فلمیں

ہالی وڈ کی کامیاب فرنچائز کے سیکوئل؛ 2023 بلاک بسٹر فلموں کا سال

Written by Omair Alavi

کراچی — اکتوبر 1994 میں ایک وقت ایسا بھی آیا تھا جب ہالی وڈ کی چار بڑی فلمیں دی شاشانک ری ڈیمپشن، فاریسٹ گمپ، جراسک پارک اور پلپ فکشن بیک وقت امریکی سنیماگھروں کی زینت بنی ہوئی تھیں۔ اُس وقت نہ تو موبائل فونز عام تھے اور نہ ہی اسٹریمنگ سروسز کا کوئی وجود تھا جس کی وجہ سے ان فلموں نے باکس آفس پر راج بھی کیا اور آج انہیں کلاسیک کا درجہ بھی حاصل ہے۔

اب تقریباً تین دہائیوں بعد بھی کچھ ایسی ہی صورتِ حال پیدا ہو رہی ہے جب کئی ایسی فلمیں اگلے تین ماہ میں سنیما میں ریلیز ہوں گی جو یا تو کامیاب فرنچائز کا حصہ ہیں یا جن کی کامیابی کے چانسز دیگر فلموں سے زیادہ ہیں۔

لیکن ان فلموں کے بیک وقت منظر عام پر آنے کی وجہ پروڈیوسرز کی دور اندیشی نہیں بلکہ مختلف وجوہات ہیں جو ان فلموں کی ریلیز کی تاخیر کا باعث بنیں۔

جمعے کو ‘فاسٹ اینڈ فیوریس’ سیریز کی دسویں فلم سنیما گھروں کی زینت بنی ہے۔ ‘فاسٹ ایکس’ کو ویسے تو اپریل 2021 میں ریلیز ہونا تھا لیکن کرونا کی وجہ سے فلم کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوئی تھی۔ بعد ازاں اسے رواں سال فروری میں ریلیز کے لیے شیڈول کیا گیا لیکن بالآخر اب یہ فلم 19 مئی کو ریلیز کی گئی۔

فلم کی کہانی ایک ایسے گروہ کے گرد گھومتی ہے جو اپنے مفادات کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہو جاتے ہیں جب کہ گاڑیوں میں دلچسپی کی وجہ سے وہ کبھی کبھی ایسے کارنامے بھی انجام دے دیتے ہیں جو عام آدمی کے بس کی بات نہیں ہوتی۔

فلم ‘فاسٹ ایکس’ سے قبل اس کے نو پارٹ آچکے ہیں اور زیادہ تر کامیاب ہوئے ہیں۔

تو چلیں چند ایسی ہی ہالی وڈ فلموں پر نظر ڈالتے ہیں جو آئندہ دو ماہ کے دوران سنیما میں ریلیزہونے جارہی ہیں اور ان کی ریلیز سے پروڈیوسرز پرامید ہیں کہ شائقین ایک مرتبہ پھر اسی طرح سنیما گھروں کا رخ کریں گے جیسے کہ پہلے کیا کرتے تھے۔

اسپائیڈر مین: اکروس دی اسپائیڈر ورس، پارٹ ون

‘اسپائیڈر مین: اکروس دی اسپائیڈر ورس ‘ اسپائیڈر مین کی اس اینی میٹڈ فرنچائز کا حصہ ہے جس کی پہلی فلم 2018 میں دنیا بھر میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس کامیاب حصے کی طرح ‘ اسپائیڈر مین: اکروس دی اسپائیڈر ورس ‘ کی کہانی بھی مائلز موریلس نامی لڑکے کے گرد گھومے گی جسے ایک ریڈیوایکٹیو مکڑے نے کاٹ کر اسپائیڈر مین بنادیا تھا اور جو ‘اسپائیڈر ورس’ یعنی دوسرے جہانوں کے اسپائیڈر مین کی مدد کرنے کو اپنا فرض سمجھتا ہے۔

‘اسپائیڈر مین ، اکروس دی اسپائیڈر ورس ‘ کو دو حصوں میں ریلیز کیا جائے گا جس کے پہلے پارٹ کی دو جون کو دنیا بھر کے سنیما میں نمائش ہو گی۔

