذرت کر لی اور انتظامیہ سے درخواست کی کہ ان کا ٹکٹ سیلاب زدگان کے فنڈ میں عطیہ کردیا جائے۔
سوشل میڈیا پوسٹ میں اظفر رحمان کا کہنا تھا کہ وہ کینیڈا میں موجود اپنے مداحوں سے معذرت خواہ ہیں جو ان کا انتظار کررہے تھے۔کیوں کہ ایک ایسے موقع پر جب پورا ملک تباہی سے دو چار ہے، ان کا ضمیر انہیں ہم ایوارڈز میں شرکت کی اجازت نہیں دیتا۔
اس احتجاج میں صرف اظفر رحمان ہی شامل نہیں، اداکارہ مریم سلیم نواز بھی اس سے زیادہ خوش نہیں۔ مہرین جبار کی ویب سیریز ‘ایک جھوٹی لو اسٹوری’ میں ایک سوشل ورکر کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ نے اپنی انسٹا اسٹوری میں ہم ٹی وی کی انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیا۔
finally someone’s talking about it!! thank you @mariamsn https://t.co/Phq9Hhu5L2 pic.twitter.com/xqOsK7KjCS
— Annie (@isthisannie) September 22, 2022
مریم سلیم نواز کا کہنا تھا کہ اگر اس سال ہم ٹی وی ایوارڈز اتنے ہی ضروری تھے تو وہ ایک بڑی تقریب کی جگہ ایک ورچوئل (آن لائن) تقریب منعقد کرسکتے تھے جس سے بچ جانے والے پیسوں کو سیلاب زدگان کی مدد کے لیے استعمال کیا جاسکتا تھا۔
ٹوئٹر صارفین بھی اس احتجاج میں اداکاروں اور سیاست دانوں سے پیچھے نہیں تھے۔
ڈاکٹر شیریں بنگش نامی صارف نے ہم ٹی وی کی مینجمنٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر سے پاکستان امداد مانگ رہا ہے اور ہم ٹی وی کینیڈا میں ہم ایوارڈز کرانے میں مصروف ہے۔
Management of #HumTV should be ashamed of their shroud behavior for organizing #HumAwards at this time when the "viewers" of this conglomerate are facing historic destruction. Hum is busy on dance & entertainment in #Ontario while the world is sending aid & sympathize to Pakistan
— Dr Shireen Bangash (@syasitweets) September 22, 2022
ایک اور صارف ثنا اعجاز کےبقول مفتی مینک پاکستان میں ہیں، اینجلینا جولی پاکستان میں ہیں۔ لیکن ہمارے شوبز اسٹارز ٹور نٹو میں کیوں کہ وہاں ایک ایوارڈ تقریب ہورہی ہے۔
Mufti Menk in Pakistan, Angelina Jolie is in Pakistan to support flood victims but most of our celebrities are heading to Toronto for #HumAwards. Hum Tv announced to spare some percentage to flood relief funds but all the extravagance could have been avoided #BoycottHumAwards
— Sana Ejaz (@EjSana) September 21, 2022
ہم ایوارڈز سے حاصل ہونے والے ریوینیو کا ایک بڑا حصہ سیلاب زدگان کو دیا جائے گا، ہم ٹی وی انتظامیہ
سوشل میڈیا پر اگر ہم ٹی وی کی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے تو دوسری جانب ہم ٹی وی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہیں ملک میں ہونے والی تباہ کاریوں کا احساس ہے۔ اسی لیے انہوں نے پہلے ہی اعلان کردیا تھا کہ ہم ٹی وی،اپنے اس ایوارڈ شو سے سیلاب متاثرین کے لیے فنڈ اکٹھا کرنے کی کوشش کرے گا۔
بیان میں ہم ٹی وی انتظامیہ کا مؤقف تھا کہ ایوارڈ شو سے حاصل ہونے والے ریوینیو کابڑا حصہ تو وہ عطیہ کریں گے ہی بلکہ ایوارڈ شو سے قبل ایک فنڈ ریزنگ گالا کا بھی انعقاد کیا جائے گا ۔
ہم ٹی وی کا یہ گالا فنڈ ریزر ایونٹ جمعرات کو ٹورنٹو میں منعقد ہوا جس میں اداکارہ ماہرہ خان، بلال اشرف، اقرا عزیز اور اشنیٰ شاہ سمیت کئی فن کاروں نے شرکت کی۔ سوشل میڈیا پر اس ایونٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بلال اشرف نے اسے ایک اچھا قدم قرار دیا۔
ایوارڈ شو میں شرکت کے لیے جانے سے پہلے گلوکار و اداکار ہارون شاہد نے گزشتہ رات سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے بتایا کہ ایسےموقع پر ایوارڈ تقریب کے انعقاد پر ان کے دل میں بھی شکوک و شبہات تھے۔لیکن اپنے ساتھی اداکاروں سے بات کرکے انہیں اندازہ ہوا کہ اس تقریب سےسیلاب زدگان کی مدد ہو گی اور اسی وجہ سے انہوں نے کینیڈا جانے کی ہامی بھری۔