رنبیر اور عالیہ کی شادی جمعرات کو ممبئی میں ہوئی جس میں کپور اور بھٹ خاندان کے افراد نے شرکت کی، یوں کہیں کہ بالی وڈ کے کئی نامور فن کار اس تقریب کا حصہ بنے۔
کراچی —
بالی وڈ اداکار رنبیر کپور نے اداکارہ عالیہ بھٹ سے شادی کر کے اپنے خاندان کی روایت کو جاری رکھا ہے۔ ان کے دادا راج کپور نے تو اداکارہ سے شادی نہیں کی تھی لیکن خاندان میں زیادہ تر لوگوں نے جیون ساتھی کا انتخاب فلم نگری سے ہی کیا ہے۔
رنبیر اور عالیہ کی شادی جمعرات کو ممبئی میں ہوئی جس میں کپور اور بھٹ خاندان کے افراد نے شرکت کی، یوں کہیں کہ بالی وڈ کے کئی نامور فن کار اس تقریب کا حصہ بنے۔
رنبیر کے چچا رندھیر کپور، ان کی بڑی بیٹی اداکارہ کرشمہ کپور ، ان کی چھوٹی بیٹی کرینہ کپور اپنے شوہر سیف علی خان کے ہمراہ آئیں۔رندھیر کپور کے چچا آنجہانی اداکار ششی کپور کے بیٹے سابق اداکار کرن کپور بھی تقریب کا حصہ تھے۔
لڑکی والوں کی طرف سے عالیہ کے والد ہدایت کار مہیش بھٹ ، بڑی بہن پوجا بھٹ اور بھائی راہول بھٹ کی موجودگی نے بھی تقریب کو چار چاند لگائے۔
اصل زندگی میں جیون ساتھی بن جانے والے رنبیر اور عالیہ نے آج تک کسی فلم میں بطور ہیرو ہیروئن ساتھ کام نہیں کیا، البتہ ان کی پہلی فلم’براہماسترا’رواں سال 9 ستمبر کو ریلیز ہونے کا امکان ہے جس میں امیتابھ بچن بھی ان کے ساتھ اداکاری کریں گے۔