اس فلم کو پہلے اپریل 2022 میں ریلیز کیا جا رہا تھا جس کے بعد کرونا کی وجہ سے اسے اکتوبر 2022 کی ریلیز ڈیٹ دی گئی تھی۔ اب یہ فلم دو جون کو ریلیزہو گی اور امکان ہے کہ پہلی فلم کی طرح باکس آفس پر کامیاب ہو گی۔

ٹرانسفارمرز: رائز آف دی بیسٹ

رواں برس نو جون کو ٹرانسفارمرز سیریز کی ساتویں فلم ‘ ٹرانسفارمرز: رائز آف دی بیسٹ’ریلیز ہو گی جو دراصل پانچ سال قبل آنے والی فلم ‘بمبل بی’ کا سیکوئل ہونے کے ساتھ ساتھ ‘ٹرانسفارمرز’ کی زمین میں آمد کے بارے میں بتائے گی۔

فلم کی کہانی اوٹوباٹس سمیت ان تمام روبوٹس کے گرد گھومے گی جو انسانوں کی دنیا میں مختلف اشکال میں رہتے ہیں اور مشکل وقت آنے پر ان کی مدد کرتے ہیں۔

اس فلم کو اصل میں جون 2022 میں ریلیز ہونا تھا لیکن مختلف وجوہات کی بنا پر اس کی ریلیز آگے بڑھادی گئی جس میں ٹام کروز کی ‘ٹاپ گن میوررک’ کی کامیابی ایک بڑی وجہ تھی جس کے ڈسٹری بیوشن حقوق بھی پیراماؤنٹ پکچرز کے پاس تھے۔ 27 مئی کو یہ فلم سنگاپور میں ریلیز ہو گی جب کہ امریکہ سمیت دیگر ممالک میں یہ نو جون کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

دی فلیش

یہ بات تو سب ہی ڈی سی فینز جانتے ہیں کہ بیری ایلن نامی نوجوان سپر ہیرو فلیش کیسے بنا لیکن بہت کم لوگوں کو اندازہ ہے کہ جب اپنی ماں کو بچانے کے لیے فلیش نے ماضی کا رخ کیا تو ایسا کرنے کے بعد اس کی زندگی کیسے بدلی۔

سولہ جون کو سپر ہیرو کے مداحوں کو اس سوال کا بھی جواب مل جائے گا کیوں کہ سپر ہیرو فلیش کی پہلی فلم ‘دی فلیش’ اسی روز ریلیز ہو گی۔

‘دی فلیش’ کی ریلیز کو سال کی سب سے بڑی ریلیز اس لیے بھی کہا جارہا ہے کیوں کہ ایک وقت تھا کہ اس فلم کو مکمل کرنا بھی ایک چیلنچ تھا۔ نہ صرف متعدد ہدایت کاروں نے اس فلم پر کام کرکے اسے خیرباد کہا بلکہ کرونا کی وجہ سے بھی اس کی پروڈکشن تاخیر کا شکار ہوئی۔

یہی نہیں فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار ایزرا ملر بھی متعدد بار حوالات کے پیچھے گئے، کبھی ان کے پاس سے منشیات برآمد ہوئیں تو وہ کبھی کسی نجی ہوٹل میں جھگڑے کی وجہ سے جیل جاتے۔ ایک موقع پر تو فلم کے پروڈیوسرز نے بھی عندیہ دیا تھا کہ انہیں ‘دی فلیش’ مکمل ہوتے نظر نہیں آتی۔

‘دی فلیش’ کوپہلے مارچ 2018 میں ریلیز ہونا تھا پھر اسے جولائی 2022 کی ریلیز ڈیٹ دی گئی تھی۔ لیکن پھرر تاریخ بدلتی گئی اور مداحوں کا انتظار بڑھتا گیا اور اب یہ فلم 16 جون کو سنیما گھروں میں دیکھی جاسکے گی۔

