شوبز

سال 2020 میں وفات پانے والی نامور ہالی وڈ شخصیات

Written by Omair Alavi

ویب ڈیسک — 

ویسے تو ہر سال ہی کچھ ہالی وڈ ستارے اپنے مداحوں سے بچھڑتے ہیں لیکن سال 2020 میں نہ صرف بچھڑنے والوں کی تعداد زیادہ رہی بلکہ رواں سال اس فہرست میں کئی نام ور فن کار بھی شامل تھے۔

اس سال جہاں ہالی وڈ کے گولڈن دور کے ہیرو کرک ڈگلس کی 103 سال کی عمر میں طبعی موت واقع ہوئی، وہیں بلیک پینتھر اسٹار چیڈویک بوسمین صرف 43 سال کی عمر میں چل بسے۔

سالِ رواں کے دوران اکیڈمی ایوارڈ ونر اولیویا ڈی ہیوی لینڈ اور شان کونری نے اپنے بھی اپنے مداحوں سے رخصت چاہی جب کہ مشہور اطالوی کمپوزر اینیو موری کون بھی اپنے چاہنے والوں کو افسردہ کر گئے۔

کرک ڈگلس، 5 فروری

اسٹیج اور اسکرین پر چھ دہائیوں تک راج کرنے والے ہالی وڈ اداکار کرک ڈگلس 103 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کی مشہور فلموں میں چیمپئن، لسٹ فار لائف، پاتھس آف گلوری، دی وائیکنگز اور اسپارٹکس شامل ہیں۔

انہیں تین مرتبہ اکیڈمی ایوارڈز کی بہترین اداکار کی کیٹگری میں نامزد کیا گیا تھا۔ وہ آسکر جیتنے والے اداکار مائیکل ڈگلس کے والد تھے۔

میکس وون سیڈو، 8 مارچ

ویسے تو موجودہ نسل میکس وون سیڈو کو شہرہ آفاق فینٹیسی ڈرامہ سیریز گیم آف تھرونز کی وجہ سے زیادہ جانتی ہے۔ لیکن سوئیڈن سے تعلق رکھنے والے اس اداکار نے اپنے 70 سالہ کریئر میں لاتعداد یورپی اور ہالی وڈ فلموں میں کام کیا۔ اونلی اے مدر سے کام شروع کرنے والے اداکار نے دی ایکزورزسٹ، اسٹار وارز: دی فورس اویکنس اور مائنارٹی رپورٹ جیسی ہٹ فلموں میں بھی اداکاری کی۔

برائن ڈینیہی، 15 اپریل

برائن ڈینیہی کو اگر 80 کی دہائی کا سب سے خطرناک ولن کہا جائے تو غلط نہ ہو گا۔ ریمبو، گورکی پارک، سلوراڈو اور لیگل ایگلز جیسی معروف ہالی وڈ فلموں میں ولن کا کردار ادا کرنے والے اداکار بھی اس سال اپنے مداحوں کو افسردہ چھوڑ گئے۔ 81 سالہ اداکار نے ہالی وڈ میں فلموں کے ساتھ ساتھ کئی ٹی وی شوز میں بھی اداکاری کی جن میں کوجیک، ہنٹر اور بلیک لسٹ شامل ہیں۔

جوئل شوماکر، 22 جون

ہالی وڈ کے ٹاپ ہدایت کار جوئل شوماکر 80 برس کی عمر میں چل بسے۔ انہوں نے بیٹ مین سیریز کی دو فلموں کے ساتھ ساتھ اے ٹائم ٹو کل، ایٹ ایم ایم، بیڈ کمپنی اور ٹریس پاس جیسی فلمیں ڈائریکٹ کیں۔

کارل رائینر، 29 جون

معروف اداکار اور کامیڈین کارل رائنر 98 سال کی عمر میں اپنے چاہنے والوں سے بچھڑ گئے۔ موجودہ نسل انہیں ‘اوشنز’ فلم سیریز میں ساؤل بلوم کے کریکٹر کی وجہ سے پہچانتی ہے۔ لیکن انہوں نے ہدایت کاری اور اسکرپٹ رائٹنگ کے ساتھ ساتھ تھیٹر پر بھی بہت کام کیا۔

اینیو موریکون، 6 جولائی

ہالی وڈ کی لاتعداد فلموں کی موسیقی ترتیب دینے والے اطالوی کمپوزر اینیو موری کون بھی اس سال 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ انہوں نے کلنٹ ایسٹ وڈ کی مشہور فلموں فار اے فیو ڈالرز مور، اے فسٹ فل آف ڈالرز اور ‘دی گڈ، دی بیڈ اینڈ دی اگلی’ کے بیک گراؤنڈ اسکور کے ساتھ ساتھ حال ہی میں ریلیز ہونے والی دی ہیٹ فل ایٹ کی موسیقی بھی ترتیب دی جس پر انہیں ان کے 70 سالہ طویل کریئر کا واحد اکیڈمی ایوارڈ ملا۔

