فائل فوٹو
کراچی —
دنیا بھر کے فٹ بال شائقین کی نظریں اس وقت یوئیفا چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل پر ہیں جس کے دوسرے لیگ کے میچ چار اور پانچ مئی کو کھیلے جائیں گے۔
اب تک کھیلے گئے فرسٹ لیگ مقابلوں کے بعد انگلش کلب لیورپول اور مانچسٹر سٹی کا پلڑا بھاری ہے جب کہ اسپینش ٹیمیں ولاریال اور ریال میڈرڈ اپنے ہوم گراؤنڈ پر کم بیک کرنے کی بھرپور کوشش میں مصروف ہیں۔
بدھ چار مئی کو انگلش کلب لیورپول اور اسپینش کلب ولاریال کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ہے جب کہ انگلش کلب مانچسٹر سٹی اور ریال میڈرڈ پاچ مئی کو دوسرے سیمی فائنل کے دوسرے لیگ میں مدِ مقابل ہوں گی۔
گزشتہ ہفتے کھیلے گئے فرسٹ لیگ سیمی فائنل میں مانچسٹر سٹی نے ریال میڈرڈ کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی تھی جب کہ لیورپول نے ولا ریال کو دو صفر سے زیر کیا۔
دونوں میچز انگلینڈ کی سر زمین پر کھیلے گئے جن میں مقامی کلبوں نے ہوم گراؤنڈ اور ہوم کراؤڈ کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ ریال میڈرڈ اور مانچسٹر سٹی کے درمیان میچ 27 اپریل کو کھیلا گیا جس میں دونوں ٹیموں نے خوب مقابلہ کیا۔
More of the same, please… pic.twitter.com/UWwWO75pj9
— Premier League (@premierleague) April 30, 2022
ریال میڈرڈ کے کریم بنزیما کے دو گول کے باوجود ان کی ٹیم فتح نہ حاصل کرسکی۔
مانچسٹر سٹی نے یہ مقابلہ چار تین سے جیت کر سیکنڈ لیگ سے قبل اپنی پوزیشن مستحکم کر لی البتہ ریال میڈرڈ کی ٹیم ان کے لیے آسان حریف ثابت نہیں ہوگی۔
دوسرے سیمی فائنل میں لیورپول نے نسبتاََ آسانی سے ولاریال کو دو صفر سے شکست دےکر فائنل کی جانب پیش قدمی کی۔ میچ کے دونوں گول دوسرے ہاف میں ہوئے جن میں سے ایک اون گول تھا۔
ولاریال کے مداح اس شکست سے افسردہ تو ہیں لیکن سیکنڈ لیگ سے قبل پر امید ہیں کہ ان کی ٹیم گزشتہ پانچ ماہ سے ہوم گراؤنڈ پر ناقابل شکست رہنے کے ریکارڈ کو برقرار رکھے گی اور لیور پول کو بڑے مارجن سے ہرا کر پہلی بار فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرے گی۔
یوئیفا چیمپئنز لیگ کے فائنل میں کون سی ٹیم پہنچے گی اس کا فیصلہ سیمی فائنل کی سیکنڈ لیگ کے میچز کے بعد ہو گا البتہ مبصرین کا کہنا ہے کہ میزبان ریال میڈرڈ کو آسان سمجھنا مانچسٹر سٹی کو مہنگا پڑ سکتا ہے۔
اگر مانچسٹر سٹی کو اپنے پہلے چیمپئنز لیگ ٹائٹل کی تلاش ہے تو دوسری جانب ہے 13 مرتبہ کی فاتح ٹیم ہے جس کو فرسٹ لیگ میں شکست بھی صرف ایک گول سے ہوئی تھی۔
اس وقت ریال میڈرڈ کی ٹیم کے پاس ان فارم کھلاڑی کریم بنزیما ہیں جو اس سیزن کے ٹاپ اسکورر ہیں۔ انہوں نے گزشتہ 12 ماہ کے دوران 10 میچز کھیل کر 12 گول اسکور کیے ہیں جن میں کوارٹر فائنل میں کیے گئے چار گول بھی شامل ہیں۔
Business end 💼 pic.twitter.com/LK2M6pgXLq
— Premier League (@premierleague) May 1, 2022
دوسری جانب لیور پول کی کارکردگی کا دارومدار اسٹرائیکر محمد صلاح کی فارم پر ہوگا جن کے آٹھ گولز کی بدولت ان کی ٹیم فائنل سے اب ایک قدم کی دوری پر ہے۔
لیورپول ہی کے رابرٹو فرمینو نے بھی ایونٹ میں اب تک پانچ گول اسکور کیے ہیں جن کی وجہ سے ان کی ٹیم کے مداح ساتویں ٹائٹل کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔
ویسے تو ولاریال کے آنافٹ ڈانجما ، مانچسٹر سٹی کے ریاض ماریز اور گیبرئیل جیزس بھی ٹاپ اسکوررز کی فہرست میں شامل ہیں البتہ ان کو اپنی ٹیموں کو فائنل میں پہنچانا ہے تو انہیں سیزن کی بہترین کارکردگی دکھانی ہوگی۔