اسپورٹس

داماد کے بعد اب سسر کی باری ہے فائنل جیتنے کی

Written by Omair Alavi

کراچی — قطر میں جاری لیجنڈز کرکٹ لیگ 2023 کا فائنل پیر کو ایشیا لائنز اور ورلڈ جائنٹس کی ٹیموں کے درمیان دوحہ میں کھیلا جائے گا۔

سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی ایشیا لائنز کی قیادت کر رہے ہیں جب کہ مخالف کی ٹیم کی قیادت حال ہی میں ریٹائر ہونے والے آسٹریلوی بلے باز ایرون فنچ کے پاس ہے۔

اس سیریز میں تیسری ٹیم انڈیا مہاراجاز کی تھی جس کی قیادت گوتم گمبھیر نے کی تھی۔ جسے ایلی منیٹر میچ میں ایشیا لائنز کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

لیجنڈز کرکٹ لیگ میں وہ تمام کھلاڑی ایکشن میں نظر آرہے ہیں جو انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔

پیر کو ایشیا لائنز اور ورلڈ جائنٹس کے درمیان فائنل سے قبل سابق فاسٹ بالر شعیب اختر کی شیئر کردہ ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ان کے شاہد آفریدی کے ساتھ ایک دلچسپ مکالمہ ہے۔

یہ ویڈیو انہوں نے ٹیم بس میں ایلی منیٹر میچ کے بعد بنائی تھی جس میں شاہد آفریدی نے اعلان کیا کہ ا ن کی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی ہے۔

شعیب اختر نے شاہد آفریدی کو یاد دلایا کہ ان کے داماد شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں لاہور قلندرز کی ٹیم پاکستان سپر لیگ کا فائنل جیت چکی ہے جس پر شاہد آفریدی نے کہا کہ ‘اب فائنل جیتنا بہت ضرور ی ہے، اب تو ٹسل ہوگئی ہے۔ وہ (شاہین آفریدی)جیت سکتا ہے تو ہم بھی جیت سکتے ہیں۔’

شاہد آفریدی نے اس ویڈیو میں نظر آنے والے عبدالرزاق، مصباح الحق، سہیل تنویر سمیت تمام کھلاڑیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘میرے پاس ساری پرانی بندوقیں ہیں لیکن اچھی بات یہ ہے کہ سب چلتی ہیں۔’


واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں لاہور قلندرز نے ہفتے کو پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں
ایڈیشن کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو ایک رنز سے شکست دی تھی۔ اس کامیابی کے بعد شاہین شاہ آفریدی پی ایس ایل ٹائٹل کا دفاع کرنے والے پہلے کپتان بن گئے ہیں۔

شاہین آفریدی کی رواں برس فروری میں ہی شاہد آفریدی کی صاحبزادی انشا سے شادی ہوئی ہے۔ شادی کے فوراً بعد ہی ان کی کرکٹ کی مصروفیات بڑھ گئی تھیں جب کہ ان کے سسر شاہد آفریدی بھی قطر میں لیجنڈز لیگ میں مصروف ہیں۔

ایشیا لائنز کے پاس حال ہی میں ریٹائر ہونے والے محمد حفیظ اور سہیل تنویر ہیں جب کہ محمد عامر بھی اس ٹیم کا حصہ ہیں۔ سری لنکا کے اپل تھرانگا اور تھیسارا پریرا کے ساتھ ساتھ تلکراتنے دلشن بھی اس ٹیم میں شامل ہیں جب کہ افغانستان کے اصغر افغان بھی ایشیا لائنز کے اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

ایرون فنچ کی قیادت میں ورلڈ جائنٹس کے اسکواڈ میں شین واٹسن، بریٹ لی، ہاشم آملہ، یاک کیلس، کیون او برائن ، راس ٹیلر، کرس گیل اور ٹینو بیسٹ شامل ہیں۔

Omair Alavi – Voice of America

About the author

Omair Alavi

عمیر علوی ایک بہت معزز صحافی، تنقید کار اور تبصرہ نگار ہیں جو خبروں، کھیلوں، شوبز، فلم، بلاگ، مضامین، ڈرامہ، جائزوں اور پی ٹی وی ڈرامہ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وسیع تجربے اور داستان سوزی کی خصوصیت کے ساتھ، وہ اپنے دلچسپ تجزیوں اور دلکش تقریروں کے ذریعے حاضرین کو مسحور کرتے ہیں۔ ان کی ماہری اور تعاون نے انہیں میڈیا اور تفریحی صنعت کا اہم شخصیت بنا دیا ہے۔