اولیویا ڈی ہیوی لینڈ، 26 جولائی

ہالی وڈ کے گولڈن ایرا کی نامور اداکارہ اور دی ایڈونچرز آف رابن ہڈ اور گون ود دا ونڈ سے شہرت پانے والی امریکی اداکارہ اولیویا ڈی ہیوی لینڈ بھی اس سال 104 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ انہیں ایک نہیں دو مرتبہ اکیڈمی ایوارڈ جیتنے کا اعزاز بھی حاصل ہے جو انہوں نے ٹو اِیچ ہز اون اور دی ایئریس میں اداکاری پر جیتے۔

چیڈویک بوسمین، 28 اگست

سپر ہیرو ‘بلیک پینتھر’ کا کردار نبھانے والے ہالی وڈ اداکار چیڈوک بوسمین اسی سال کینسر کے باعث انتقال کر گئے۔ 43 سالہ اداکار کی دیگر مشہور اور سپر ہٹ فلموں میں گیٹ آن اپ، کپیٹن امریکہ: سول وار، بلیک پینتھر، دی ایونجرز: انفنیٹی وار، اور دی ایونجرز اینڈ گیم شامل ہیں۔

ڈیانا رگ، 10 ستمبر

ویسے تو ہالی وڈ میں کئی بانڈ گرلز گزری ہیں لیکن اگر کسی اداکارہ کو مسز جیمز بانڈ بننے کا اعزاز حاصل ہوا تو وہ تھیں برطانوی اداکارہ ڈیانا رگ۔ انہوں نے نہ صرف 60 کی دہائی میں ‘دی ایونجرز’ جیسی مشہور سیریز میں کام کیا بلکہ فینٹیسی ڈراما سیریز ‘گیم آف تھرونز’ میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

ایڈی وین ہیلن، 6 اکتوبر

معروف گٹارسٹ اور راک بینڈ وین ہیلن کے شریک بانی ایڈی وین ہیلن بھی اسی سال کینسر کے خلاف جنگ ہار گئے۔ 65 سالہ ڈچ امریکی موسیقار کا سب سے مشہور گانا ’جمپ‘ تھا جس نے 80 کی دہائی میں میوزک چارٹس میں تہلکہ مچا دیا تھا۔

شان کونری، 31 اکتوبر

جیمز بانڈ کا کردار نبھانے والے شان کونری بھی اس سال 90 برس کی عمر میں زندگی کی بازی ہار گئے۔ ان کا شمار ساٹھ کی دہائی سے نوے کی دہائی تک کے ٹاپ ہالی وڈ ایکشن ہیروز میں ہوتا تھا۔ انہیں 1987 میں ‘دی ان ٹچ ایبلز’ میں بہترین معاون اداکاری پر اکیڈمی ایوارڈ ملا۔

ان کی دیگر یادگار فلموں میں ڈاکٹر نو، تھنڈر بال، انڈیانا جونز اینڈ دی لاسٹ کروسیڈ، دی ان ٹچ ایبلز، دی راک اور اینٹریپمنٹ شامل ہیں۔

جان لی کارے،12 دسمبر

رواں سال کے آخری مہینے میں معروف برطانوی رائٹر جان لی کارے 89 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ان کے ناولز پر بنی فلمیں دی اسپائی ہو کیم ان فرام دی کولڈ، دی رشیا ہاؤس، دی کونسٹنٹ گارڈنر، ٹنکر ٹیلر سولجر اسپائے، اے موسٹ وانٹڈ مین اور دی نائیٹ مینیجر لوگوں میں بے حد مقبول ہوئیں۔

اسی سال فلم اسٹار جان ٹریوولٹا کی اہلیہ اداکارہ کیلی پریسٹن، اسٹار وارز سیریز میں ڈارتھ ویڈر کا لباس پہن کر ایکٹنگ کرنے والے ڈیوڈ پراؤز، فلم ڈرٹی ہیری اور کوبرا میں پولیس افسر کا کردار ادا کرنے والے رینی سینٹونی، معروف برطانوی اداکار این ہوم، جیمز بانڈ کی فلم گولڈ فنگر میں پسی گیلور کے کردار سے شہرت پانے والی آنر بلیک مین، اور معروف پروڈیوسر کین اسپیئرز بھی وفات پا گئے۔

Omair Alavi – BOL News

About the author

Omair Alavi

عمیر علوی ایک بہت معزز صحافی، تنقید کار اور تبصرہ نگار ہیں جو خبروں، کھیلوں، شوبز، فلم، بلاگ، مضامین، ڈرامہ، جائزوں اور پی ٹی وی ڈرامہ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وسیع تجربے اور داستان سوزی کی خصوصیت کے ساتھ، وہ اپنے دلچسپ تجزیوں اور دلکش تقریروں کے ذریعے حاضرین کو مسحور کرتے ہیں۔ ان کی ماہری اور تعاون نے انہیں میڈیا اور تفریحی صنعت کا اہم شخصیت بنا دیا ہے۔