انڈیانا جونز اینڈ دی ڈائل آف ڈیسٹنی

سنیما کے لیے بہت کم ایسے اوریجنل کردار لکھے گئے ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ مزید مقبول ہوتے رہتے ہیں۔ اداکار ہیرسن فورڈ کا انڈیانا جونز بھی ایک ایسا ہی کردار ہے جو گزشتہ پانچ دہائیوں سے مداحوں کو محظوظ کرنے میں مصروف ہے۔

تیس جون کو جب یہ کردار 15 برس بعد پانچویں اور آخری مرتبہ سنیما کی زینت بنے گا تو اس میں 80 سالہ ہیرسن فورڈ کو ایک مرتبہ پھر ایک ایسے مشن پر دیکھا جاسکے گا جس کا مقصد انسانیت کو بچانا ہے۔

فلم کی ریلیز کو جہاں کرونا نے آگے بڑھایا وہیں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار کی انجری کی وجہ سے بھی تاخیر ہوئی۔

پہلے یہ فلم جولائی 2019 میں ریلیز ہونے والی تھی لیکن پھر اسے آگے بڑھاکر اس کی ریلیز کی تاریخ جولائی 2021 طے کی گئی۔ لیکن عالمی وبا کی وجہ سنیما کی بندش نے پروڈیوسر ز کو فلم کی ریلیز مؤخر کرنے پر مجبور کیا۔ گو کہ فلم 18 مئی کو کان فلم فیسٹیول میں مخصوص ناظرین کو دکھائی گئی لیکن اب یہ 30 جون کو تھیٹر میں ریلیز ہو گی۔

مشن امپاسبل، ڈیڈ ریکنگ، پارٹ ون

گزشتہ برس اداکار ٹام کروز کی فلم ‘ٹاپ گن میورک’ شائقین کو سنیما گھروں میں واپس لائی۔ اس سال وہ 14 جولائی کو اپنی مشہور سیریز ‘مشن امپاسبل’ کے ساتویں پارٹ کے ساتھ ایک مرتبہ پھر شائقین کو محظوظ کرنے آرہے ہیں۔

چودہ جولائی کو سنیما کی زینت بننے والی اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے پارٹ ون اور پارٹ ٹو کی شوٹنگ بیک وقت ہوئی اسی وجہ سے جب فلم کے پروڈکشن اسٹاف میں سے چند افراد کرونا سے متاثر ہوئے تو دونوں فلموں کی ریلیز اس سے متاثر ہوئی۔

پہلے ‘ڈیڈ ریکنگ پارٹ ون’ کو جولائی 2021 میں ریلیز ہونا تھا جس کے بعد اس کی تاریخ کو آگے بڑھا کر پہلے نومبر 2021 اور پھر مئی 2022 مقرر کی گئی لیکن جب ستمبر 2022 میں بھی فلم کی ریلیز ممکن نہ ہوسکی تو اسے جولائی 2023 کی ریلیز ڈیٹ دے دی گئی۔

سن 2022 میں ‘ٹاپ گن’ کے سیکوئل کے بعد اس فلم کا آگے بڑھنا نہ تو پروڈیوسر و اداکار ٹام کروز پر بھاری گزرا نہ ہی اس سے ڈسٹری بیوٹر پیراماؤنٹ پکچرز کو فرق پڑا کیوں کہ ‘ٹاپ گن میورک’ کی کامیابی سے وہ دونوں مطمئن ہوگئے تھے۔

عمیر علوی – وائس آف امریکہ

About the author

Omair Alavi

عمیر علوی ایک بہت معزز صحافی، تنقید کار اور تبصرہ نگار ہیں جو خبروں، کھیلوں، شوبز، فلم، بلاگ، مضامین، ڈرامہ، جائزوں اور پی ٹی وی ڈرامہ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وسیع تجربے اور داستان سوزی کی خصوصیت کے ساتھ، وہ اپنے دلچسپ تجزیوں اور دلکش تقریروں کے ذریعے حاضرین کو مسحور کرتے ہیں۔ ان کی ماہری اور تعاون نے انہیں میڈیا اور تفریحی صنعت کا اہم شخصیت بنا دیا ہے۔